نئی دہلی: ملک میں اولڈ پنشن اسکیم (او پی ایس) کے نفاذ کے لیے طویل عرصے سے احتجاج کر رہے سرکاری ملازمین کی یونینوں نے مرکزی حکومت کو اسے نافذ کرنے کے لیے 6 ہفتے کا الٹی میٹم دیا ہے۔ ایسا نہ ہونے کی صورت میں ملک گیر سطح پر غیر معینہ مدت کے لیے ہڑتال کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ نیشنل جوائنٹ کونسل آف ایکشن (NJCA) نے کیا ہے۔
Published: undefined
این جے سی اے کے مطابق اگر یہ ہڑتال ہوتی ہے تو ریلوے آپریشنز اور دفاعی شعبے کی صنعتوں سمیت تمام سرکاری محکموں میں کام کاج ٹھپ ہو جائے گا۔ اے آئی ڈی ای ایف جنرل سکریٹری سی شری کمار کا کہنا ہے کہ ’’اگر لوک سبھا انتخابات سے پہلے ’اولڈ پنشن اسکیم‘ نافذ نہیں کی گئی تو بی جے پی کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ ملک میں ملازمین، پنشنرز اور ان کے رشتہ داروں سمیت یہ تعداد 10 کروڑ سے تجاوز ہوتی ہے جو انتخابات میں فیصلہ کن رول ادا کرے گی۔‘‘
Published: undefined
سی شری کمار نے بتایا کہ ’’ملک کی دو بڑی یونینوں ریلوے اور ڈیفنس (سول) نے غیر معینہ مدت کی ہڑتال پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ اگر او پی ایس نافذ نہیں کیا جاتا ہے تو 11 لاکھ ریلوے ملازمین میں سے 96 فیصد غیر معینہ مدت کی ہڑتال پر جانے کے لیے تیار ہیں۔ اس کے علاوہ محکمہ دفاع (سول) کے چار لاکھ ملازمین میں سے 97 فیصد ہڑتال کے حق میں ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید بتایا کہ ’’20 اور 21 نومبر کو 400 ڈیفنس یونٹس، 7349 ریلوے اسٹیشنوں، ڈویژنل اور زونل دفاتر، 42 ریلوے ورکشاپس اور سات ریلوے پروڈکشن یونٹس پر ’اسٹرائک بیلیٹ‘ کے تحت ووٹ ڈالے گئے۔ مختلف مرکزی و ریاستی ملازمین کی مختلف یونین او پی ایس کے معاملے پر اکٹھی ہو گئی ہیں۔‘‘
Published: undefined
واضح رہے کہ سرکاری ملازمین کی تنظیموں نے 8 جنوری سے 11 جنوری تک ’ریلے ہنگر اسٹرائک‘ کی تھی۔ اس کا مقصد حکومت کو خبردار کرنا تھا۔ اس کے بعد 7 فروری کو NJCA کی میٹنگ بلائی گئی۔ اس میٹنگ میں ملک گیر سطح پر غیر معینہ مدت کی ہڑتال کی تاریخ طے کرنے اور حکومت کو ہڑتال کا نوٹس دینے کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ شری کمار کے مطابق میٹنگ میں موجود تمام تنظیمیں غیر معینہ مدت کی ہڑتال پر جانے کے حق میں ہیں۔ ہڑتال کی تاریخ طے کرنے اور حکومت کو نوٹس دینے کے لیے ایک چھوٹی کمیٹی بنائی جا رہی ہے۔ اگر حکومت نے 6 ہفتوں میں مزدوروں کے مطالبات تسلیم نہ کیے تو ملک میں ہڑتال یقینی ہے۔
Published: undefined
اولڈ پنشن اسکیم کے لیے سرکاری ملازمین احتجاج و مظاہرے کرتے رہے ہیں۔ گزشتہ سال 10 اگست کو نئی دہلی کے رام لیلا میدان میں سرکاری ملازمین کی ایک بہت بڑی ریلی نکالی گئی تھی، جس میں لاکھوں سرکاری ملازمین نے شرکت کی تھی۔ اس کے بعد یکم اکتوبر کو رام لیلا میدان میں ہی ’پنشن شنکھ ناد مہاریلی‘ کا انعقاد نیشنل موومنٹ فار اولڈ پنشن سکیم (NMOPS) کے بینر تلے کیا گیا تھا۔ اس کے بعد 3 نومبر کو رام لیلا میدان میں کنفیڈریشن آف سینٹرل گورنمنٹ ایمپلائز اینڈ ورکرس کے بینر تلے تیسری ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ اس ریلی میں آل انڈیا اسٹیٹ گورنمنٹ ایمپلائز فیڈریشن سمیت کئی ملازمین یونین نے حصہ لیا۔ آل انڈیا این پی ایس ایمپلائز فیڈریشن کی طرف سے جنتر منتر پر 10 دسمبر کو 'نیشنل مشن فار اولڈ پنشن اسکیم بھارت' کے بینر تلے ایک ریلی کا بھی انعقاد کیا گیا تھا۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز