’’مکمل اکثریت کے ساتھ وہ حکومت میں ہیں۔ اب وہ کہتے ہیں ’400 پار‘، یعنی انھیں مزید اکثریت چاہیے۔ وہ کہتے ہیں کہ 75 سالوں میں کچھ نہیں کیا گیا، تو اتراکھنڈ میں ایسی ہنر کس طرح وسعت پائی جہاں سے آئی آئی ٹی، آئی آئی ایم اور ملک میں ایمس آئے۔ چاند پر چندریان اترا... اگر پنڈت جواہر لال نہرو نے انھیں نہیں بنایا ہوتا تو کیا یہ ممکن تھا؟‘‘ یہ بیان کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اتراکھنڈ کے نینی تال واقع رام نگر میں ایک عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی لیڈران ہمیشہ کانگریس پر الزام لگاتے رہتے ہیں کہ اس نے کیا کیا، حالانکہ وہ بھول جاتے ہیں کہ کانگریس پارٹی تو گزشتہ دس سالوں میں حکومت ہے ہی نہیں، اقتدار پر تو بی جے پی قابض ہے۔
Published: undefined
اپنی تقریر کا آغاز کرتے ہوئے پرینکا نے کہا کہ ’’اتراکھنڈ سے میری فیملی کا بہت پرانا رشتہ ہے۔ یہاں پر ہمارے بچپن کی کچھ یادیں ہیں۔ میرے والد، بھائی، بیٹے اور میں نے بھی یہاں سے تعلیم حاصل کی ہے۔ ہمیں جب بھی چھٹی ملتی، اپنے بچوں کے ساتھ یہاں گھومنے آتی۔ میں خود کو خوش قسمت مانتی ہوں کہ آج میں یہاں رام نگر آئی ہوں۔‘‘ پھر وہ کہتی ہیں کہ ’’مودی جی نہیں بلکہ ہم سب اتراکھنڈ، ہماچل پردیش کو ’دیو بھومی‘ کہتے ہیں۔ لیکن جب اسی دیو بھومی ہماچل میں شدید آفت آئی تو وہاں نہ مودی جی نظر آئے اور نہ ہی بی جے پی کا کوئی کارکن۔ وہاں کانگریس لیڈران، وزراء اور خود وزیر اعلیٰ راحت پہنچا رہے تھے۔ مودی حکومت نے راحت کا پیسہ آج تک نہیں دیا۔ مودی جی کے لیے دیو بھومی صرف انتخاب کے وقت ہوتی ہے، کیونکہ یہ ان کی عادت بن گئی ہے اور سچائی بہت دور ہے۔‘‘
Published: undefined
مودی حکومت پر حملہ آور رخ اختیار کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’ہندو مذہب میں عقیدہ کا سب سے بڑا ثبوت ’قربانی‘ ہوتا ہے۔ میں نے 19 سال کی عمر میں اپنے والد کی لاش اپنی ماں کے سامنے رکھی ہے۔ میں شہادت اور قربانی کو سمجھتی ہوں۔ یہ میری فیملی کو کتنی بھی گالیاں دیں، میرے شہید والد کی بے عزتی کریں لیکن ہم خاموش رہتے ہیں، کیونکہ یہ ہماری جدوجہد کو نہیں سمجھتے۔ ہم خاموش رہتے ہیں کیونکہ اس ملک کے لیے عقیدہ اور سچی عقیدت ہمارے دل میں ہے۔‘‘
Published: undefined
اگنی ویر معاملے پر کانگریس جنرل سکریٹری نے کہا کہ ’’پی ایم مودی نے یہاں اپنی تقریر میں فوجیوں کی بات کی، لیکن اگنی ویر منصوبہ کون لایا؟ ہزاروں نوجوان فوج میں جانے کے لیے کئی سالوں تک محنت کرتے ہیں، کیونکہ ان میں حب الوطنی کا جذبہ ہوتا ہے۔ ان کو امید ہوتی ہے کہ وہ ملازمت میں رہ کر ملک کے ساتھ ساتھ اپنے والدین کی بھی خدمت کریں گے۔ لیکن مودی جی نے اگنی ویر جیسا منصوبہ لا کر نوجوانوں کی امیدوں کو توڑ دیا۔‘‘ وہ مزید کہتی ہین کہ ’’پی ایم مودی ہیاں پر سیاحت کی بات کرتے ہیں، لیکن یہاں کی سچائی بے روزگاری، مہنگائی اور پیپر لیک ہے۔ یہ سب کس کی حکومت میں ہو رہا ہے؟ 10 سال میں مودی جی نے کیا کیا؟ آخر کانگریس کو کتنا قصوروار ٹھہرائیں گے؟ مودی جی کہتے ہیں- کانگریس نے اتنے سالوں میں کچھ نہیں کیا۔ اگر کانگریس نے کچھ نہیں کیا تو آئی آئی ٹی، آئی آئی ایم، ایمس، اسرو جیسے ادارے ملک میں کیسے آئے؟‘‘
Published: undefined
اپنی تقریر کے دوران پرینکا گاندھی یہ بھی کہتی ہیں کہ ’’پی ایم مودی کہتے ہیں سب بدعنوان ہیں، بس وہی پاک صاف ہیں۔ خود کی تعریف خود ہی کرتے ہیں۔ ای ڈی، سی بی آئی، آئی ٹی کا استعمال کر کے لیڈروں کو اپنی پارٹی میں لانے اور حکومت گرانے میں اتنے مصروف ہیں کہ روزگار، مہنگائی کی بات بھول گئے۔ پھر الیکٹورل بانڈ میں انکشاف ہوا تو چندہ دو-دھندا لو والی بات سامنے آ گئی۔ اب آپ بتائیے کہ بدعنوان کون ہے؟‘‘ حملہ آور رخ اختیار کرتے ہوئے کانگریس لیڈر نے مزید کہا کہ ’’پی ایم مودی بتائیں کہ انکیتا بھنڈاری، جس کا جنھوں نے استحصال کیا اور قتل کیا، ان لوگوں کو تحفظ کس نے دیا؟ اناؤ اور ہاتھرس کی متاثرہ کو جلانے والوں کو تحفظ کس نے دیا؟ منی پور میں ایک فوجی کی بیوی کو برہنہ کر پورے گاؤں کے سامنے گھمانے والوں کو تحفظ کس نے دیا؟ اولمپک میڈل جیت کر آئی خواتین پہلوانوں پر مظالم کرنے والوں کو کس نے تحفظ دیا؟‘‘
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined