نئی دہلی: دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے جہاں گزشتہ 22 مئی 2023 سے عازمین حج کی پروازوں کا سلسلہ جاری ہے، آج دن کے ڈیڑھ بجے سعودی ایئرلائن کی 34ویں پرواز سے حج بیت اللہ کے لیے جانے والی 101 بغیر محرم خواتین عازمین حج کی روانگی ہوئی۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے وزارت امور خارجہ، حکومت ہند میناکشی لیکھی، دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں، ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی اور اسٹاف نے ان تمام خواتین کو مدینہ منورہ کے لیے روانہ کیا۔
Published: undefined
میناکشی لیکھی اور کوثر جہاں نے بغیر محرم خواتین عازمین حج سے ملاقات کر انہیں مبارکباد دی اور ان کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا کہ وہ پوری خیریت اور صحت و سلامتی کے ساتھ حج کی ادائیگی کر کے اپنے ملک عزیز کو واپس آئیں اور دوران حج ملک کی خوشحالی اور امن و سلامتی کی دعاء کریں۔ انہوں نے خواتین عازمین کو مخاطب کرتے ہوئے اظہار خیال کیا کہ خواتین کو بغیر محرم حج پر بھیجنا وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی حکومت کا حج سے متعلق ایک قابل ستائش فیصلہ ہے اور سماج میں عورتوں کو بااختیار بنانے کے لیے کی جا رہی کوششوں میں ایک اہم ترین قدم ہے۔
Published: undefined
حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں کی ذاتی کوششوں سے ایئرپورٹ پر بغیر محرم خواتین عازمین کی سہولیات کے لیے علیحدہ چیکنگ کاؤنٹر، امیگریشن کاؤنٹر اور الگ فرسکینگ کاؤنٹر کا انتظام بھی کروایا گیا۔ واضح ہو کہ آج سفر حج کے لیے مدینہ روانہ ہونے والی 101 بغیر محرم خواتین میں سے ریاست دہلی سے 37، اتر پردیش سے 39، اتراکھنڈ سے 11، بہار سے 06، ہریانہ سے 03، جموں کشمیر سے 04 اور مدھیہ پردیش سے 01 خواتین شامل ہیں۔ اسی کے ساتھ دہلی سے اب تک چونتیس پروازوں کے ذریعہ کل 11775 عازمین حج مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں جس میں مرد عازمین کی تعداد 6206 جبکہ خواتین کی تعداد 5569 ہیں۔ حج پروازوں کا یہ سلسلہ نہایت حسن انتظام اور نظم و ضبط کے ساتھ چل رہا ہے اور آئندہ 06 جون تک جاری رہے گا۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز