بی جے پی امیدوار کے طور پر الیکشن لڑنے والے ایڈووکیٹ اجول نکم کو پبلک پراسیکیوٹر(سرکاری وکیل) بنائے جانے کی مخالفت کی آواز اب عدالتوں تک بھی پہنچنے لگی ہے۔ مہاراشٹر میں قتل کے کئی معاملات کے ملزم گینگسٹر وجے پلانڈے نے اپنے کیس میں ایڈوکیٹ اجول نکم کی بطور اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر تقرری کی مخالفت کی ہے۔ پلانڈے نے اس ضمن میں پیر (24 جون) کو عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ بی جے پی سے الیکشن لڑنے والے اجول نکم کو میرے کیس سے ہٹایا جائے۔ وجے پلانڈے کا کہنا ہے کہ اجول نکم کی یہ تقرری بدنیتی اورغلط ارادوں سے کی گئی ہے۔
Published: undefined
پلانڈے نے اپنی درخواست میں دعویٰ کیا ہے کہ اجول نکم کی شناخت، خیالات، ایجنڈا، ارادہ، مقصد سب کچھ عوام کی نظروں میں پوری طرح سے تبدیل ہو گیا ہے۔ اب وہ بی جے پی کے بڑے لیڈر ہیں۔ پلانڈے نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ وہ (اجول نکم) اب سیاسی پارٹی کے ایجنڈے کے لیے کام کریں گے۔ وہ عوام میں بی جے پی کی شبیہ بنانے کے لیے ہائی پروفائل کیسوں میں جھوٹی سزا دلانے کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں جو ملزمین کے بنیادی حقوق کے خلاف ہے۔
Published: undefined
اجول نکم نے حال ہی میں ممبئی شمال وسط سیٹ سے بی جے پی امیدوار کے طور پر لوک سبھا کا الیکشن لڑا تھا۔ وہ کانگریس کی ورشا گائیکواڑ سے 16,000 سے زیادہ ووٹوں سے ہار گئے۔ بی جے پی نے اس سیٹ سے اپنی موجودہ ایم پی پونم مہاجن کا ٹکٹ رد کرتے ہوئے اجول نکم کو ٹکٹ دیا تھا۔ اجول نکم نے ممبئی دہشت گردانہ حملوں جیسے کئی ہائی پروفائل کیسوں میں سرکاری وکیل کے طور پر عدالت میں حکومت کی نمائندگی کی ہے۔ الیکشن ہارنے کے بعد اجول نکم ایک بار پھر پلانڈے کے خلاف مقدمہ میں خصوصی سرکاری وکیل کے طور پرعدالت میں پیش ہوئے۔ پلانڈے نے اس پر اعتراض کرتے ہوئے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا۔
Published: undefined
پلانڈے نے عدالت سے اجول نکم کو انصاف اور بنیادی حقوق کے حوالے سے اپنے مقدمے سے دور رکھنے کی گہار لگائی ہے۔ پلانڈے نے عدالت سے درخواست کی ہے کہ وہ اجول نکم کی تقرری کو منسوخ کرنے کے لیے متعلقہ اتھارٹی کو ہدایت دے۔ اس معاملے کی اگلی سماعت 28 جون کو ہوگی۔ پلانڈے دہلی کے تاجر ارون ٹکو اور فلم پروڈیوسر کرن کمار ککڑ کے قتل کے الزام میں گرفتاری کے بعد اپریل 2012 سے عدالتی حراست میں ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز