حج فریضے کا رکن اعظم ادا کرنے کے لئے آج پیر کے دن میدان عرفات میں جمع لاکھوں عازمین سے مخاطب مسجد نبوی کے امام شیخ حسن بن عبدالعزیز آل الشیخ نے اپنے خطبہ حج میں لوگوں سے تقویٰ اختیار کرنے پر زور دیا۔ اس دوران لاکھوں فرزندان توحید نے اپنے رب سے دعا خیر مانگیں۔
مسجد نبوی کے امام شیخ حسن بن عبدالعزیز آل الشیخ نے خطبہ حج میں کہا کہ اللہ کی جانب سے حکم دیا گیا ہے کہ اپنے والدین، پڑوسیوں، رشتہ داروں کے ساتھ اچھا سلوک رکھنا اور اپنی رعایا کے ساتھ بھی اچھا معاملہ رکھنا، اللہ کی جانب سے یہ بات واضح کر دی گئی کہ اپنے والدین کے ساتھ اچھی گفتگو کرنا اور ان کے ساتھ اف بھی نہیں کرنا اور ان کے لیے دعا کرتے رہنا۔
اخلاق کے حوالے سے خطبہ حج دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو اچھے اخلاق کی وجہ سے بہت سی کامیابیاں حاصل ہوئیں، میں مسلم حکمرانوں، والدین، اساتذہ، ذرائع ابلاغ کو نصیحت کروں کا کہ آپ اخلاق کی بات کریں اور اخلاقیات کا درس دیں، ایسے اخلاق جس سے ہم دنیا و آخرت دونوں میں کامیابی حاصل کرسکیں۔
عازمین کی تعداد 20 لاکھ سے زیادہ بتائی جارہی ہے جوخطبہٴ حج کے بعد حجاج نے ظہر اور عصر کی نمازیں عرفات کے میدان پر ادا کیں، سورج غروب ہونے کے بعد عازمین کی اب اگلی منزل مزدلفہ ہے جہاں وہ آج کی رات گزاریں گے۔
Published: 20 Aug 2018, 10:17 AM IST
اللہ کے مہمانوں کی ہرممکن سہولت و آسانی کا انتظام
سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ نے حج کے موقع پرحرم مکی اور مشاعر مقدسہ کا فضائی جائزہ لیا اور حکومت اور پرائیویٹ سیکٹر کی جانب سے حجام کرام کے لیے فراہم کردہ سہولیات کو کیمرے میں محفوظ کیا۔
’العربیہ ڈاٹ نیٹ‘ کے مطابق خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد کی طرف سے اللہ کے مہمانوں کی ہرممکن آرام وراحت اور سہولت و آسانی کا انتظام کیا گیا ہے تاکہ دنیا بھر سے آئے فرزندان توحید مناسک حج کی ادائی کے دوران کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کریں۔
’ایس پی اے‘ کی کیمرہ ٹیم نے حجاج کرام کی فضائی نگرانی پرمامور سیکیورٹی اداروں کے ہیلی کاپٹرمیں حرم مکی اور مشاعر مقدسہ میں حکومت کی طرف سے فراہم کردہ سہولیات کو کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کیا ہے۔ منیٰ میں استقبال حج سے لے کراختتام حج تک حجاج کرام کو جن جن مقامات سے گذرنا ہے وہاں پر دی گئی سہولیات ک ایک جھلک العربیہ ڈاٹ نیٹ نے اپنے قارئین کے لیے بھی پیش کی ہے۔
Published: 20 Aug 2018, 10:17 AM IST
سفرِ حج کو’خوش گوار‘ بنانے کی ہماری مساعی کی پوری دنیا معترف ہے: گورنر مکہ
خادم الحرمین الشریفین کے مشیر اور مکمہ معظمہ کےگورنر شہزادہ خالد الفیصل نے کہا ہے کہ کسی عوامی اجتماعی کی اتنی زیادہ میڈیا کوریج رواں سال دنیا کے کسی دوسرے مقام پر نہیں دیکھی گئی جتنی کہ اس بار حج کی عظیم الشان کامیابی کی کوریج کی گئی۔
’العربیہ ڈاٹ نیٹ‘ کے مطابق مکہ معظمہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں شہزاد خالد نے کہا کہ ’ حج جیسے ایمان پرور سفر کو مفید اور خوش گوار بنانے کے حوالے سے پوری دنیا سعودی عرب کی انتظامی، سیاسی اور مادی قابلیتوں کی معترف ہے‘۔
Published: 20 Aug 2018, 10:17 AM IST
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے سیکیورٹی اداروں سے منسلک اہلکار بھی جذبہ ایمانی کے ساتھ حجاج کرام کی راحت وآسانی کے لیے کام کرتے ہیں۔ ہمیں ان پر بجا طورپر فخر ہے۔ دنیا میں ایسی کون سی پولیس ہے جو اپنے جوتے تک اتار کر دوسرے کو دے دے۔ خود پیاسا رہے اور اپنے حصے کا پانی کسی حاجی کو پلائے۔ معاصر تاریخ کے سلامتی کے اداروں میں ایسی روایت نہیں پائی جاتی، مگر ہماری پولیس اخلاق حسنہ کے اس جلیل اور عظیم منصب پر فائز ہے جس پرہمیں فخر ہے۔ وہ حجاج سے کہتے ہیں کہ تم بے فکر ہو کر مناسک حج ادا کرتے رہو، ہم تمہارے لیے ہرخدمت بجا لاتے رہیں گے۔
گورنر مکہ نے وضاحت کی کہ حجاج کرام کی ایک سے دوسرے مقام تک منتقلی اور ان کی نقل حرکت کے لیے جدید ترین آلات اور ٹیکنالوجی کا استعمال کررہے ہیں۔ آنے والے وقتوں میں آپ میری اس بات کو یاد کیا کریں گے کہ ہم نے مکہ معظمہ کو دنیا کا سب سے بڑا’اسمارٹ سٹی‘ بنا دیا ہے۔ جمرات پروجیکٹ ہمیں شاہ عبداللہ رحمہ اللہ اور شہزادہ متعب کی خدمات کی یاد دلاتا ہے۔
Published: 20 Aug 2018, 10:17 AM IST
عازمین حج کے عرفات پہنچنے کا سلسلہ جاری
عازمین حج نے اتوار کا دن مِنی میں گزارنے کے بعد آج پیر کے روز حج کا رکن اعظم ادا کرنے کے لیے عرفات پہنچ رہے ہیں۔ متعلقہ ادارے حج سیزن کے دوران سیکورٹی، صحت اور انتظامی امور سے متعلق خدمات انجام دینے میں شب و روز مصروفِ عمل ہیں تا کہ حجاج کرام مکمل امن، سکون اور سلامتی کے ساتھ سہولت سے اپنے مناسک ادا کر سکیں۔
ویب سائٹ العربیہ اردو کے مطابق سعودی وزارت صحت نے عرفات کے مختلف حصوں میں چار اسپتال تیار کیے ہیں جن کی گنجائش 600 بستروں پر مشتمل ہے۔ اس کے علاوہ 46 طبّی مراکز بھی قائم کیے گئے ہیں۔ گُردوں کے مرض میں مبتلا افراد کے لیے ڈائیلیسز کی 49 مشینیں تقسیم کی گئی ہیں۔
عرفات میں 150 طبّی ٹیمیں، 33 ایمرجنسی مراکز اور 26 سے زیادہ کیئر پوائنٹس صحت سے متعلق خدمات کے لیے تیار ہیں۔ اس سلسلے میں 355 اہل کاروں کو مختص کیا گیا ہے۔ ان میں 19 ڈاکٹر، 9 اسپیشلسٹ، 100 رضاکار اور 11 نگرانوں کے علاوہ تکنیکی اور انتظامی عملہ شامل ہے۔
عرفات آنے والے تمام راستوں اور اندرونی سڑکوں پر ٹریفک پولس اور سیکورٹی اہل کاروں کے یونٹس پھیل چکے ہیں تا کہ حجاج کرام کی نقل و حرکت اور سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔
Published: 20 Aug 2018, 10:17 AM IST
ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کی پوری تیاری
اس موقع پر سعودی اسکاؤٹس کے نوجوان بھی بڑی تعداد میں رضاکارانہ طور پر مقامات مقدسہ میں مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ سعودی شہری دفاع کی فورس عرفات میں لاکھوں حجاج کرام کے بیچ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح چاق و چوبند اور تیار ہے۔
اس دوران شہری دفاع ٹیمیں عرفات میں صورت حال کو نظر میں رکھنے کے واسطے گشت میں مصروف ہیں۔ اس کے علاوہ فائر بریگیڈ کے عملے کے پاس باریک بینی سے تیار کیے گئے عرفات کے نقشے ہیں تاکہ کسی بھی مقام پر آگ لگنے یا ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لئے فوری امدادی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
Published: 20 Aug 2018, 10:17 AM IST
بجلی فراہمی کے لئے 1500 سے زیادہ انجینئرز اور انتظامی تکنیک کاروں کی تعیناتی
مکہ مکرمہ اور مقاماتِ مقدّسہ میں حجاج کرام کے لیے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے نیشنل واٹر کمپنی نے مجموعی طور پر 20 لاکھ کیوبک فٹ کے ذخیرے کو مختلف حصوں میں تقسیم کیا ہے۔ بجلی کی مسلسل فراہمی کے لیے 1500 سے زیادہ انجینئرز اور انتظامی تکنیک کاروں کی ٹیمیں ہمہ وقت مستعد ہیں۔
گزشتہ پانچ روز کے دوران سعودی وزارت تجارت و سرمایہ کاری کی نگرانی میں مقامات مقدسہ میں پینے کے پانی کے 4.3 کروڑ سے زیادہ چھوٹے کینز، جوُس، دودھ اور دہی کے 3.5 کروڑ سے زیادہ کینز، 1.3 کروڑ روٹیاں اور خوراک کے 40 لاکھ پارسلز داخل ہوئے۔
Published: 20 Aug 2018, 10:17 AM IST
رواں برس حج سیزن میں سعودی وزارت ثقافت و اطلاعات دنیا بھر سے آئے ہوئے 270 سے زیادہ میڈیا پرسنز کی میزبانی کر رہی ہے۔ فریضہ حج کی کوریج کے سلسلے میں ان شخصیات کا تعلق 120 سے زیادہ ذرائع ابلاغ سے ہے۔
اسلامی امور اور دعوت و ارشاد کی سعودی وزارت نے "مہمانانِ خادم حرمین" پروگرام کے تحت 5400 سے زیادہ مرد اور خواتین حجاج کی میزبانی کے لیے انتظامات مکمل کر لیے۔ خادم حرمین کے خرچ پر آنے والے ان حجاج کا تعلق دنیا کے 94 سے زیادہ ممالک سے ہے۔
Published: 20 Aug 2018, 10:17 AM IST
حج کا اہم رکن اعظم وقوف عرفہ کا سلسلہ شروع
منیٰ سے لے کر میدان عرفات تک ہر جانب بس ایک ہی صدا گونج رہی ہے ’’لَبَّیْکَ اللّهُمَّ لَبَّیْکَ، لَبَّیْکَ لا شَرِیکَ لَکَ لَبَّیْکَ اِنَّ الْحَمدَ وَالنِّعْمَةَ لَکَ وَالْمُلکَ لاشریکَ لَکَ...لَبَّیْکَ اللّهُمَّ لَبَّیْکَ‘‘ (حا ضر ہوں اے اللہ میں حاضر ہوں! تیرا کوئی شریک نہیں، تیرے ہی لئے تعریفیں ہیں، نعمتیں اور بادشاہت تیری ہے، تیرا کوئی شریک نہیں…حاضر ہوں میرے اللہ! میں حاضر ہوں‘۔
آ ج فریضہ حج ادا کیا جائے گا، اتوار کو لاکھوں حاجی منیٰ پہنچے تھے جہاں انھوں نے رات عبادت میں گزاری تاہم منیٰ پہنچتے ہی انہیں طوفانی ہواؤں اور شدید بارش کا سامنا کرنا پڑا۔ حاجی آج صبح نماز فجر کے بعد حج کے اہم رکن اعظم وقوف عرفہ کے لئے میدان عرفات روانہ ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ حجاج دن بھرعرفات کے میدان میں عبادات کریں گے اور مسجد نمرہ میں خطبہ حج سنیں گے جہاں ظہر اور عصر کی قصرنمازیں ایک ساتھ ادا کی جائیں گی، سورج غروب ہونے سے پہلے حجاج کرام مزدلفہ روانہ ہو جائیں گے جہاں وہ مغرب اور عشا کی نمازیں ایک ساتھ قصر کے ساتھ ادا کریں گے۔ مزدلفہ میں رات گزاریں گے اور قیام کے دوران حجاج رمی جمرات کے لیے کنکریاں چنیں گے۔
نماز فجر ادا کرنے کے بعد طلوع آفتاب ہوتے ہی منیٰ روانہ ہوجائیں گے، جہاں پہلے دن سب سے پہلے بڑے شیطان کو کنکریاں ماری جائیں گی۔ رمی کے بعد حجاج جانور کی قربانی اورسر منڈوا کر یا بال کٹوا کر احرام کھول دیں گے۔ اس کے بعد مکہ المکرمہ جا کر مسجد الحرام میں طواف زیارت اور صفا و مروہ کے درمیان سعی کریں گے، بعد ازاں حجاج کرام واپس منیٰ آ جائیں گے۔
Published: 20 Aug 2018, 10:17 AM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 20 Aug 2018, 10:17 AM IST