ممبئی: مہاراشٹرپردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے کانگریس رہنما و راجیہ سبھا رکن مرحوم احمد پٹیل کی تعزیتی نشست کل شام ممبئی کے یشونت راؤ چوہان پرتسٹھان میں ہوئی، جس میں ریاست کے وزیراعلیٰ ادھوٹھاکرے، این سی پی کے سربراہ شردپوار، کانگریس کے ریاستی صدر بالاصاحب تھورات، حزبِ اختلاف کے لیڈر دیوندرفڈنویس سمیت ریاست بھر کے بیشتر قدآر لیڈران شریک ہوئے۔
Published: undefined
اس موقع پر وزیراعلیٰ ادھوٹھاکرے نے کہا کہ احمد پٹیل ایسی شخصیت کے حامل تھے جو ہمیشہ مصروف رہتے تھے۔ ایسے شخصیتیں تلاش کرنے پر بھی نہیں ملتیں۔ احمد پٹیل نے 26 سال کی عمر میں اپنا پہلا الیکشن لڑا اور آخر تک وہ سرگرم رہے مگر کبھی ان کے اندر عہدے کی کوئی طلب نہیں دیکھی گئی۔ انہوں نے پارٹی کے لیے خود کو وقف کردیا تھا۔ اپنی پارٹی کو مضبوط ومستحکم کرنے میں ہی ان کی پوری توجہ رہی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ احمد پٹیل ہی تھے جنہوں نے مہاراشٹر میں کانگریس، این سی پی و شیوسینا کے اتحاد کو تشکیل دیا، اس لیے ہم ان کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے مہاوکاس اگھاڑی کے قیام میں اہم اور قائدانہ رول ادا کیا۔
Published: undefined
اس موقع پر این سی پی کے قومی سربراہ شردپوار نے کہا کہ 1984 میں راجیوگاندھی کے ساتھ جونوجوان چہرے تھے ان میں سے ایک احمد پٹیل تھے۔ اپنی پوری زندگی انہوں نے پارٹی کی تنظیم کے لیے کام کیا۔ ان کے دل میچ پارٹی کے استحکام کی مسلسل فکر رہتی تھی۔ یو پی اے کے دورِ حکومت میں ان پر دس سال تک نہایت اہم ذمہ داری رہی۔ اس دوران اگر کچھ مسائل پیدا ہوئے تو سونیاگاندھی ومنموہن سنگھ کے ساتھ انہوں نے اسے حل کرنے میں اپنی بھرپور مہارت کا ثبوت دیا۔
Published: undefined
شردپوار نے کہا کہ ان کی ہمیشہ یہی کوشش رہتی تھی کہ یو پی اے حکومت کیسے کامیابی کے ساتھ چلے، یوپی اے میں شامل تمام پارٹیوں کو کیسے متحد رکھا جائے اور اگر کبھی کوئی مشکل درپیش آتی تھی تو اس میں سے نکلنے کا راستہ کیسے تلاش کیا جائے۔ اقتدار میں شامل رہتے ہوئے بھی احمد پٹیل کے دماغ میں کبھی اقتدار کی ہوس نہیں پیدا ہوئی۔ ان کا مزاج مکمل طور پر پارٹی کی تنظیمی قوت مضبوط کرنے کا رہا ہے۔
Published: undefined
مہاراشٹر پردیش کانگریس کے صدر بالاصاحب تھورات نے کہا کہ ریاست میں کانگریس، این سی پی وشیوسینا کی حکومت کے قیام میں احمد پٹیل کا کردار نہایت اہم رہا ہے۔ اپنے آخری ایام میں انہوں نے نہایت گراں قدر خدمت انجام دیتے ہوئے ریاست میں مہاوکاس اگھاڑی کی حکومت قائم کرنے میں مدد کی۔ احمد پٹیل بھائی کے یاد داشت بلا کی تھی۔ وہ ملک کے تمام سیاسی قائدین کو نہ صرف جانتے تھے بلکہ ان کے رابطے میں بھی رہتے تھے۔ جب پارٹی کچھ کمزوریوں کی شکار ہوئی تو احمد پٹیل نے انہیں دور کرنے کے لیے بہت محنت کی۔ ان کے پاس موجودہ وزیراعظم نریندرمودی کو چیلنج کرنے کی قوت تھی۔ وہ ہمیشہ مہاوکاس اگھاڑی حکومت کی رہنمائی کرتے رہے۔ احمد پٹیل کا اس دنیا سے چلے جانا گویا ایک باب کا خاتمہ ہے۔ وہ ہمارے دلوں میں ہمیشہ ایک لیجنڈن کی حیثیت سے زندہ رہیں گے۔
Published: undefined
ریاست کے سابق وزیراعلیٰ اور محکمہ تعمیرات عامہ کے موجودہ وزیر اشوک چوہان نے کہا کہ ریاست میں مہاوکاس اگھاڑی کا قیام دراصل احمد پٹیل کی ہی وجہ سے ممکن ہوسکا۔ جبکہ سابق وزیراعلیٰ سشیل کمار شندے نے کہا کہ 1992 میں جب احمد پٹیل جنرل سکریٹری کی حیثیت سے مرکزی سیاست میں توجہ دینا شروع کی تو اس وقت نرسمہاراؤ اور سونیاگاندھی کے درمیان رابطے کا ذریعہ صرف احمد پٹیل ہی تھے۔ احمد پٹیل وہ عظیم لیڈر تھے جو حکومت کی تشکیل سے لے کر اسے چلانے تک کی مہارت رکھتے تھے۔
Published: undefined
ریاست کے طبی تعلیم کے وزیر امت دیشمکھ نے بھی احمد پٹیل کو خراج عقیدت پیش کیا۔ احمد پٹیل کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے ان کی آواز بھرآئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ میرے والد ولاس راؤ دیشمکھ اور احمد پٹیل کے نہایت گہرے تعلقات تھے۔ ان کے چلے جانے سے میرا بہت زیادہ ذاتی نقصان ہوا ہے۔
Published: undefined
حزبِ مخالف لیڈر دیوندرفڈنویس نے اس موقع پر کہا کہ احمد پٹیل کی اچانک موت سے ہم سب کو شدید صدمہ پہنچا۔ ملک کی سیاست میں ان کا علیحدہ مقام تھا۔ میری ان سے دوبار ملاقات ہوئی تھی اس دوران ان کی سادگی اور ملنساری نے مجھے ان کا گرویدہ بنالیا تھا۔ جس احمد پٹیل نے کئی لوگوں کو وزیراعلیٰ بنائے کئی لوگوں کو وزیر بنائے، وہ احمد پٹیل کبھی کوئی وزیر نہیں بنا۔ یہ تھی ان کی سادگی اوراپنی پارٹی کی تنظیم سے ان کا جڑاؤ۔ انہوں نے پارٹی کی تنظیم کی جانب ہمیشہ توجہ دی۔ بیشتر پارٹیوں میں وزیر بننے والے ہوتے ہیں مگر پردے کے پیچھے سے احمد پٹیل بھائی کی طرح کام کرنے والے کم ہی ہوتے ہیں۔
Published: undefined
اس تعزیتی میٹنگ میں مذکورہ بالا خیالات کا اظہار کرنے والے لیڈران کے علاوہ ودھان سبھا کے چیئرمین نانا پٹولے، مہاراشٹر کانگریس کے نگراں ایچ کے پاٹل، سابق وزیراعلیٰ پرتھوی راج چوہان، ممبئی کانگریس کے صدر ایکناتھ گائیکواڑ، اور دیگر لیڑران اس موقع پر موجود تھے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined