کنیا کماری: انڈین نیشنل کانگریس تمل ناڈو میں ہندوستانی کے جنوبی سرے کنیا کماری سے ’بھارت جوڑو یاترا‘ کا آغاز کرنے جا رہی ہے۔ یاترا شروع ہونے سے کچھ دیر قبل کانگریس لیڈران نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یاترا کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جس طرح نفرت اور تشدد کا ماحول بن گیا ہے اور جس طرح وزیر اعظم سب کچھ دیکھ کر بھی خاموش رہتے ہیں، اس سے ملک میں خانہ جنگی ہونے کا خدشہ ہے۔ کانگریس کی بھارت جوڑو یاترا کا مقصد ملک کے لوگوں کو پھر سے متحد کرنا اور نفرت کو شکست دینا ہے۔
Published: undefined
اشوک گہلوت نے پریس کانفرنس سے کہا کہ ’’بھارت جوڑو یاترا کی اہمیت پورا ملک سمجھ رہا ہے۔ راہل گاندھی نے پارٹی صدر سونیا گاندھی کے مشورے سے اس یاترا کو نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آج ملک میں جس طرح کا نفرت اور تشدد کا ماحول ہے ویسا آزادی کے بعد کبھی پیدا نہیں ہوا تھا، اس سے پورا ملک پریشان ہے۔ ہم نے وزیر اعظم سے لگاتار اپیل کی ہے کہ وہ بیان جاری کریں اور کہیں کہ وہ تشدد کو برداشت نہیں کریں گے، مگر انہوں نے ایسا نہیں کیا۔ ملک میں ذات، مذہب اور فرقوں کے نام پر نفرت پیدا ہو گئی ہے اور اگر ملک کو نہیں سنبھالا گیا تو خانہ جنگی بھی ہو سکتی ہے۔ راہل گاندھی یاترا سے قبل مہاتما گاندھی کے سابرمتی آشرم گئے، مہاتما گاندھی کو پوری دنیا میں عدم تشدد کے لئے یاد کیا جاتا ہے۔ لہذا یاترا کا مقصد عدم تشدد کے پیغام کو عام کرنا اور ملک کو متحد کرنا ہے۔‘‘
Published: undefined
انہوں نے مزید کہا کہ ’’راہل گاندھی آج صبح سب سے پہلے سری پیرمبدور گئے جہاں ہمارے محبوب لیڈر راجیو گاندھی شہید ہوئے تھے۔ راہل گاندھی نے وہاں کہا کہ انہوں نے نفرت کے سبب اپنے والد کو کھویا ہے۔ انہوں نے اپنی دادی اور والد دونوں کو نفرت کی سیاست کی وجہ سے کھویا ہے۔ ایک نوجوان جو ملک سے محبت کرتا ہے وہ کہہ رہا ہے کہ وہ ملک کو اس نفرت کی نذر نہیں ہونے دے گا۔ تو اس کے جذبات کو سمجھنا چاہئے۔‘‘
Published: undefined
اشوک گہلوت نے مزید کہا ’’ہم بار بار کہتے ہیں کہ وزیر اعظم مودی اس یاترا کی روح کو سمجھنے کی کوشش کریں، اب بھی وقت ہے کہ وہ اس بات کو سمجھیں، اگر انہوں نے توجہ نہیں دی تو نئی نسل انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔ ملک کی تاریخ کو وہ ملک کے سامنے صحیح طریقہ سے پیش نہیں کرتے۔ جس وقت آزادی حاصل ہوئی تھی ملک میں کیا بنتا تھا، آپ پنڈت جواہر لال نہرو کے نام کو مٹا رہے ہیں۔ انہوں نے کتنی بڑی قربانیاں ملک کے لئے دیں آپ نہیں بتا رہے۔ کیا جواہر لال نہرو کے بغیر کوئی ’آزادی کے امرت مہوتسو‘ کا تصور کر سکتا ہے‘‘۔
Published: undefined
انہوں نے کہا ’’یہ ان کی بھول ہے کہ وہ ہماری قابل فخر تاریخ کو مٹا کر اپنی نئی تاریخ بنا دیں گے، یہ ملک ایسا کبھی نہیں ہونے دے گا۔ اہم سب مل کر اس ملک کو متحد رکھیں گے۔ اس کے لئے آزادی سے پہلے اور بعد میں کتنی ہی عظیم شخصیات نے اپنی جان قربان کر دی۔ ہم سب کو اس ملک میں پیار، محبت اور بھائی چارے سے رہنا چاہئے اور یہی پیغام عام کرنا اس یاترا کا مقصد ہے۔‘‘ وہیں، دگوجے سنگھ نے کہا ’’مختلف مذاہب کے لوگوں میں نفرت پیدا کی جا رہی ہے، آئین پر حملہ ہو رہا ہے، لہذا بھارت جوڑو یاترا ملک کے لئے ہو رہی ہے۔
Published: undefined
یاترا پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا ’’راہل گاندھی سری پیرمبدور سے لوٹنے کے بعد یہاں کے دیوتا تھریولور کے مندر جائیں گے، اس کے بعد ویویکانند میموریل جائیں گے اور اس کے بعد کامراج منڈپم اور گاندھی منڈپم میں جائیں گے، اس کے بعد وہ یاترا میں شامل ہوں گے۔ گاندھی منڈپم میں ہمارے سینئر لیڈران اور سول سوسائٹی کی اہم شخصیات موجود رہیں گی۔ وہاں تمل ناڈو، راجستھان اور چھتیس گڑھ کے وزرائے اعلیٰ کھادی سے تیار کردہ قومی پرچم راہل گاندھی کو سونپا جائے گا۔‘‘
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز