دہلی واقع شاہین باغ میں خواتین کا مظاہرہ دن بہ دن مقبولیت حاصل کرتا جا رہا ہے اور اس مظاہرہ میں اکثر ایسے پروگرام ہوتے رہے ہیں اور تہواروں کو بااثر انداز میں منایا جاتا رہا ہے کہ پوری دنیا کے سامنے ہندو-مسلم بھائی چارے کا بہترین پیغام پہنچتا ہے۔ آج ایک بار پھر کچھ ایسا ہی دیکھنے کو ملا جب ہولی سے ٹھیک ایک رات پہلے شاہین باغ مظاہرہ کے مقام پر ہزاروں خواتین کی موجودگی میں ’ہولیکا دہن‘ کا اہتمام کیا گیا۔ شاہین باغ میں ہولیکا دہن 10 بجے رات میں کرنے کا اعلان پہلے ہی کیا جا چکا تھا اس لیے بڑی تعداد میں ہندو، مسلم اور سکھ طبقہ سے تعلق رکھنے والے لوگ مظاہرہ کے مقام پر پہنچے اور ہندو-مسلم یکجہتی کا بہترین نمونہ دنیا کے سامنے پیش کیا۔
Published: 09 Mar 2020, 11:00 PM IST
شاہین باغ میں ہولیکا دہن سے پہلے آزادی-آزادی کے فلک شگاف نعرے سنائی پڑے اور جب ہولیکا دہن کے لیے چیزیں اکٹھی کی گئیں تو اس میں نو سی اے اے، نو این آر سی اور نو این پی آر لکھی ہوئے پمفلٹ بھی رکھ دیے گئے۔ ان سب کو ہولیکا دہن کے دوران نذر آتش کر دیا گیا۔ اس طرح سے شہریت ترمیمی قانون، قومی شہریت رجسٹر اور قومی آبادی رجسٹر کے خلاف ایک بار پھر شاہین باغ مظاہرہ میں علم بلند کیا گیا۔ جب ہولیکا دہن کے لیے آگ لگائی گئی تو لوگوں کا جوش قابل دید تھا۔ سبھی زوردار آواز میں آزادی کا نعرہ لگا رہے تھے اور وہاں موجود لوگ بلا تفریق مذہب و ملت ایک دوسرے کے نعرے میں شریک بھی ہو رہے تھے۔
Published: 09 Mar 2020, 11:00 PM IST
ہولیکا دہن کے موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد اس طرف واضح اشارہ کر رہی تھی کہ جو لوگ اس مظاہرہ میں لوگوں کی کمی کی باتیں کہہ رہے تھے، وہ غلط فہمی کے شکار تھے کہ یہ مظاہرہ اپنے خاتمے کی طرف جانب ہے۔ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ دنوں دہلی میں تشدد کی افواہوں کی وجہ سے مظاہرہ میں خواتین کی شمولیت کچھ کم ضرور ہوئی تھی، لیکن پھر دھیرے دھیرے سبھی کی آمد شروع ہو گئی ہے۔ اس کی بہترین مثال 8 مارچ کو بھی دیکھنے کو ملی جب شاہین باغ مظاہرہ میں ہزاروں کی تعداد میں خواتین کی بھیڑ جمع ہوئی تھی اور عالمی یوم خواتین کے موقع پر کئی پروگرام کا بھی انعقاد ہوا تھا۔
Published: 09 Mar 2020, 11:00 PM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 09 Mar 2020, 11:00 PM IST