قومی خبریں

لائیو بلاگ: ہائی کورٹ سے بھی عآپ کو راحت نہیں!

دہلی کی برسر اقتدار جماعت عام آدمی پارٹی کے 20 ارکان اسمبلی کو آفس آف پروفٹ معاملہ میں الیکشن کمیشن نے جھٹکا دیتے ہوئے نا اہل قرار دے دیا ہے اور اپنی سفارش صدر جمہوریہ کے پاس منظوری کے لئے بھیج دی ہے۔

قومی آواز گرافکس
قومی آواز گرافکس الیشن کمیشن نے سفارش منظوری کے لئے صدر کے پاس بھیج دی

دہلی ہائی کورٹ کی سماعت ختم، آئندہ سماعت پیر کو

عام آدمی پارٹی کو دہلی ہائی کورٹ کے اس فیصلے سے زبردست جھٹکا لگا ہے کہ انھیں فوری راحت نہیں دی جا سکتی۔ عدالت نے دونوں فریقین کی دلیلیں سننے کے بعد یہ فیصلہ سنایا۔ اس معاملے میں آئندہ سماعت بروز پیر ہوگی۔ ساتھ ہی عدالت نے یہ بھی کہا ہے کہ انتخابی کمیشن نے جو سفارش صدر جمہوریہ کے پاس بھیجی ہے اس پر کوئی بھی فیصلہ لینے کے لیے صدر جمہوریہ آزاد ہیں۔ بروز پیر انتخابی کمیشن عدالت کے ذریعہ پوچھے گئے سوالات کا جواب داخل کرے گی۔

Published: 19 Jan 2018, 2:27 PM IST

ہائی کورٹ سے بھی عام آدمی پارٹی کو کوئی راحت نہیں!

ہائی کورٹ نے عام آدمی پارٹی کو عبوری راحت دینے سے انکار کر دیا ہے۔ ہائی کورٹ نے پورے معاملے پر انتخابی کمیشن سے جواب مانگا ہے اور اس سے پوچھا ہے کہ صدر جمہوریہ کو اس سلسلے میں کوئی مشورہ بھی دیا گیا ہے یا نہیں؟ دس منٹ بعد پھر سے سماعت شروع ہونے کا امکان ہے۔ لیکن سماعت کے دوران عدالت نے کہا ہے کہ ابھی تک کی دلیلوں کو سن کر ایسا نہیں لگتا کہ عآپ کو کسی طرح کی راحت دی جانی چاہیے۔

Published: 19 Jan 2018, 2:27 PM IST

دہلی ہائی کورٹ نے عام آدمی پارٹی کو ڈانٹ لگائی

دہلی ہائی کورٹ نے عام آدمی پارٹی کو ڈانٹ لگائی ہے۔ عدالت نے عآپ سے کہا کہ جب آپ نے عدالت میں کوئی اسٹے نہیں دیا پھر انتخابی کمیشن سے کیسے کہا کہ ہائی کورٹ نے روک لگائی ہے، کیا یہ سچ ہے؟ کیا ہائی کورٹ نے روک لگائی تھی؟ ہائی کورٹ نے کوئی روک نہیں لگائی تھی۔

ڈانٹ لگاتے ہوئے دہلی ہائی کورٹ نے یہ بھی کہا کہ آپ اپنی مرضی سے طے کر لیتے ہیں کہ آپ کو انتخابی کمیشن کے سامنے نہیں جانا۔ جب آپ انتخابی کمیشن کے ذریعہ بار بار طلب کیے جانے کے بعد بھی نہیں جا رہے تو وہ کیا کریں گے؟ انتخابی کمیشن آپ کو بار بار بولتا رہا کہ اپنا جواب دیں لیکن آپ خاموش رہے۔

Published: 19 Jan 2018, 2:27 PM IST

ممتا بنرجی نے کیجریوال کی حمایت میں ٹوئٹ کیا

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اروند کیجریوال کی حمایت میں ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’ایک آئینی ادارہ کو سیاسی بدلہ لینے کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ عآپ کے 20 ممبران اسمبلی کو انتخابی کمیشن نے سماعت کا موقع نہیں دیا۔ انتہائی افسوسناک۔ یہ قدرتی انصاف کے اصولوں کے خلاف ہے۔ اس وقت ہم مضبوطی سے اروند کیجریوال اور ان کی ٹیم کے ساتھ ہیں۔‘‘

Published: 19 Jan 2018, 2:27 PM IST

عآپ کے 20 ممبران اسمبلی کی رکنیت سے متعلق دہلی ہائی کورٹ میں سماعت

دہلی ہائی کورٹ میں سماعت جاری ہے۔ سماعت کے دوران ابھی عام آدمی پارٹی کے وکیل اپنی دلیلیں پیش کر رہے ہیں۔ عآپ کے وکیل نے کہا کہ ’’ہم نے انتخابی کمیشن کو جواب دیا اور اپنے جواب میں بتایا کہ ہماری بات پوری طرح سے نہیں سنی جا رہی ہے۔ کمیشن کو اس بات کی جانچ کرنی چاہیے کہ الزام میں کتنی سچائی ہے۔‘‘ عآپ کے وکیل نے عدالت سے یہ بھی بتایا کہ انھوں نے انتخابی کمیشن سے کہا تھا کہ جب تک ہائی کورٹ فیصلہ نہیں کرتا تب تک رپورٹ مکمل نہ کی جائے۔

Published: 19 Jan 2018, 2:27 PM IST

کانگریس صدر دفتر میں میٹنگ شروع

کانگریس صدر دفتر میں میٹنگ شروع۔ میٹنگ میں پارٹی کے کئی بڑے لیڈران موجود ہیں اور بروز پیر عآپ کے خلاف مظاہرہ کرنے کی پالیسی پر غور و خوض کیا جا رہا ہے۔ میٹنگ میں کانگریس کے ریاستی صدر اجے ماکن نے 20 میں سے 13 سیٹیں جیتنے کا دعویٰ کیا ہے۔

Published: 19 Jan 2018, 2:27 PM IST

عآپ ممبران اسمبلی ہائی کورٹ پہنچے

ذرائع کے مطابق عام آدمی پارٹی کے سات ممبران اسمبلی ہائی کورٹ پہنچ گئے ہیں۔ ان میں وہ تین ممبران اسمبلی بھی شامل ہیں جو کچھ دیر قبل انتخابی کمیشن گئے تھے۔

Published: 19 Jan 2018, 2:27 PM IST

عآپ کے 20 ممبران اسمبلی کو نااہل قرار دئے جانے کے بعد ہلچل جاری

  • فائدے کا عہدہ معاملہ میں عام آدمی پارٹی نے ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ عدالت عالیہ میں الیکشن کمیشن کے فیصلہ کو چیلنج کرتے ہوئے عآپ نے کہا کہ انہیں اپنا موقف رکھنے کا موقع نہیں دیا گیا اور پوری سماعت کے بغیر ہی فیصلہ سنا دیا گیا۔ کے خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے حوالے سے خبر ہے کہ فائدہ کا عہدہ معاملہ میں عام آدمی پارٹی کی عرضی پر ہائی کورٹ میں آج ہی سماعت ہوگی۔
  • 20 ممکنہ سیٹوں کے حوالے سے دہلی کانگریس نے شام کو میٹنگ طلب کی ہے۔
  • بی جے پی نے پریس کانفرنس کر کے عآپ پر حملہ بولا۔ بی جے پی کے ترجمان سمبت پاترا نے کہا ’’جس حکومت نے انا کی تحریک سے سفر کا آغاز کیا تھا وہ آج سب سے زیادہ بدعنوان پارٹی ہے۔ اراکین اسمبلی کا معاملہ چور کی داڑھی میں تنکہ والا معاملہ ہے۔‘‘
  • عام آدمی پارٹی کے تین اراکین اسمبلی اسمبلی سے واپس لوٹے۔ رکن اسمبلی راجیش گپتا نے کہا ’’ہم نے خط کی کاپی مانگی تھی لیکن وہ ہمیں نہیں دی گئی۔ معاملہ ہائی کورٹ میں ہے۔‘‘

Published: 19 Jan 2018, 2:27 PM IST

وہ تمام ممبران اسمبلی جنہیں نااہل قرار دینے کی سفارش کی گئی ہے

پروین کمار، شرد کمار، آدرش شاستری، مدن لال، چرن گویل، سریتا سنگھ، نریش یادو، جرنیل سنگھ، راجیش گپتا، الکا لامبا، نتن تیاگی، سنجیو جھا، کیلاش گہلوت، وجندر گرگ، راجیش رشی، انل کمار واجپئی، سوم دت، سلبیر سنگھ ڈالا، منوج کمار اور اوتار سنگھ۔

Published: 19 Jan 2018, 2:27 PM IST

قومی آواز گرافکس

اے کے جوتی مودی قرض چکانا چاہتے ہیں: سوربھ بھاردواج

دہلی کے وزیر سوربھ بھاردوار نے رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ’’چیف الیکشن کمشنر 23 جنوری کو اپنی سالگرہ منائیں گے اور وہ 65 سال کے ہو جائیں گے۔ اس کے بعد وہ عہدے پر نہیں رہ پائیں گے اس لئے وہ مودی کو قرض چکانا چاہتے ہیں۔‘‘

Published: 19 Jan 2018, 2:27 PM IST

تصویر قومی آواز

عآپ حکومت بدعنوان ہے: کانگریس

عام آدمی پارٹی کے 20 اراکین اسمبلی کو نااہل قرار دینے کے فوراً بعد دہلی پردیش کانگریس کی طرف سے پریس کانفرنس کی گئی جس میں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے اجے ماکن نے کہا عام آدمی پارٹی کی بد عنوانی اب جگ ظاہر ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راجیہ سبھا کی سیٹ بھی عآپ نے فروخت کی ہے۔

Published: 19 Jan 2018, 2:27 PM IST

تصویر قومی آواز

کیا کہتا ہے قانون؟

جہاں تک قوانین و ضوابط کا سوال ہے، گورنمنٹ آف نیشنل کیپٹل ٹیریٹری آف دہلی ایکٹ، 1991 کے تحت دہلی میں صرف ایک پارلیمانی سکریٹری کا عہدہ ہو سکتا ہے۔ یہ پارلیمانی سکریٹری وزیر اعلیٰ دفتر سے جڑا ہوگا لیکن کیجریوال نے اپنے 21 ممبران اسمبلی کو یہ عہدہ دے دیا۔ چونکہ ایک ممبر اسمبلی نے پہلے ہی استعفیٰ دے دیا ہے اس لیے انتخابی کمیشن نے آج عآپ کے 20 ممبران اسمبلی کی نااہلی پر مبنی رپورٹ صدر جمہوریہ کے پاس بھیجی ہے۔

Published: 19 Jan 2018, 2:27 PM IST

کیجریوال اندھے ہو چکے تھے: کپل مشرا

عآپ کے 20 ممبران اسمبلی کو نااہل قرار دئے جانے پر دہلی کے سابق وزیر کپل مشرا نے کیجریوال پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ کیجریوال پیسہ کے للچ میں اندھے ہو چکے تھے۔

Published: 19 Jan 2018, 2:27 PM IST

پرشانت بھوشن نے عرضی داخل کی تھی

سماجی کارکن اور وکیل پرشانت پٹیل نے مارچ 2015 میں صدر جمہوریہ کے یہاں پٹیشن داخل کر کے بتایا کہ کیجریوال کی پارٹی کے 21 ممبران اسمبلی پارلیمانی سکریٹری بنائے گئے ہیں۔ یہ سبھی فائدہ کے عہدہ پر ہیں، اس لیے ان کی رکنیت ختم کی جائے۔ بعد میں صدر جمہوریہ نے انتخابی کمیشن میں کیس کو بھیج دیا جہاں اس معاملے پر سماعت ہوئی اور مکمل رپورٹ صدر جمہوریہ کے پاس بھیج دی گئی۔ اس پورے معاملے میں عآپ کا کہنا تھا کہ ملک کی کئی ریاستوں میں پارلیمانی سکریٹری کے عہدوں پر وزرائے اعلیٰ اپنے ممبران اسمبلی کی تقرری کرتے ہیں پھر انھیں کیوں روکا جا رہا ہے؟ دراصل کیجریوال جن ریاستوں کی بات کر رہے تھے وہاں کی حکومتوں نے پہلے قانون بنایا اس کے بعد وہاں پارلیمانی سکریٹری کی تقرری کی گئی جب کہ دہلی میں ایسا نہیں ہوا۔

Published: 19 Jan 2018, 2:27 PM IST

تصویر سوشل میڈیا

نا اہلی کا دہلی حکومت پر کیا اثر پڑے گا؟

الیکشن کمیشن کے ذریعہ رپورٹ صدر جمہوریہ کے پاس بھیجے جانے کے بعد اب بڑا سوال یہ ہے کہ اس کا اثر دہلی حکومت پر کیا پڑ سکتا ہے۔ عآپ کی سیٹوں پر نظر ڈالی جائے تو ان کے پاس اس وقت کل 66 ممبران اسمبلی ہیں اور اقتدار پر بنے رہنے کے لیے انھیں 36 ممبران اسمبلی کی ضرورت ہے۔ اس طرح دیکھا جائے تو 20 ممبران اسمبلی کی رکنیت ختم ہونے کے باوجود ان کے پاس 46 سیٹیں ہوں گی، گویا کہ کیجریوال حکومت کے گرنے کا خطرہ نہیں ہے۔ لیکن صدر جمہوریہ کے ذریعہ الیکشن کمیشن کی رپورٹ پر مہر ثبت کرنے کے بعد کمیشن ان 20 سیٹوں پر دوبارہ انتخابات کرائے گی۔

Published: 19 Jan 2018, 2:27 PM IST

فیصلہ عدالت میں ہونا چاہئے: عآپ

حالانکہ برسراقتدار عآپ اس پورے معاملے میں اپنی دفاع کر رہی ہے اور اس کا کہنا ہے کہ انتخابی کمیشن 20 ممبران اسمبلی کی نااہلی کا فیصلہ نہیں سنا سکتا، اس کا فیصلہ عدالت میں ہونا چاہیے۔

Published: 19 Jan 2018, 2:27 PM IST

تصویر سوشل میڈیا

الیکشن کمیشن نے عآپ کے 20 ممبران اسمبلی کو نااہل قرار دیا!

الیکشن کمیشن نے ایک بڑا فیصلہ سناتے ہوئے دہلی میں برسراقتدار عام آدمی پارٹی (عآپ) کے 20 ممبران اسمبلی کو نااہل قرار دے دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے اس فیصلہ کے بعد اروند کیجریوال کی قیادت والی عآپ حکومت کے لیے مشکلیں بڑھ گئی ہیں۔ اس سلسلے میں الیکشن کمیشن نے اپنی رپورٹ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کو بھیج دی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ ان ممبران اسمبلی کو پارلیمانی سکریٹری بنائے جانے کے بعد سے ہی ان کی رکنیت پر خطرہ منڈلا رہا تھا۔ دراصل چیف الیکشن کمشنر اے کے جیوتی 22 جنوری کو سبکدوش ہونے والے ہیں۔ اپنی سبکدوشی سے قبل وہ سبھی زیر التوا معاملوں کو ختم کرنا چاہتے ہیں اس لیے کمیشن نے عآپ کے 20 ممبران اسمبلی سے متعلق اپنی رپورٹ صدر جمہوریہ کے پاس بھیج دی۔

Published: 19 Jan 2018, 2:27 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 19 Jan 2018, 2:27 PM IST