آسام میں اسمبلی انتخابات کی سرگرمیاں عروج پر ہیں۔ کانگریس کے سرکردہ لیڈران تشہیری مہم میں پیش پیش نظر آ رہے ہیں اور آج کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ریاست کے تیج پور علاقہ میں ریلی کے دوران بی جے پی پر خوب حملہ کیا۔ انھوں نے شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کا تذکرہ کرتے ہوئے اس کی خامیاں لوگوں کے سامنے ظاہر کیں اور واضح لفظوں میں کہا کہ اگر ریاست میں کانگریس کی حکومت بنتی ہے تو کسی بھی حال میں اس کو نافذ نہیں ہونے دیا جائے گا۔
Published: undefined
سی اے اے کے تعلق سے ریلی میں تقریر کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’ہم ایسا قانون بنائیں گے جس سے سی اے اے یہاں نافذ نہیں ہوگا۔‘‘ اس دوران پرینکا گاندھی نے بی جے پی حکومت کی جانب سے کیے گئے وعدوں کو یاد دلاتے ہوئے کہا کہ ’’موجودہ حکومت نے آپ سے کیے ہوئے وعدے پورے نہیں کیے اور آپ کی پہچان پر بھی حملہ کیا۔ لیکن ہم وعدہ نہیں کر رہے ہیں بلکہ آپ کو گارنٹی دے رہے ہیں۔ یہ گارنٹی آپ کے مستقبل کو بہتر بنانے کے لیے ہے۔‘‘
Published: undefined
آسام کی گھریلو خواتین کے تعلق سے ایک بڑا اعلان پرینکا گاندھی نے اپنے خطاب کے دوران کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’کانگریس کی حکومت آنے پر گھریلو خواتین کو فی ماہ 2000 روپے ’گرہنی سمّان راشی‘ کی شکل میں دی جائے گی۔‘‘ کانگریس کے دیگر منصوبوں کے بارے میں بتاتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’کانگریس کی حکومت بنتے ہی بجلی کے 200 یونٹ تک کوئی پیسہ نہیں لیا جائے گا اور اس سے ہر مہینے 1400 روپے کی بچت ہوگی۔ ہم چائے کے باغان کے مزدوروں کو روزانہ 365 روپے کا محنتانہ دیں گے۔ ہم نوجوانوں کو 5 لاکھ روزگار بھی مہیا کرائیں گے۔‘‘
Published: undefined
واضح رہے کہ آسام میں اسمبلی انتخاب کے اعلان کے بعد پرینکا گاندھی ریاست کے دو روزہ دورے پر ہیں اور ریلیوں کے ذریعہ بی جے پی کے خلاف ماحول بنانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ پرینکا گاندھی کوشش کر رہی ہیں کہ انتخابات میں زیادہ سے زیادہ سیٹ جیت کر ریاست میں کانگریس کی حکومت بنائی جائے تاکہ عوامی فلاح کے کام شروع کیے جا سکیں۔ آسام میں 126 اسمبلی سیٹوں کے لیے تین مراحل میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔ پہلے مرحلہ میں 27 مارچ کو ووٹنگ ہوگی، جب کہ دوسرے مرحلہ میں یکم اپریل کو اور تیسرے مرحلہ میں 6 اپریل کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ 2 مئی کو ووٹوں کی گنتی ہوگی۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined