اتر پردیش میں جرائم کے واقعات لگاتار بڑھتے ہی جا رہے ہیں۔ تازہ ترین معاملہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے حلقہ گورکھپور کا ہے جہاں ایک نابالغ کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کا شرمسار کر دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے۔ اتنا ہی نہیں، درندوں نے اس گھناؤنے عمل کے بعد متاثرہ کے جسم کو سگریٹ سے بھی داغ دیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ متاثرہ کے والد اینٹ بھٹہ پر مزدوری کرتے ہیں۔ جب اہلِ خانہ کو واقعہ کی جانکاری ملی تو وہ جائے وقوع پر پہنچے۔ انھیں ان کی بیٹی بیہوشی کی حالت میں ملی۔ اس واقعہ پر کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے انتہائی افسوس کا اظہار کیا ہے اور یوگی حکومت کو پرزور طریقے سے تنقید کا نشانہ بھی بنایا ہے۔
Published: 17 Aug 2020, 2:56 PM IST
گورکھپور میں نابالغ کی عصمت دری پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ "بلند شہر، ہاپوڑ، لکھیم پور کھیری، اور اب گورکھپور۔ لگاتار اس طرح کے واقعات سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ خواتین کو تحفظ دینے میں اتر پردیش حکومت پوری طرح ناکام رہی ہے۔" ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی لکھا ہے کہ "جرائم پیشوں کے من میں قانون کا کوئی خوف نہیں ہے۔ اسی کا نتیجہ ہے کہ خواتین کے خلاف جرائم کے خطرناک سے خطرناک واقعات انجام پاتے جا رہے ہیں۔"
Published: 17 Aug 2020, 2:56 PM IST
اپنے فیس بک پوسٹ میں پرینکا گاندھی پولس انتظامیہ پر حملہ آور ہوتے ہوئے یہ مشورہ بھی دیتی ہیں کہ "پولس اور انتظامیہ نہ سیکورٹی دے پا رہی ہیں اور نہ ہی مناسب کارروائی کر پا رہی ہیں۔ اتر پردیش حکومت نظام قانون کا جائزہ لے اور خواتین کی سیکورٹی سے متعلق سنجیدہ اقدام کرے۔"
Published: 17 Aug 2020, 2:56 PM IST
واضح رہے کہ عصمت دری متاثرہ گورکھپور کے گولہ تھانہ علاقہ میں اپنے والدین کے ساتھ کرایہ کے مکان میں رہتی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ 15 اگست کی شب 8 بجے پاس کے گاؤں دھوسہر کا رہنے والا ارجن نشاد اور اس کا دوست نریش عرف چھوٹو جبراً بائیک سے نابالغ کو اٹھا لے گئے۔ اس کے بعد دونوں نے نابالغ کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کی۔ اس دوران درندوں نے متاثرہ کے جسم کو سگریٹ سے داغ دیا۔
Published: 17 Aug 2020, 2:56 PM IST
بتایا جا رہا ہے کہ متاثرہ وہیں رات بھر بیہوشی کی حالت میں پڑی رہی۔ صبح کسی نے متاثرہ کی ماں کو جانکاری دی۔ خبر ملنے کے بعد متاثرہ کے اہل خانہ جب وہاں پہنچے تو ان کی بیٹی وہاں پڑی ہوئی ملی۔ متاثرہ نے اپنی ماں کو پوری داستان سنائی۔ اس کے بعد اہل خانہ نے فون کر واقعہ کے بارے میں پولس کو خبر دی۔ پولس نے دونوں ملزمین کو گرفتار کر لیا ہے اور معاملے کی جانچ جاری ہے۔
Published: 17 Aug 2020, 2:56 PM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 17 Aug 2020, 2:56 PM IST
تصویر: پریس ریلیز