گجرات اسمبلی انتخابات کے لیے بی جے پی نے ایک ایسے شخص کو امیدوار بنایا ہے جس کا شوہر غیر قانونی شراب کا دھندا کرتا ہے، جو اس امیدوار کے ساتھ ہی جیل جا چکا ہے اور پارٹی کا وفادار نہیں ہے۔ یہ بات کوئی اور نہیں بلکہ گجرات کی پنچ محل لوک سبھا سیٹ سے بی جے پی ممبر پارلیمنٹ پربھات سنگھ چوہان کہہ رہے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بی جے پی نے جس امیدوار کو کھڑا کیا ہے وہ کوئی اور نہیں بلکہ شکایت کرنے والے ممبر پارلیمنٹ کی ہی بہو سمن سنگھ چوہان ہے۔
ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق پربھات سنگھ چوہان نے اس سلسلے میں بی جے پی سربراہ امت شاہ کو خط لکھ کر مکمل جانکاری دی ہے۔ اس خط میں انھوں نے لکھا ہے کہ ”میرا بیٹا پروین ایک بٹلیگر ہے اور وہ اپنی بیوی سمن کے ساتھ جیل بھی جا چکا ہے۔ حال ہی میں گودھرا سے جو 300 بکس شراب برآمد کی گئی تھی وہ بھی میرے بیٹے کی تھی۔ ایسے میں اسے کلول سیٹ سے اسمبلی کے لیے ٹکٹ نہ دیا جائے۔“
خط میں چوہان نے مزید لکھا ہے کہ ”میرا بیٹا پروین جب 2007 کے اسمبلی انتخاب میں آزاد امیدوار کی شکل میں کھڑا ہوا تھا، تو خود اس وقت کے وزیر اعلیٰ نریندر مودی کے کہنے پر اسے شکست دینے کے لیے میں نے یہاں ایک بڑا جلسہ کیا تھا۔“ چوہان نے خط میں گودھرا کے حال کے بی جے پی امیدوار اور راجیہ سبھا انتخاب کے وقت بی جے پی میں شامل ہونے والے سی کے راﺅل جی کا بھی تذکرہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ”راﺅل جی کو یہ لگا تھا کہ 2017 کے انتخابات میں وہ کانگریس کی ٹکٹ سے ہار جائیں گے اس لیے میرے بیٹے کو بی جے پی سے کانگریس میں لے کر آئے اور جب راجیہ سبھا انتخاب کے وقت وہ خود بی جے پی میں آئے تو اپنے ساتھ میرے بیٹے پروین کو بھی بی جے پی میں لے کر آ گئے۔“
انھوں نے کہا کہ ان کا بیٹا پروین کبھی پارٹی کا وفادار نہیں رہا ہے اور سی کے راﺅل جی نے ایک تیر سے دو شکار کیے ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ پربھات سنگھ چوہان دراصل اپنی بیوی رنگیشوری کے لیے بی جے پی کا ٹکٹ چاہتے تھے اور انھوں نے کہا تھا کہ اگر ان کی بیوی کو ٹکٹ نہیں ملا تو ممبر پارلیمنٹ ہوتے ہوئے بھی وہ اسمبلی کا انتخاب آزاد امیدوار کی شکل میں لڑیں گے۔ لیکن بی جے پی نے ان کی بیوی کو ٹکٹ نہ دے کر ان کی بہو سمن چوہان کو ٹکٹ دے دیا۔ اسی بات سے ناراض ہو کر انھوں نے پارٹی صدر امت شاہ کو گجراتی مین خط لکھا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایسا ہی رہا تو آنے والے دنوں میں بی جے پی کلول اور گودھرا سیٹ سے نہیں جیت پائے گی۔ چوہان نے دعویٰ کیا کہ صرف ان کی وجہ سے ہی بی جے پی کو لوک سبھا اور میونسپل انتخاب میں فتح حاصل ہوئی۔
یہ سارا ہنگامہ جمعہ کو جاری ہوئی بی جے پی امیدواروں کی پانچویں فہرست کے بعد شروع ہوا۔ ’راجستھان پتریکا‘ اخبار کی خبر کے مطابق پانچویں فہرست جاری ہونے کے بعد بی جے پی ممبر پارلیمنٹ پربھات سنگھ چوہان کی بیوی رنگیشوری نے گجرات میں فیس بک پوسٹ کرتے ہوئے لکھ دیا کہ ”پربھات سنگھ نے اگر ماں کا دودھ پیا ہے تو میرا چیلنج ہے کہ بہو کی انتخابی تشہیر کے لیے وہ کلول آ کر دکھائیں۔“ حالانکہ ہنگامہ بڑھنے کے بعد انھوں نے اس پوسٹ کو ہٹا دیا تھا۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined