نئی دہلی: انسانیت کی فلاح و بہبود اور خوشی کو یقینی بنانے کے ہندوستان کے پیغام کے ساتھ آج یہاں جی 20 چوٹی کانفرنس شروع ہوئی، جس میں ہر قسم کی باہمی بداعتمادی کو دور کر کے تمام عالمی چیلنجوں کے ٹھوس حل کی طرف بڑھنے کی اپیل کی گئی۔
دارالحکومت نئی دہلی کے پرگتی میدان میں نوتعمیر شدہ بھارت منڈپم میں ہندوستان کی صدارت میں 19 ممالک، یورپی یونین، 9 خصوصی مہمان ممالک، تین علاقائی اور 11 بین الاقوامی تنظیموں کے رہنما حصہ لے رہے ہیں۔ ون ارتھ کے تھیم پر منعقد ہونے والے اس سیشن میں افریقی یونین کو باضابطہ طور پر مکمل رکن کے طور پر تسلیم کیا گیا!
Published: undefined
وزیر اعظم نریندر مودی نے مہمان رہنماؤں کا خیر مقدم کرتے ہوئے اپنے افتتاحی بیان میں سب سے پہلے مراکش میں زلزلے میں ہونے والی ہلاکتوں پر تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کی اور بحران کی اس گھڑی میں مراکش کو ہر ممکن مدد کی پیشکش کی۔
وزیر اعظم مودی نے کہا، ’’جی-20 کے سربراہ کے طور پر، ہندوستان آپ سب کا پرتپاک خیر مقدم کرتا ہے۔ اس وقت جس جگہ ہم جمع ہوئے ہیں یہاں سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر تقریباً ڈھائی ہزار سال پرانا ستون ہے، وزیر اعظم نے کہا کہ اس ستون پر پراکرت زبان میں لکھا ہے ’’ہیوم لوکسا ہتمکھے تی، اتھ ایم ناتیسو ہیوم‘‘ یعنی انسانیت کی فلاح و بہبود اور خوشی ہمیشہ یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈھائی ہزار سال پہلے، ہندوستان کی سرزمین نے پوری دنیا کو یہ پیغام دیاتھا۔ آئیے اس پیغام کو یاد کرکے اس جی-20 سربراہی اجلاس کا آغاز کریں۔ اکیسویں صدی کا یہ وقت پوری دنیا کو نئی سمت دینے والا ایک اہم وقت ہے۔
Published: undefined
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ یہ وہ وقت ہے جب برسوں پرانے چیلنجز، ہم سے نئے حل کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ہمیں اپنی تمام ذمہ داریوں کو انسانوں پر مرکوز رکھتے ہوئے آگے بڑھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ-19 کے بعد دنیا میں ایک بہت بڑا بحران اعتماد کی کمی کا آیا ہے۔ جنگ نے، اس اعتماد کے اس بحران کو مزید گہرا کر دیا ہے۔ جب ہم کووڈ کو شکست دے سکتے ہیں تو ہم باہمی اعتماد کے اس بحران پر بھی قابو پا سکتے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ آج، جی-20 کے صدر کے طور پر، ہندوستان پوری دنیا سے مطالبہ کرتا ہے کہ ہم سب مل کر سب سے پہلے اعتماد کے اس عالمی بحران کو ایک یقین، ایک بھروسے میں تبدیل کریں۔ یہ سب کے ساتھ مل کر چلنے کا وقت ہے اور اس لیے ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس اور سب کا پریاس‘ کا منتر ہم سب کے لیے مشعل راہ بن سکتا ہے۔
Published: undefined
انہوں نے کہا کہ عالمی معیشت میں اتھل پتھل ہو، شمال جنوب کی تقسیم ہو، مشرق اور مغرب کا فاصلہ ہو، خوراک، ایندھن اور کھادوں کا انتظام ہو، دہشت گردی اور سائبر سیکیورٹی ہو، صحت، توانائی اور پانی کی حفاظت ہو! موجودہ اور آنے والی نسلوں کی خاطر ہمیں ان چیلنجوں کے ٹھوس حل کی طرف بڑھنا ہی چاہیے۔
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ہندوستان کی جی-20 صدارت ملک کے اندر اور باہر شمولیت کا، "سب کا ساتھ" کی علامت بن گئی ہے۔ ہندوستان میں یہ عوام کا جی-20 بن گیا ہے۔ کروڑوں ہندوستانی اس میں شامل ہوئے۔ ملک کے 60 سے زیادہ شہروں میں ملک میں 200 سے زیادہ میٹنگیں منعقد ہوئیں۔ سب کا ساتھ کے جذبے کے تحت ہندوستان نے افریقی یونین کو جی-20 کی مستقل رکنیت دینے کی تجویز پیش کی تھی۔ مانا جاتا ہے کہ اس تجویز پر ہم سب کی اتفاق رائے ہے۔
اس کے بعد وزیر اعظم مودی نے افریقی یونین کے چیئرمین کو جی 20 کے مستقل رکن کے طور پر اپنی نشست سنبھالنے کی دعوت دی۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined