نئی دہلی: چوہان بانگر وارڈ نمبر 41 ای میں میونسپل کارپوریشن ضمنی الیکشن کی تیاریاں پورے شباب پر ہیں اور آئندہ 28 فروری کو ووٹنگ ہونی ہے۔ آج کانگریس اُمیدوار چودھری زبیر احمد کی حمایت میں یہاں ایک پر وقار جلسے کا انعقاد کیا گیا۔ جلسہ میں مشہور شاعر و کانگریس لیڈر عمران پر تاپ گڑھی نے بطور خاص شرکت کر لوگوں سے چودھری زبیر احمد کو ووٹ دینے کی اپیل کی۔
Published: undefined
خطاب کے دوران عمران پر تاپ گڑھی نے اپنی شاعری سے عوام کے جذبوں کو مضبوطی دینے کا کام بھی کیا۔ چوہان بانگر وارڈ کے عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے عمران نے کہاکہ ’’آپ لوگوں کو پنجاب میں ہوئے انتخابات سے سبق لینے کی ضرورت ہے۔ وہاں کے لوگوں کو خالصتانی کہا گیا تو انہوں نے اپنے ووٹ کا زبر دست استعمال کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی اور بی جے پی کا سوپڑا صاف کر دیا۔‘‘ انہوں نے مزید کہاکہ اگر کوئی آپ کے وجود پر انگلی اٹھائے اور آپ کی نسل پر حملہ کرے تو آپ کو تمام رشتوں سے پرے ہٹ کر غور وفکر کرنے کی ضرورت ہے۔
Published: undefined
چوہان بانگر وارڈ کے تعلق سے عمران پرتاپ گڑھی نے کہاکہ ’’میں نے سنا ہے یہاں تبلیغی مرکز کا بہت ذکر ہوا ہے۔ طرح طرح کی صفائیاں دی گئی ہیں۔ لیکن میں یہاں آکر کھلے عام یہ بات کہہ رہا ہوں کہ وزیر اعلی نے پریس کانفرنس کر کے یہ کہا تھا کہ ایف آئی آر اور گرفتاری ہونی چاہئے۔ تاہم الگ سے فہرست بنا کر کورونا کے اعداد و شمار بتائے جارہے تھے۔‘‘ انہوں نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہاکہ ’’جس کی در و دیوار سے اللہ کے ذکر کی صدائیں اور خوشبو آیا کرتی تھی، قرآن کی تلاوت کی آواز آیا کرتی تھی ، جس دروازے سے فرشتے آیا کرتے تھے، وہ چمن آج ویران ہے۔ اس کا ذمہ دار کون ہے؟ اس بات پر چوہان بانگر وارڈ کے عوام کو سوچنے کی اشد ضرورت ہے۔‘‘
Published: undefined
عمران پرتاپ گڑھی نے کہا کہ ’’یہ کارپوریشن کا الیکشن نہیں ہے، اگر ایسا ہی ہوتا تو وزیر اعلی ، نائب وزیر اعلی ، وزیر ، ایم ایل اے ، کونسلر اور منتری سے لے کر سنتری تک یہاں نہ آتے۔یہ الیکشن اُس احتجاج کا الیکشن ہے جس میں تم کو بتانا ہے کہ اگر تم ہمارے ووٹ کی اہمیت نہیں سمجھتے تو چوہان بانگر کی عوام تم کو ٹھکرا دیں گے۔‘‘ انہوں نے آگے کہا کہ شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی ، کی مخالفت میں ہمارے گھر کی زینت ہماری مائیں، بہنیں اور 80 ،70 بر س کی دادیاں سخت سردی و بارش میں سڑکوں پر تھیں، لیکن کو ئی نمائندہ ان کا حال پوچھنے تک نہیں آیا۔ نیز اس کے باوجود دہلی حکومت کی جھولیاں اپنے قیمتی ووٹوں سے بھر دیں۔انہوں نے عام آدمی پارٹی پر مضحکہ خیز طنز کستے ہوئے کہاکہ چودھری زبیر احمد کی جیت کی ذرا سی آہٹ ملتے ہی مرکز کے تالے کھلوانے کی بات ہو رہی ، کیس واپسی کی بات ہورہی ہے۔
Published: undefined
عمران پرتاپ گڑھی نے کہاکہ یہاں آئی لوگوں کی تعداد بتا رہی ہے کہ جس طرف جوانی چلتی ہے، اس طرف زمانہ چلتا ہے، اور ایک تعلیم یافتہ نوجوان آپ کے درمیان موجود ہے جس کا نام چودھری زبیر ہے۔ اخیر میں انہوں نے کہاکہ ایک سال قبل یہاں فساد ہوا تھا، لوگوں کے گھر جل رہے تھے، لیکن وزیر اعلی فساد متاثرین سے ملنے تک نہیں آئے، لیکن اپنے اُمیدوار کی حمایت میں روڈ شو کرنے چلے آئے۔انہوں نے آگے کہاکہ آئندہ 28 فروری کو چودھری زبیر احمد کو کامیاب بناکر فتح کا پر چم لہرائیں اور میں وعدہ کرتا ہوں آپ کے ساتھ جیت کے جشن میں شرکت کروں گا۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined