قومی خبریں

پلوامہ میں مسلح تصادم، انصار غزوة الہند کے ڈپٹی چیف سمیت 6 ملی ٹنٹ ہلاک

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پلوامہ میں ملی ٹنٹوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر ایجنسیوں نے مذکورہ علاقہ میں ہفتہ کی علی الصبح کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں ہفتہ کی صبح ہونے والے ایک مختصر مسلح تصادم میں 6 ملی ٹنٹ مارے گئے۔ مہلوک ملی ٹنٹوں میں ذاکر موسیٰ کی قیادت والی انصار غزوة الہند کا ڈپٹی چیف بھی شامل ہے۔

کشمیر زون پولس نے اپنے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر ایک ٹوئٹ میں کہا 'اونتی پورہ پلوامہ میں ہونے والے مسلح تصادم میں 6 ملی ٹنٹوں کو ہلاک کیا گیا۔ اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا۔ فورسز کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔ مارے گئے ملی ٹنٹوں کی شناخت کی جارہی ہے'۔فوج کی چنار کور نے ایک ٹوئٹ میں کہا 'پلوامہ تصادم میں چھ ملی ٹنٹ مارے گئے۔ان سے ہتھیار اور جنگی ساز و سامان برآمد کیا گیا'۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پلوامہ کے آرم پورہ ڈاڈسرہ میں ملی ٹنٹوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر فوج کی 42 راشٹریہ رائفلز، جموں وکشمیر پولس کے اسپیشل آپریشن گروپ اور سی آر پی ایف نے مذکورہ علاقہ میں ہفتہ کی علی الصبح کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسزنے تلاشی آپریشن کے دوران ایک میوہ باغ میں قائم ملی ٹنٹوں کے خفیہ ٹھکانے کو نشانہ بناکر فائرنگ کی۔

Published: undefined

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ خفیہ ٹھکانے پر موجود ملی ٹنٹوں نے جوابی فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے مابین مسلح تصادم چھڑ گیا۔ انہوں نے بتایا کہ کچھ دیر تک جاری رہنے والے اس مسلح تصادم میں چھ ملی ٹنٹوں کو ہلاک کیا گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مارے گئے ملی ٹنٹوں کی شناخت معلوم کی جارہی ہے۔

دریں اثنا ملی ٹنٹوں کی ہلاکت کے خلاف قصبہ ترال اور اس سے ملحقہ علاقوں میں مقامی نوجوانوں نے سڑکوں پر نکل کر احتجاجی مظاہرے شروع کردیئے ہیں۔ انتظامیہ نے احتیاطی طور پر ضلع پلوامہ میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع کرادی ہیں۔ اس کے علاوہ ریلوے حکام نے مقامی پولس انتظامیہ کے مشورے پر بانہال اور سری نگر کے درمیان چلنے والی ریل خدمات معطل کردی ہیں۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined