نئی دہلی: سابق وزیر خزانہ اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر ارون جیٹلی کا سنیچر کو آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) میں انتقال ہوگیا۔ ان کے انتقال پر ملک کی اہم شخصیات کی جانب سے تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے۔
Published: 24 Aug 2019, 2:10 PM IST
وزیر اعظم نریندر مودی نے جیٹلی کی اہلیہ اور بیٹے سے بات کر کے تعزیت کا اظہار کیا۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق دونوں نے وزیر اعظم مودی سے اپنا بیرون ملک کا دورہ منسوخ نہ کرنے کو کہا ہے۔ وزیر اعظم نے ٹوئٹ کر کے کہا، ’’ارون جیٹلی ایک سیاسی قدآور اور قانون کے معلم تھے۔ وہ ایک ایسے رہنما تھے جنہوں نے ہندوستان کی ترقی میں تعاون کیا۔‘‘
Published: 24 Aug 2019, 2:10 PM IST
ارون جیٹلی کے انتقال کے بعد وزیر داخلہ امت شاہ نے اپنا حیدراباد کا دورہ مختصر کر دیا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹ کر کے کہا، ’’ارون جیٹلی کے انتقال سے انتہائی دکھی ہوں۔ جیٹلی جی کا جانا میرے لئے ذاتی خسارہ ہے۔ ان کے روپ میں میں نے نہ صرف تنظیم کا ایک اعلیٰ رہنما کھویا ہے بلکہ خاندان کا ایک ایسا اٹوٹ رکن بھی کھو دیا ہے جس کی قربت اور رہنمائی مجھے برسوں تک حاصل ہوتی رہی۔‘‘
Published: 24 Aug 2019, 2:10 PM IST
کانگریس کے سینئر رہنما اور سابق مرکزی وزیر ششی تھرور نے ٹوئٹ کر کے جیٹلی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے لکھا، ’’اپنے دوست اور دہلی یونیورسٹی کے سینئر طالب علم کے انتقال پر بے حد دکھی ہوں۔ ہماری پہلی ملاقات اس وقت ہوئی تھی جب وہ دہلی یونیورسٹی طلبا یونین میں تھے اور میں سینٹ اسٹیفن کالج یونین کا سربراہ تھا۔ سیاسی اختلافات ہونے کے باوجود ہم ایک دوسرے کی عزت کرتے تھے اور اکثر بحث کرتے تھے۔ ‘‘
Published: 24 Aug 2019, 2:10 PM IST
کانگریس پارٹی کی طرف سے بھی ارون جیٹلی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔ کانگریس کے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل سے لکھا گیا، ’’ارون جیٹلی کے انتقال کی خبر افسوس ناک ہے۔ ہماری تعزیت ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہے اور غم کے اس وقت میں ہم ان کے لئے دعا گو ہیں۔
Published: 24 Aug 2019, 2:10 PM IST
واضح رہے کہ ارون جیٹلی کے اہل خانہ میں ان کی بیوی، ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہے۔ وہ 9 اگست سے ایمس میں داخل تھے۔ ان کی پیدائش 1952 میں دہلی میں ہوئی تھی اور 1974 میں انہوں نے سیاست کی شروعات کی تھی۔
Published: 24 Aug 2019, 2:10 PM IST
واجپئی حکومت کے دوران انہیں 13 اکتوبر 1999 کو اطلاعات و نشریات کا وزیرمملکت (آزادنہ چارج) مقرر کیا گیا۔ انہیں وزیر مملکت برائے سرمایہ کشی (آزادانہ چارج) بھی مقرر کیا گیا۔ مودی حکومت کی پہلی مدت کار میں وہ وزیر خزانہ بنے تھے۔
Published: 24 Aug 2019, 2:10 PM IST
جیٹلی 1982 میں جموں وکشمیر کے سابق وزیر خزانہ گردھاری لال ڈوگرہ کی بیٹی سنگیتا کے ساتھ رشتہ ازدواج میں بندھ گئے تھے۔ جیٹلی کے اہل خانہ میں بیوی، بیٹا روہن اور بیٹی سونالی ہیں۔
Published: 24 Aug 2019, 2:10 PM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 24 Aug 2019, 2:10 PM IST
ویڈیو گریب