سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے ریشی پورہ ترال میں پیر کی شام شروع ہونے والا مسلح تصادم منگل کی صبح دو ملی ٹینٹوں کی ہلاکت پر ختم ہوگیا۔ مسلح تصادم کے دوران ایک عام شہری زخمی ہوگیا، تاہم فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
اطلاعات کے مطابق ہلاک شدہ ملی ٹینٹ ’حزب المجاہدین‘ کے ساتھ وابستہ تھے۔ ان کی شناخت ادفر فیاض پرے ولد فیاض احمد ساکنہ گلشن پورہ ترال اورعرفان احمد راتھر ولد غلام حسن راتھر ساکنہ شریف آباد ترال کے بطور ہوئی ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق مسلح تصادم کے حاشیہ پر مقامی نوجوانوں اور فورسز کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ ان میں فوری طور پر کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ریشی پورہ ترال میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر فوج، جموں وکشمیر پولس کے ایس او جی اور سی آر پی ایف نے مذکورہ علاقہ کو پیر کی شام محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن چلایا۔ انہوں نے بتایا کہ تلاشی آپریشن کے دوران علاقہ میں موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان گولہ باری کا تبادلہ شروع ہوا۔
Published: undefined
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ طرفین کے مابین گولیوں کا تبادلہ وقفہ وقفہ سے منگل کی صبح تک جاری رہا۔ انہوں نے بتایا 'تصادم دو ملی ٹینٹوں کی ہلاکت پر ختم ہوگیا ہے'۔
ذرائع نے بتایا کہ مسلح تصادم کے مقام سے دو اے کے 47 رائفلیں اور دیگر اسلحہ وگولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تصادم کے دوران ایک عام شہری زخمی ہوا جس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔ زخمی شہری کی شناخت 45 سالہ فاروق احمد کے طور پر ہوئی ہے۔ انتظامیہ نے احتیاطی طور پر ضلع پلوامہ میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع کرادی ہیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined