قومی خبریں

لوک سبھا انتخابات سے قبل رام مندر نہیں بنا تو خود سوزی کرلوں گا : مہنت پرمہنس

مہنت پرم ہنس داس کے مطابق یو پی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی رام مندر معاملہ میں خود ان سے ملنا چاہتے ہیں اور اس ملاقات کا وقت جلد طے کیا جائے گا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

اجودھیا: اجودھیا واقع شری رام جنم بھومی پر مندر کی تعمیر کے سلسلے میں بھوک ہڑتال کرنے والے تپسوی چھاؤنی کے مہنت پرمہنس داس نے خبردار کیا ہے کہ اگر مرکزی حکومت نے لوک سبھا انتخابات سے پہلے رام مندر کی تعمیر نہیں کی تو وہ خودسوزی کرلیں گے۔ مسٹر داس نے ہفتہ کے روز اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ سے ملاقات کرنے کے بعد اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’وزیر اعلی کی یقین دہانی کے بعد انہوں نے اپنی بھوک ہڑتال آج ختم کرلی ۔وزیر اعلی نے انار کا جوس پلا کر میری بھوک ہڑتال ختم کی اور کہا کہ رام مندر کا معاملہ اکیلے میرے بس کی بات نہیں ہے۔ اس لیے میں بہت جلد آپ کی ملاقات وزیر اعظم نریندر مودی سے کراوں گا اور اگر ضرورت پڑے گی تو صدر سے بھی ملنے کو تیار ہوں۔‘‘

مہنت کے مطابق مسٹر یوگی نے ان سے کہا ہے کہ ’’جب سے میں نے وزیر اعظم کو بتایا کہ اجودھیا میں مندر کی تعمیر کے سلسلے میں سنت بھوک ہڑتال کررہے ہیں، تو وہ بھی آپ سے ملنا چاہتے ہیں۔ ان سے ملنے کا وقت جلد ہی لے لیا جائے گا۔‘‘ پرمہنس داس مزید کہتے ہیں کہ ’’جب رات کے وقت انتظامیہ نے مجھے بھوک ہڑتال کی جگہ سے اٹھایا تو اس سے مجھے کافی تکلیف پہنچی۔ انتظامیہ نے مجھے یہاں سے رات میں 11.30 بجے لکھنؤ کے پی جی آئی اسپتال میں داخل کرا دیا۔ اس کے بعد بھی میں بھوک ہڑتال پر رہا۔ ڈاکٹروں نے زبردستی مجھے ڈرپ لگایا۔‘‘

Published: 13 Oct 2018, 10:08 PM IST

سنت اس تعلق سے آگے بتاتے ہیں کہ ’’ڈاکٹروں کے مطابق میرے جسم کے حصے بہت کمزور ہو چکے ہیں۔ اگرمجھے اسپتال میں داخل نہ کرایا جاتا تو میں کوما میں جا سکتا تھا۔اجودھیا کے ممبر اسمبلی ویدپركاش گپتا مجھ سے برابر پی جی آئی میں ملتے رہے اور انہی کے ذریعے میری ملاقات اتر پردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے ہوئی۔‘‘

مسٹر داس نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے پہلے اگر مندر کی تعمیر نہ کی گئی تو وہ خودسوزی کرلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے تو وہ مہاتما گاندھی کی طرز پر تحریک کریں گے اور اس کے بعد بھی حکومت نے اگر اجودھیا میں مندر کی تعمیر نہیں کرائی تو ان کے پاس یکم دسمبر سے پہلے-پہلے تحریک یا خودسوزی کے علاوہ کوئی چارہ نہیں رہ جائے گا کیونکہ بھگوان شری رام کا مندر مجھے جان سے بڑھ کر پیارا ہے۔

Published: 13 Oct 2018, 10:08 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 13 Oct 2018, 10:08 PM IST