منی پور کے معروف فلم ساز اور کمپوزر اریبام شیام شرما نے پدم شری اوارڈ لوٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اتوار کے روز انہوں نے اپنی امپھال واقع رہائش سے اعلان کیا کہ وہ مودی حکومت کی طرف سے لائے گئے شہریت بل کے خلاف اپنا پدم شری لوٹا دیں گے۔
اپنے ایوارڈ کو واپس دینے کا اعلان کرتے وقت منی پوری فلم ساز اریبام شیام شرما نے کہا کہ انہوں نے شہریت (ترمیم شدہ) بل 2019 کے خلاف احتجاجاً یہ قدم اٹھایا ہے۔ 82 سالہ فلم ساز نے کہا، ’’منی پور کے باشندگان کو اس وقت سب سے زیادہ تحفظ کی ضرورت ہے۔ 500 سے زیادہ ارکان والی پارلیمنٹ میں آج ریاست کے محض ایک یا دو رکن موجود ہیں ایسے حالات میں شمال مشرق کی آواز کیا اور کیسی ہوگی۔‘‘
ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق شیام شرما نے مزید کہا، ’’چھوٹی ہو یا بڑی ہر ریاست کا احترام کیا جانا چاہئے، احترام کو آبادی کی بنیاد پر تولا نہیں جانا چاہئے۔ میں یہ معاملہ اس لئے اٹھا رہا ہوں کیونکہ مرکزی حکومت تمام ریاستوں سے مل کر بنتی ہے۔‘‘
شرما نے کہا، ’’شمال مشرقی ریاستوں کی طرف اجتماعی طور پر اگر کچھ کہا جائے تو اس پر غور کیا جانا چاہئے۔ اگر حکومت ایسا نہیں کرے گی تو ہم فطرتاً آواز اٹھائیں گے۔‘‘
Published: undefined
پہلی منی پوری فلم ’متامگی منی پور‘ میں بطور اداکار ڈیبیو کرنے والے شرما نے مزید کہا کہ یکجہتی ظاہر کرنے کے لئے انہوں نے پدم شری ایوارڈ لوٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔ 2006 میں منی پوری سنیما اور فلموں کی دنیا میں اہم معاون کے طور پر خدمات انجام دینے کی وجہ سے آنجہانی سابق صدر ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام نے انہیں اعزاز سے نوازا تھا۔
واضح رہے کہ شہریت (ترمیمی) بل 2019 لوک سبھا سے 8 جنوری کو منظور ہوا تھا، جس کے بعد سے شمال مشرق کی دیگر ریاستوں کے ساتھ منی پور میں بھی لگاتار احتجاج و مظاہرے ہو رہے ہیں۔ کچھ مقامات پر اس قانون کے خلاف لوگ دھرنے پر بھی بیٹھے اور اسے واپس لینے کے لئے آواز اٹھائی گئی۔
دریں اثنا، منی پور کی سیاس جماعتوں کے ایک وفد نے وزیر داخلہ سے مل کر اپیل کی تھی کہ یہ بل راجیہ سے منظور ہو اس سے پہلے شمال مشرقی ریاستوں کے لوگوں کو سہولیات مہیا کرانے کے حوالہ سے کوئی شق اس میں جوڑی جائے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined