ہریانہ میں اسمبلی انتخاب کی تاریخ جیسے جیسے قریب آ رہی ہے، بی جے پی کے لیے مشکلات بڑھتی جا رہی ہیں۔ جب سے بی جے پی نے 67 امیدواروں پر مشتمل اپنی فہرست جاری کی ہے، تبھی سے استعفوں کا ایک دراز سلسلہ شروع ہو گیا ہے جو آج مزید دراز ہو گیا۔ سابق رکن اسمبلی بلکور سنگھ، سابق وزیر بچن سنگھ آریہ اور سینئر پارٹی لیڈر سیما گیبی پور نے بی جے پی چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔ بلکور سنگھ نے تو سابق وزیر اعلیٰ بھوپندر سنگھ ہڈا اور کماری شیلجا سے ملاقات کرنے کے بعد جلد ہی کانگریس میں شمولیت کا ارادہ بھی ظاہر کر دیا ہے۔ دوسری طرف بچن سنگھ آریہ نے اپنے استعفیٰ نامہ میں لکھا ہے کہ ’’میں بچن سنگھ آریہ اسمبلی حلقہ سفیدوں آج مورخہ 7 ستمبر 2024 کو بی جے پی کی ابتدائی رکنیت اور ریاستی مجلس عاملہ سے استعفیٰ دیتا ہوں۔‘‘
Published: undefined
بلکور سنگھ کالاوالی اسمبلی سیٹ سے ٹکٹ نہ ملنے سے ناراض بتائے جا رہے ہیں۔ اب بلکور سنگھ اپنے ساتھ ساتھ کئی دیگر بی جے پی لیڈران و کارکنان کو بھی کانگریس میں شامل کرنے کے لیے قدم اٹھا چکے ہیں۔ وہ ضلع کونسلر، بلاک کمیٹی کے چیئرمین، بلاک کمیٹی کے کئی اراکین، کئی سرپنچ، کئی سابق سرپنچ، پنچ، سابق میونسپل کونسلر اور بی جے پی کے کئی عہدیداران کے ساتھ کانگریس میں شامل ہونے کے لیے دہلی روانہ ہو گئے ہیں۔
Published: undefined
بلکور سنگھ نے بی جے پی سے استعفیٰ دینے کے بعد کہا کہ ’’میں نے تن من دھن سے پارٹی کی 5 سال خدمت کی۔ بہت سی امیدیں اور بھروسہ لے کر میں نے مشکل حالات میں بھی پارٹی کا پرچم بلند رکھا۔ لیکن مجھے کوئی احترام یا سرکاری عہدہ نہیں دیا گیا۔ اس لیے میں بی جے پی چھوڑ کر کانگریس میں شامل ہونے کا ارادہ کیا ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’جس شخص کو بی جے پی نے ٹکٹ دیا ہے، اس پر سابق وزیر اعلیٰ منوہر لال کھٹر نے سنگین الزام عائد کیے تھے۔ انھوں نے کہا تھا کہ وہ (راجندر دیشوجودھا) نشہ فروخت کرتا ہے۔ مجھے نہیں پتہ تھا کہ وہ کیا کرتا ہے، میرے ساتھ اس کا کوئی رشتہ نہیں تھا۔ مجھے سب کچھ منوہر لال کھٹر کے ذریعہ پتہ لگا۔ انھوں نے الزام عائد کرنے کے بعد اسے پارٹی سے نکال دیا اور مجھے ٹکٹ دیا گیا۔ لیکن اس مرتبہ جس پر پارٹی نے الزام لگایا، اسے ہی ٹکٹ دے دیا۔ اس قدم کا مجھے اور میرے حلقہ کے لوگوں کو بہت تکلیف ہے۔ جب حکومت نے ہی کہا تھا کہ وہ نشہ فروخت کرتا ہے تو اس کا مطلب حکومت اس سے نشہ فروخت کروا رہی تھی۔‘‘
Published: undefined
دوسری طرف بی جے پی کی سینئر لیڈر سیما گیبی پور نے اُکلانا سیٹ سے ٹکٹ نہ ملنے پر پارٹی کے سبھی عہدوں سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بی جے پی نے ٹکٹ تقسیم کرنے میں تنظیم کو نظر انداز کیا ہے۔ دراصل سیما کچھ دن قبل تک اُکلانا اسمبلی سیٹ سے ٹکٹ کی مضبوط دعویدار تصور کی جا رہی تھیں، لیکن پارٹی نے انھیں توجہ نہیں دی۔ بی جے پی نے اس سیٹ سے جے جے پی چھوڑ کر آئے وزیر انوپ دھانک کو میدان میں اتارا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سیما نے بی جے پی پر باہری شخص کو ترجیح دینے کا الزام عائد کیا۔
Published: undefined
سیما کا کہنا ہے کہ انوپ دھانک نے کوئی ترقیاتی کام نہیں کیا، اس لیے ان کے خلاف عوام میں ناراضگی ہے۔ میرا ماننا ہے کہ بی جے پی نے ان کو ٹکٹ دے کر ایک طرح سے یہ سیٹ اپوزیشن کو سونپ دی ہے۔ سیما گیبی پور نے مزید کہا کہ تنظیم کے باہر کے لوگوں کو ٹکٹ دیے جانے سے پارٹی کا کارکن خود کو ٹھگا محسوس کر رہا ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined