اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی گجرات انتخابی ریلی کی تصاویر کی وہاٹس ایپ پر بھرمار ہے جس میں خالی کرسیاں پڑی نظر آ رہی ہیں۔ ان تصاویر میں صا ف نظر آ رہا ہے کہ یوگی آدتیہ ناتھ اسٹیج پر بیٹھے ہوئے ہیں اور ان کے پیچھے لگے بینر پر گجراتی میں کچھ لکھا ہوا ہے۔اس بینر پر وزیر اعظم نریندر مودی اور پارٹی صدر امت شاہ کی بھی تصاویر ہیں۔ سب سے آگے والی لائن میں چند لوگ بیٹھے نظرآ رہے ہیں اور ان کے پیچھے خالی کرسیاں پڑی ہیں جبکہ تصویر میں دو پولس والے بھی دکھائی دے رہے ہیں۔
ان تصاویر کے ساتھ جو میسج ہے اس میں یہ بھی لکھا ہوا ہے کہ یہ تصاویر آر کے گوسوامی نامی صحافی نے بھیجی ہیں اور یہ تصاویر ولساڑ کی ہیں۔
یہ دوسری مرتبہ ہے جب وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی گجرات انتخابات کے دوران کی کوئی تصویر سامنے آئی ہے۔ اس سے قبل جو نیوز کلپ آئی تھی اس میں یوگی کو گجرات گورو یاترا میں شرکت کرتے دکھایا گیا تھا اور اس میں بھی عوام نہیں تھی۔ سورت کی جن سڑکوں سے یاترا گزری تھی وہ سڑکیں خالی پڑیں تھیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور پارٹی صدر کے بعد یوگی بی جے پی کے اسٹار کمپینر ہیں۔گجرات سے خصوصی ایلچی اشوک سنگھ یوگی کی انتخابی جلسوں کے پروگرام کو حتمی شکل دینے کے لئے لکھنؤ آئے تھے۔
اتر پردیش کے وزیر اعلی 28نومبر سے 30نومبر تک تین روز تک گجرات میں ہی تھے۔
اشوک سنگھ نے بتایا کہ گجرات میں یوگی کی بہت ڈیمانڈ ہے ’’ہر امیدوار اپنے انتخابی حلقہ میں یوگی کی کم از کم ایک ریلی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ یہ تو ممکن نہیں ہے کہ یوگی جی پورے گجرات میں انتخابی ریلیاں کریں لیکن کچھ منتخب علاقوں میں وہ خطاب کریں گے‘‘۔ لیکن گجرات سے جو تصاویر سوشل میڈیا پر آ رہی ہیں وہ سنگھ کے دعوؤں کو غلط ثابت کر رہی ہیں۔ خالی کرسیاں اس بات کی عکاس ہیں کہ ریلیوں کے منتظمین بھی خالی میدان کو بھرنے میں ناکام ہیں ۔ گجرات کے مقامی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ جن علاقوں میں بہار اور اتر پردیش کے مزدور ہیں وہاں پر یوگی کی بہت ڈیمانڈ ہے۔ لیکن جو رپورٹ آ رہی ہیں وہ زیادہ حوصلہ افزا نہیں ہیں ۔ ابتداء میں لوگوں کے سرد رویہ کے بعد یوگی نے بُھج اور سرحدی اضلاع میں چھوٹی اسٹریٹ میٹنگیں ہی کی ہیں ۔
بی جے پی کے جنرل سکریٹری وجے بہادر پاٹھک کا کہنا ہے کہ وہ ان تصاویر پر کوئی رد عمل ظاہر نہیں کر سکتے کیونکہ اس میں سے اکثر جعلی ہوتی ہیں ۔ لیکن انہوں نے یہ ضرورکہا کہ یوگی کی گجرات میں بہت ڈیمانڈ ہے۔ پاٹھک نے بتایا کہ دوسرے دور کے لئے وزیر اعلی اگلے ہفتہ انتخابی تشہیر کے لئے گجرات جائیں گے’’اگر ان کی ریلیوں میں لوگ نہیں آ رہے ہیں تو پھر امیدوار انہیں کیوں بلا رہے ہیں ‘‘۔ گجرات اسمبلی کی 182سیٹوں کے لئے دو مرحلوں میں 9اور14دسمبر کو ووٹ ڈالے جانے ہیں۔
Published: 01 Dec 2017, 9:59 PM IST
اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ <a href="mailto:contact@qaumiawaz.com">contact@qaumiawaz.com</a> کا استعمال کریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیکمشوروں سے بھی نوازیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 01 Dec 2017, 9:59 PM IST
تصویر: پریس ریلیز