مظفر پور: شراب مافیا کے خلاف کارروائی کرنے کے مقصد سے گاڑیوں کی چیکنگ کر رہی پولس کو اتوار کی دیر رات ایک کنٹینر ڈرائیور نے روند ڈالا جس کے سبب پانچ جوان ہلاک ہو گئے۔ اس حادثہ میں ڈی ایس پی (مغربی) کرشن مراری پرساد، او پی انچارج دھرو ناتھ جھا سمیت چار لوگ بری طرح زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مظفر پور ضلع کی پولس غیر قانونی شراب مافیا کو پکڑنے کی تیاری میں تھے۔
دراصل ہفتہ کو علاقے سے شراب کا ایک بڑا ذخیرہ پکڑا گیا تھا۔ پکڑے گئے ڈرائیور نے پولس کو بتایا تھا کہ شراب مافیا اکوراہاں ڈھالہ سے گزرنے والا ہے۔ اسی کے مدنظر ڈی ایس پی (مغربی) کرشن مراری پرساد کی قیادت میں پولس گاڑیوں کی چیکنگ کر رہی تھی تبھی سامنے سے ایک کنٹینر تیز رفتار میں آتا ہوا نظر آیا ۔ پولس نے کنٹینر کو رکنے کا اشارہ کیا لیکن ڈرائیور نے رفتار مزید تیز کر دی اور پولس کی گاڑی کو روندتے ہوئے آگے نکل گیا۔ کنٹینر سے ٹکر کے بعد پولس کی گاڑی کچھ دور تک گھسٹتی چلی گئی۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی پولس جائے حادثہ پر پہنچی اور زخمی پولس والوں کو ایس کے ایم سی ایچ میں داخل کرایا۔
پاناپور کے اکوراہاں ڈھالہ کے نزدیک ہوئے اس حادثہ میں جن پولس والوں کی موت ہوئی ہے ان میں وشو موہن شرما، وجے چودھری، منا چودھری، فرمان انصاری اور پولس گاڑی کا ڈرائیور شامل ہے۔ واردات کے بعد پورے علاقے میں پولس گشت بڑھا دی گئی ہے اور اس کنٹینر و ڈرائیور کی تلاش زور و شور سے جاری ہے جس نے اس حادثہ کو انجام دیا۔ فی الحال ڈرائیور کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined