نئی دہلی: آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس اور جماعت اسلامی ہند دہلی اسٹیٹ کی جانب سے مفت یونانی میڈیکل کیمپ کا شاندار انعقاد نارتھ گونڈہ دہلی کے الفلاح اسلامک اسکول میں کیا گیا۔ جس میں غریب و ضرورت مند اور بے سہارا لوگوں کو مفت میں متعدد جانچ کے ساتھ دوائیں بھی تقسیم کی گئیں۔ طبی کیمپ میں ڈاکٹر سید احمد خاں ڈپٹی ڈائریکٹر یونانی صفدر جنگ اسپتال، ڈاکٹر حبیب اللہ سی ایم او یو نانی تہاڑ جیل، ڈاکٹر محمد عامر سی ایم او ڈائریکٹر آف آیوش، ڈاکٹر بدرالاسلام کرانوی یوگا ایکسپرٹ، ڈاکٹر الطاف، ڈاکٹر شکیل احمد، ڈاکٹر بلال احمد، ڈاکٹر رقیہ زرین، ڈاکٹر تبسم، حکیم عطاءالرحمان اجملی، حکیم مرتضی دہلوی، حکیم ارباب الدین، زاہد حسین، نعیم رضا، حکیم اعجاز نے اپنی خدمات پیش کیں۔
Published: undefined
اس موقع پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر سید احمد خاں نے کہا کہ آج آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس اور جماعت اسلامی ہند نے طبی کیمپ لگا کر نہ صرف متعدد جانچ مفت میں کیں بلکہ مفت میں دوائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ طب یونانی کی اپنی اہمیت و افادیت ہے جس کے ذریعے مریض کی صحت پر بغیر کسی غلط اثرات مرتب کیے ہوئے یہ صحت بخشتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے دور میں موسمی بخار اور ڈینگو جیسی مضر بیماریوں میں طب یونانی کی جانب عوام کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ تاہم آج کے میڈیکل کیمپ میں بڑی تعداد میں عوام نے طب یونانی کے ذریعے علاج حاصل کیا۔
Published: undefined
ڈاکٹر حبیب اللہ نے کہا کہ آج کا میڈیکل کیمپ کامیاب رہا اور ہماری کوشش رہتی ہے کہ اس طرح کے کیمپ کا انعقاد وقتاً فوقتاً ہوتے رہنا چاہیے، چونکہ لاک ڈاؤن کے بعد لوگوں کا کاروبار شدید متاثر ہوا ہے۔ ایسے میں بیشتر لوگوں کے پاس علاج کرانے کے لیے رقم موجود نہیں، وہیں موسمی بخار زدہ افراد ڈاکٹروں کے پاس بھی جانے سے کتراتے ہیں اور ڈاکٹروں کے پاس بھی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں لہذا ضرورت تھی کہ گھنی آبادیوں میں طبی کیمپ لگا کر عوام کو فائدہ پہنچایا جائے۔
Published: undefined
حکیم عطاالرحمٰن اجملی نے یونانی ادویات کی اہمیت و افادیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ طِب یونانی ہمارا عظیم سرمایہ ہے۔ یہ طریقہ علاج ملک بھر میں مقبول ہو رہا ہے۔ یونانی ادویہ کے استعمال سے مریضوں کو مرض سے شفایابی کے بعد از سر نو نئی توانائی ملتی ہے اور جسم میں قوّت مدافعت پیدا ہوتی ہے۔ میڈیکل کیمپ میں ڈاکٹر بدرالاسلام نے مریضوں کو یوگا کے فوائد کے بارے میں جانکاری دینے کے ساتھ ساتھ فٹ رہنے والی ورزش بھی سکھائی۔ میڈیکل کیمپ میں بطور والنٹیر خدمات انجام دینے والوں میں جماعت اسلامی ہند کے محمد ثاقب، نعیم رضا، زاہد حسین، حاجی شمیم، محمد شاہ زان ملک محمد کیف کے نام قابل ذکر ہیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز