قومی خبریں

میں ’ایم وی اے‘ کے لیے مہم چلاؤں گا، مہاراشٹر میں بی جے پی کا صفایا ہو جائے گا: ستیہ پال ملک

ستیہ پال ملک نے کہا ہے کہ وہ مہاراشٹر اسمبلی انتخابات میں اپوزیشن مہا وکاس اگھاڑی (ایم وی اے) کے لیے مہم چلائیں گے اور دعویٰ کیا کہ اس الیکشن میں بی جے پی کا صفایا ہو جائے گا

ستیہ پال ملک، تصویر آئی اے این ایس
ستیہ پال ملک، تصویر آئی اے این ایس 

جموں و کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک نے اتوار کے روز اعلان کیا کہ وہ مہاراشٹر اسمبلی انتخابات میں اپوزیشن مہا وکاس اگھاڑی (ایم وی اے) کے لیے مہم چلائیں گے۔ ملک نے یہ دعویٰ کیا کہ اس انتخاب میں حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کا صفایا ہو جائے گا۔ ستیہ پال ملک، جنہوں نے جموں و کشمیر کا خصوصی درجہ ختم کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا، نے یہ بیان شیو سینا (اودھو بالا صاحب ٹھاکرے) کے رہنما اور مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ اودھو ٹھاکرے کے گھر پر ان سے ملاقات کے بعد دیا۔

Published: undefined

ملک نے کہا کہ بی جے پی کو اس الیکشن میں نہ صرف بڑا نقصان ہوگا بلکہ پارٹی کا مکمل صفایا بھی ہو جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اودھو ٹھاکرے اس الیکشن میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔ مہاراشٹر میں 288 رکنی اسمبلی کے لیے نومبر میں انتخابات متوقع ہیں۔ ریاست میں حکمراں اتحاد، جسے مہایوتی کے نام سے جانا جاتا ہے، میں وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی قیادت والی شیو سینا، بی جے پی اور اجیت پوار کی قیادت والی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) شامل ہیں۔

Published: undefined

ملک نے مزید کہا کہ وہ ایم وی اے کو مکمل حمایت دیں گے اور اس کے لیے مہم بھی چلائیں گے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مہاراشٹر کا اسمبلی الیکشن ملک کے سیاسی منظرنامے پر اہم اثر ڈالے گا اور اس کے نتائج بی جے پی کے سیاسی تابوت میں آخری کیل ثابت ہوں گے۔

Published: undefined

یہ بیان ملک کی طرف سے ایسے وقت پر آیا ہے جب مہاراشٹر میں اپوزیشن اتحاد ایم وی اے، جس میں شیو سینا (یو بی ٹی)، کانگریس اور شرد پوار کی قیادت والی این سی پی (شرد چندر پوار) شامل ہیں، انتخابات کی تیاری کر رہا ہے۔ خیال رہے کہ ستیہ پال ملک جموں و کشمیر کے علاوہ بہار، اوڈیشہ اور گوا کے بھی گورنر رہ چکے ہیں۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined