قومی خبریں

’میں ان کو ٹکڑوں میں گھر لائی تھی‘، گجرات میں والد راجیو گاندھی کا تذکرہ کر پی ایم مودی پر حملہ آور ہوئیں پرینکا گاندھی

پرینکا نے کہا کہ ’’میں نے کئی وزرائے اعظم دیکھے، میں یہ نہیں کہہ رہی کہ سبھی میرے کنبہ کے رکن تھے، ہاں اندرا جی تھیں جو ملک کے لیے قربان ہو گئیں، راجیو جی بھی تھے، میں ان کو ٹکڑوں میں گھر لائی۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>تصویر @INCIndia</p></div>

تصویر @INCIndia

 

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ہفتہ کے روز گجرات کا دورہ کیا جہاں ولساڈ میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پی ایم مودی پر زوردار انداز میں حملہ آور ہوئیں۔ انھوں نے کہا کہ وہ اب تک کئی وزرائے اعظم کو دیکھ چکی ہیں، وہ عوام کے سامنے جھوٹ نہیں بولتے تھے، لیکن موجودہ وزیر اعظم جھوٹے بیانات دینے میں ماہر ہیں۔ پرینکا گاندھی نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ برسراقتدار طبقہ (بی جے پی) کی اعلیٰ قیادت بھلے ہی ابھی اس بات (آئین میں تبدیلی) سے انکار کرنے کا دِکھاوا کر رہا ہو، لیکن اگر پارٹی دوبارہ اقتدار میں آئی تو وہ آئین بدل دے گی اور عوام کو ان کے حقوق سے محروم کر دے گی۔

Published: undefined

پی ایم مودی کی آبائی ریاست گجرات کے ولساڈ واقع دھرم پور گاؤں میں ’نیائے سنکلپ ریلی‘ سے خطاب کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے اپنے والد راجیو گاندھی کی شہادت کا بھی تذکرہ کیا۔ انھوں نے پی ایم مودی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ’’میں نے کئی وزرائے اعظم دیکھے ہیں۔ میں یہ نہیں کہہ رہی ہوں کہ وہ صرف میرے کنبہ کے رکن تھے۔ اندرا گاندھی تھیں جو ملک کے لیے قربان ہو گئیں، شہید ہو گئیں۔ راجیو گاندھی جی بھی تھے، میں ان کو ٹکڑوں میں گھر لائی۔ شہید ہو گئے اس ملک کے لیے۔ منموہن سنگھ جی بھی تھے جو اس ملک میں انقلاب لائے... کانگریس پارٹی سے نہ دیکھیں تو (اٹل بہاری) واجپئی جی بھی تھے جو کم از کم مہذب انسان تھے۔ میں دعوے کے ساتھ کہہ سکتی ہوں کہ یہ (نریندر مودی) ملک کے پہلے وزیر اعظم ہوں گے جو آپ کے سامنے اس طرح سے جھوٹ بولتے ہیں۔‘‘

Published: undefined

پرینکا گاندھی دھرم پور گاؤں میں ایس ٹی (درج فہرست قبائل)-ریزرو ولساڈ لوک سبھا سیٹ سے کانگریس امیدوار اننت پٹیل کی حمایت میں انتخابی تشہیر کے مقصد سے یہاں آئی تھیں۔ اس موقع پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’بی جے پی لیڈران اور امیدوار کہہ رہے ہیں کہ وہ آئین بدل دیں گے، لیکن وزیر اعظم مودی اس سے انکار کر رہے ہیں۔ یہ ان کی پالیسی ہے۔‘‘ وہ مزید کہتی ہیں کہ ’’شروع میں وہ اس سے ہمیشہ انکار کریں گے جو وہ کرنا چاہتے ہیں، لیکن اقتدار میں آنے کے بعد وہ اسے نافذ کریں گے۔ وہ عوام کو کمزور کرنے اور انھیں ہمارے آئین میں دیے گئے حقوق سے محروم کرنے کے لیے آئین کو بدلنا چاہتے ہیں۔‘‘

Published: undefined

پی ایم مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے پرینکا گاندھی کہتی ہیں کہ انتخاب کے دوران وہ ’سپرمین‘ کی طرح اسٹیج پر آتے ہیں، لیکن آپ کو انھیں ’مہنگائی مین‘ کی شکل میں یاد رکھنا چاہیے۔ وہ مزید کہتی ہیں کہ ’’بی جے پی لیڈران وزیر اعظم کو طاقتور لیڈر کی شکل میں پیش کرتے ہیں اور (روس-یوکرین جنگ کے ضمن میں) کہتے ہیں کہ وہ چٹکی بجا کر لڑائی رکوا دیتے ہیں۔ تو پھر وہ غریبی کو بھی ایسے ہی کیوں نہیں دور کر پا رہے؟‘‘

Published: undefined

اس دوران پرینکا گاندھی نے اس مرتبہ مرکز میں انڈیا اتحاد کی حکومت بننے کا دعویٰ کیا۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ ان کی پارٹی اقتدار میں آئی تو وہ شہری علاقوں میں 100 دن کے کام کی گارنٹی کے لیے منریگا جیسی روزگار گارنٹی اسکیم لائے گی۔ واضح رہے کہ گجرات کی سبھی 26 لوک سبھا سیٹوں پر تیسرے مرحلہ کے تحت 7 مئی کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ بی جے پی نے 2014 اور 2019 کے عام انتخابات میں ریاست کی سبھی سیٹ جیتنے میں کامیاب ہوئی تھی۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined