کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے نہرو میموریل میوزیم کا نام تبدیل کرنے پر اپنا ردعمل ظاہر کیا ہے۔ جمعرات یعنی 17 اگست کو انہوں نے کہا کہ نہرو کی پہچان ان کے اعمال ہیں، ان کا نام نہیں۔ راہل گاندھی کا یہ بیان ان کے لداخ کے دورے پر روانہ ہونے سے پہلے آیا ہے۔
یوم آزادی کے موقع پر، نئی دہلی کے تین مورتی کمپلیکس میں واقع نہرو میموریل میوزیم کا نام بدل کر پی ایم میوزیم اینڈ لائبریری رکھ دیا گیا۔ اس سلسلے میں فیصلہ 15 جون 2023 کو راج ناتھ سنگھ کی صدارت میں ہوئی ایک میٹنگ میں لیا گیا، جسے یوم آزادی کے موقع پر رسمی شکل دی گئی۔
راہل گاندھی دو دن کے لداخ کے دورے پر روانہ ہو گئے ہیں ۔ مرکز کے زیر انتظام علاقہ بننے کے بعد راہل گاندھی لداخ کے دورے کے دوران پہلی بار لیہہ اور کارگل جائیں گے۔ اس دوران وہ پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سے ملاقات کریں گے۔ ذرائع کے مطابق سیاسی پروگراموں کے علاوہ راہل لداخ میں بائیک ٹرپ بھی کریں گے۔ راہل کی غیر موجودگی کی وجہ سے لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں آج ہونے والی بہار پردیش کانگریس کی میٹنگ ملتوی کر دی گئی۔
راہل گاندھی اپنے دورے کے دوران کارگل بھی جائیں گے، جہاں اگلے ماہ ہل کونسل کے انتخابات ہونے والے ہیں۔ جس کی وجہ سے راہل کا دورہ کافی اہم مانا جا رہا ہے۔ وہ وہاں کانگریس کارکنوں میں جوش و خروش پیدا کریں گے۔ کارگل ہل کونسل کے انتخابات کے لیے کانگریس نے نیشنل کانفرنس کے ساتھ اتحاد کیا ہے۔
جب راہل گاندھی پارلیمنٹ میں عدم اعتماد کی تحریک پر بول رہے تھے۔ پھر بھارت جوڑو یاترا کی بات کرتے ہوئے انہوں نے کشمیر تک کے سفر کا ذکر کیا تو لداخ کے رکن پارلیمنٹ نے لداخ نہ آنے کی بات کہی، جس پر راہل گاندھی نے جواب دیا کہ وہ جلد وہاں آئیں گے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز