جھارکھنڈ ہائی کورٹ نے زمین گھوٹالہ سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں سابق وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کی ضمانت کی درخواست منظور کر لی ہے۔ جسٹس رنگن مکھوپادھیائے کی عدالت نے اس درخواست پر تین دن کی بحث اور سماعت مکمل کرنے کے بعد 13 جون کو اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔ ہیمنت سورین کو ای ڈی نے 31 جنوری کو زمین گھوٹالہ میں منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔
Published: undefined
درخواست ضمانت پر سماعت کے دوران ہیمنت سورین کی طرف سے دلائل پیش کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے سینئر وکیل کپل سبل اور میناکشی اروڑہ نے کہا تھا کہ ای ڈی نے جس زمین پر قبضہ کے الزام میں ہیمنت سورین کے خلاف کارروائی کی ہے وہ چھوٹا ناگ پور ٹیننسی ایکٹ کے تحت ’بھوئیہاری‘ نوعیت کی ہے اور اسے کسی بھی حالت میں فروخت یا منتقل نہیں کیا جا سکتا۔ اس زمین کی لیز راجکمار پاہن کے نام پر ہے۔ اس زمین پر ہیلیریس کچھپ نامی ایک شخص کھیتی کرتا ہے اور بجلی کا کنکشن اسی کے نام پر ہے۔ اس سے ہیمنت سورین کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
Published: undefined
سورین کے وکیلوں نے کہا کہ جب ہیمنت سورین پر سال 2009-10 میں اس زمین پر قبضہ کرنے کا الزام لگایا گیا تھا اس سلسلے میں کوئی شکایت درج نہیں ہوئی تھی۔ اپریل 2023 میں ای ڈی نے اس معاملے میں کارروائی شروع کی اور صرف کچھ لوگوں کے زبانی بیان کی بنیاد پر بتایا گیا کہ یہ زمین ہیمنت سورین کی ہے۔ ای ڈی کے پاس اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ہے کہ ہیمنت سورین نے اس پر کب، کہاں اور کیسے قبضہ کیا۔ پورا معاملہ سیاسی انتقام کا ہے۔
Published: undefined
ای ڈی کی جانب سے اسسٹنٹ سالیسٹر جنرل ایس وی راجو نے درخواست ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس بات کے کافی ثبوت موجود ہیں کہ بری یاتو کی 8.86 ایکڑ زمین پر ہیمنت سورین کا غیر قانونی قبضہ ہے۔ اس زمین کے کاغذات میں بھلے ہی ہیمنت سورین کا نام درج نہیں ہے لیکن زمین پر ناجائز قبضہ پی ایم ایل اے کے تحت جرم ہے۔ اس زمین پر بینکوئٹ ہال بنانے کا ان کا منصوبہ تھا، جس کا نقشہ ان کے قریبی دوست ونود سنگھ نے اپنے موبائل پر بھیجا تھا۔ ہیمنت سورین ایک بااثر شخص ہیں اور انہوں نے ریاستی مشینری کا غلط استعمال کرکے خود کو بچانے کی کئی کوششیں کی تھیں۔ اگر انہیں ضمانت مل جاتی ہے تو وہ دوبارہ تفتیش میں خلل ڈالنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔
Published: undefined
واضح رہے کہ ہیمنت سورین نے ای ڈی کی حراست میں رہتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ اس وقت سے ریاست کی کمان چمپئی سورین کے پاس ہے۔ ان کی اہلیہ کلپنا سورین پارٹی کا کام دیکھ رہی ہیں۔ اب ہیمنت سورین کو جھارکھنڈ میں اسمبلی انتخابات سے قبل ضمانت ملنا پارٹی کے لیے ایک بڑی راحت ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined