حیدرآباد: سننے میں عجیب ضرور لگتا ہے لیکن پہلی مرتبہ کسی جج نے آٹورکشہ میں بیٹھ کر لاچار و معذور شخص کے مقدمہ کی سماعت کی ، جس کی دیکھ بھال اس کے بیٹے نہیں کر رہے تھے۔ یہ واقعہ تلنگانہ کے ضلع کھمم کی عدالت میں پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق ضلع کھمم کے نیلاکونڈا پلی منڈل کے رایا گوڈم کے رہنے والے 71سالہ کے رنگاراؤ نے اپنے ڈسٹرکٹ لیگل سرویسس اتھاریٹی سے شکایت کرتے ہوئے کہاکہ اس کے بیٹے اس کی مناسب طریقہ سے دیکھ بھال نہیں کر رہے ہیں ۔اس نے اپنی عرضی میں لاچاری کا اظہارکرتے ہوئے درخواست کی کہ اس سے انصاف کیاجائے۔
اس درخواست کی سماعت کرتے ہوئے جج نے اس کے دونوں بیٹوں سرینواس راؤاور ستیہ نارائن کو نوٹس بھیجا اور اس معاملہ کی سماعت کے لئے طلب کیا۔رنگاراؤ کا پیر ٹوٹ گیا تھا اور وہ اسپتال میں زیرعلاج تھا تاہم اس معاملہ کی سماعت کیلئے وہ بڑی ہی مشکل سے آٹو میں بیٹھ کر عدالت پہنچا ۔ اس موقع پر اس کے دونوں بیٹے بھی موجود تھے، یہ ضعیف شخص آٹو کے ذریعہ تو عدالت پہنچ گیا تاہم آٹو سے باہر نہیں نکل پایا ، جس پر جج ونود کمارنے ایک انوکھا کام کرتے ہوئے وہیں آٹو کے قریب پہنچ گئے اور آٹو میں بیٹھ کر ہی انہوں نے اس معاملہ کی سماعت کی۔انہوں نے رنگاراؤ کے دونوں بیٹوں کو آٹو رکشہ کے قریب طلب کیا اور تقریبا ً ایک گھنٹہ تک دلائل کی سماعت کی۔اس موقع پر اس لاچار بوڑھے ضعیف شخص نے جج سے شکایت کرتے ہوئے کہاکہ اس کے بیٹے اس کی دیکھ بھال نہیں کرتے اور اس کو ایسے ہی اس کے حال پر چھوڑ دیاگیا ہے۔
Published: undefined
رنگاراؤ نے کہاکہ اس کے علاج کے لئے اس کو رقم کی ضرورت ہے اور طبی اخراجات کے لئے اس کے بیٹے اس کو رقم نہیں دیتے جس سے اس کو شدید مشکلات کاسامنا ہے۔یہ کہتے ہوئے اس کی آنکھیں اشکبار ہوگئیں ۔اس معاملہ کے دلائل کی سماعت کرتے ہوئے جج نے دونوں بیٹوں کی نہ صرف سرزنش کی بلکہ ان کو ہدایت دی کہ وہ اپنے باپ کی مناسب طور پر دیکھ بھال کریں اور ان کا خیال رکھیں۔جج نے اس معاملہ کی آئندہ سماعت اسی ماہ کی 30تاریخ تک ملتوی کردی۔اس طرح جج نے آٹو میں بیٹھ کر اس سارے معاملہ کی سماعت کرتے ہوئے انسانی ہمدردی کی ایک انوکھی مثال قائم کردی۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined