قومی خبریں

اگر تکلیف کے وقت پیرول دیا جا سکتا ہے تو خوشی کے موقع پر کیوں نہیں: بامبے ہائی کورٹ

جسٹس بھارتی ڈانگرے اور جسٹس منجوشا دیشپانڈے کی ڈویژنل بنچ نے 9 جولائی کو اپنے حکم میں کہا کہ پیرول اور فرلو کے التزامات کو وقت وقت پر قصورواروں کے تئیں ’انسانی نظریہ‘ کی شکل میں دیکھا گیا ہے۔

بامبے ہائی کورٹ، تصویر آئی اے این ایس
بامبے ہائی کورٹ، تصویر آئی اے این ایس 

بامبے ہائی کورٹ نے ایک شخص کو پڑھائی کے لیے آسٹریلیا جا رہے اس کے بیٹے کو وداع کرنے کے لیے پیرول فراہم کی اور کہا کہ اگر غم بانٹنے کے لیے پیرول دی جا سکتی ہے تو خوشی کے موقع پر بھی یہ ملنی چاہیے۔ عدالت نے کہا کہ قصورواروں کو تھوڑے وقت کے لیے مشروط رِہائی دی جاتی ہے، تاکہ وہ باہری دنیا سے رابطے میں رہ سکیں اور اپنے خاندانی معاملوں کا انتظام کر سکیں، کیونکہ جیل میں رہتے ہوئے بھی مجرم کسی کا بیٹا، شوہر، والد یا بھائی ہوتا ہے۔

Published: undefined

جسٹس بھارتی ڈانگرے اور جسٹس منجوشا دیشپانڈے کی بنچ نے 9 جولائی کو اپنے حکم میں کہا کہ پیرول اور فرلو کے التزامات کو وقت وقت پر قصورواروں کے تئیں ’انسانی نظریہ‘ کی شکل میں دیکھا گیا ہے۔ یہ تبصرہ عدالت نے وویک شریواستو نامی شخص کی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے دیا۔ اس عرضی میں درخواست گزار نے آسٹریلیا کی یونیورسٹی میں اپنے بیٹے کی تعلیم کے لیے ٹیوشن فیس اور دیگر اخراجات کا انتظام کرنے اور اسے وداع کرنے کے لیے پیرول کا مطالبہ کیا تھا۔

Published: undefined

فریق استغاثہ نے اس دلیل کی مخالفت کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ پیرول عام طور پر ایمرجنسی حالات میں دی جاتی ہے اور تعلیم کے لیے پیسے کا انتظام کرنا و بیٹے کو وداع کرنا ایسی بنیاد نہیں ہے جن پر پیرول دی جانی چاہیے۔ ہائی کورٹ نے اس تعلق سے کہا کہ فریق استغاثہ اس دلیل کو سمجھنے میں ناکام رہا۔ عدالت نے بتایا کہ ’’افسوس ایک جذبہ ہے، خوشی بھی ایک جذبہ ہے۔ اور اگر غم بانٹنے کے لیے پیرول دی جا سکتی ہے، تو خوشی کے موقع یا لمحہ کو بانٹنے کے لیے کیوں نہیں۔‘‘ اس کے ساتھ ہی عدالت نے شریواستو کو 10 دنوں کی پیرول دے دی۔

Published: undefined

واضح رہے کہ شریواستو کو 2012 کے ایک قتل معاملے میں قصوروار ٹھہرایا گیا تھا اور وہ تاحیات قید کی سزا کاٹ رہا ہے۔ اسے 2018 میں قصوروار ٹھہرایا گیا تھا اور 2019 میں اپنی سزا کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل داخل کی تھی۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined