مودی حکومت کے ذریعہ پاس کردہ متنازعہ زرعی قوانین کے خلاف کسانوں میں غصہ لگاتار بڑھتا جا رہا ہے اور دہلی کے بارڈرس پر مظاہرین کی تعداد میں بھی لگاتار اضافہ ہو رہا ہے۔ اس درمیان ایک وکیل کے ذریعہ کسانوں کی حمایت میں اور مودی حکومت سے ناراضگی ظاہر کرنے کے مقصد سے خودکشی کیے جانے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی اطلاعات کے مطابق ٹیکری بارڈر پر کسانوں کے ذریعہ جاری مظاہرہ کے مقام سے کچھ دوری پر وکیل امرجیت سنگھ نے ’خودکشی نوٹ‘ لکھ کر مبینہ طور پر زہر کھا لیا جس سے اس کی موت واقع ہو گئی۔ کسان تحریک کے دوران مودی حکومت کے خلاف احتجاجاً خودکشی کا یہ دوسرا واقعہ ہے کیونکہ سَنت بابا رام سنگھ نے بھی کچھ دن پہلے دہلی بارڈر پر ہی اپنی زندگی ختم کر لی تھی۔
Published: 28 Dec 2020, 4:10 PM IST
تازہ معاملہ ٹیکری بارڈر سے کچھ دور کا بتایا جا رہا ہے جہاں اتوار کی شب امرجیت سنگھ نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔ اپنی خودکشی کے لیے امرجیت نے پی ایم نریندر مودی کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ اپنے خط میں وکیل امرجیت نے لکھا ہے کہ ’’میں کسان تحریک کی حمایت میں اپنی زندگی قربان کر رہا ہوں۔‘‘ میڈیا ذرائع سے موصول خبروں کے مطابق وکیل نے خودکشی نوٹ لکھنے کے بعد کوئی زہریلی شئے کھا لی۔ اسے نیم مردہ حالت میں روہتک کے پی جی آئی ایم ایس پہنچایا گیا لیکن اس کی جان نہیں بچ سکی۔
Published: 28 Dec 2020, 4:10 PM IST
پولس کو امرجیت سنگھ کے پاس سے جو خودکشی نوٹ ملا ہے، اس میں پی ایم مودی کا نام لکھا گیا ہے۔ اس خودکشی نوٹ کا کچھ حصہ ٹائپ کیا ہوا ہے اور کچھ قلم سے لکھا گیا ہے۔ پولس نے اس خط کو قبضے میں لے کر جانچ کے لیے بھیج دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق خودکشی کرنے والے وکیل نے مرکز کے تینوں زرعی قوانین کو کسان مخالف بتاتے ہوئے لکھا ہے کہ اس نے تحریک کی حمایت میں قربانی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس نے مزید لکھا ہے کہ ’’پی ایم کچھ لوگوں کے ہی بن کر رہ گئے ہیں۔ تینوں زرعی قوانین کسانوں کے ساتھ ساتھ مزدور اور عام آدمی کی زندگی تباہ کر دیں گے۔ کسان، مزدور اور عوام کی روزی روٹی حکومت چھیننے میں لگی ہوئی ہے۔
Published: 28 Dec 2020, 4:10 PM IST
ایسی بھی خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ مہلوک وکیل نے پی ایم مودی کے نام یہ خط پہلے سے ہی ٹائپ کر رکھا تھا اور ساتھ لے کر مظاہرہ کے لیے ٹیکری بارڈر پہنچا تھا۔ حالانکہ اس نوٹ میں جو حصہ ہاتھ سے لکھا گیا ہے اس میں عدلیہ سے عوام کا بھروسہ اٹھ جانے کا تذکرہ ہے۔ بہر حال پولس ذرائع کا کہنا ہے کہ امرجیت سنگھ فاجلکا کے جلال آباد بار ایسو سی ایشن کے رکن تھے جو کسان تحریک کے دوران نیا گاوں چوک کے پاس مظاہرہ میں شامل تھے۔ پولس معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔
Published: 28 Dec 2020, 4:10 PM IST
واضح رہے کہ اس سے قبل 16 دسمبر کو سِنگھو بارڈر پر کسانوں کے مظاہرہ میں سَنت بابا رام سنگھ نے خود کو گولی مار کر ہلاک کر لیا تھا۔ وہ کئی دنوں سے بارڈر پر کسانوں کی تحریک میں پیش پیش نظر آ رہے تھے۔ وہ کسانوں کی تکلیف دیکھ کر غم میں ڈوبے ہوئے تھے، اور بتایا جاتا ہے کہ وہ لوگوں میں کمبل اور کھانا تقسیم کرتے ہوئے کئی بار دیکھے گئے۔ لیکن 16 دسمبر کے روز ان پر کسانوں کا غم اور مودی حکومت کا ظلم اس قدر حاوی ہو گیا کہ ایک خودکشی نوٹ لکھ کر خود کو گولی مار لی۔ لوگ انھیں اٹھا کر بھاگے بھاگے قریبی اسپتال پہنچے لیکن ڈاکٹروں نے انھیں مردہ قرار دے دیا۔
Published: 28 Dec 2020, 4:10 PM IST
سَنت بابا رام سنگھ نے اپنے خودکشی نوٹ میں لکھا تھا کہ ’’کسانوں کی تکلیف دیکھی ہے۔ اپنے حق کے لیے سڑکوں پر انھیں دیکھ کر مجھے دکھ ہوا ہے۔ حکومت انھیں انصاف نہیں دے رہی ہے، جو کہ ظلم ہے۔ جو ظلم کرتا ہے وہ ’پاپی‘ (گنہگار) ہے۔ ظلم برداشت کرنا بھی گناہ ہے۔ کسی نے کسانوں کے حق کے لیے تو کسی نے ظلم کے خلاف کچھ کیا ہے۔ کسی نے ایوارڈ واپس کر کے اپنا غصہ ظاہر کیا ہے۔ کسانوں کے حق کے لیے، سرکاری ظلم کے غصے کے درمیان ’سیوادار‘ خودکشی کرتا ہے۔ یہ ظلم کے خلاف آواز ہے۔ واہے گرو جی کا خالصا، واہے گروجی کی فتح۔‘‘
Published: 28 Dec 2020, 4:10 PM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 28 Dec 2020, 4:10 PM IST
تصویر: پریس ریلیز