شیوسینا باغی گروپ کے قائد ایکناتھ شندے نے مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لے لیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی گزشتہ کچھ دنوں سے ریاست میں چل رہی سیاسی اتھل پتھل کا کچھ حد تک خاتمہ ہو گیا ہے۔ لیکن حیرانی کی بات یہ ہے کہ بی جے پی لیڈر اور مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس، جن کے وزیر اعلیٰ بننے کی قیاس آرائی ہو رہی تھی، انھوں نے نائب وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لیا ہے۔ ایکناتھ شندے اور دیویندر فڈنویس دونوں کو مہاراشٹر کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔ اب کابینہ کی توسیع کا عمل انجام پائے گا اور آنے والے دنوں میں شیوسینا و بی جے پی لیڈران کی بطور وزیر حلف برداری ہوگی۔
Published: undefined
اس سے قبل دیویندر فڈنویس اور ایکناتھ شندے نے گورنر کوشیاری سے ملاقات کی جس کے بعد فڈنویس نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ وزیر اعلیٰ نہیں بنیں گے بلکہ ایکناتھ شندے وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لیں گے۔ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی اعلان کیا تھا کہ ایکناتھ کابینہ میں وہ شامل نہیں ہوں گے۔ پھر بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈّا کا ایک بیان سامنے آیا جس میں انھوں نے کہا کہ ’’دیویندر فڈنویس کو نائب وزیر اعلیٰ بننا چاہیے۔ ان کی طرف سے بڑا دل دکھایا گیا ہے، لیکن انھیں اس حکومت میں شامل ہونا چاہیے۔‘‘ نڈّا کی اس اپیل کو دیویندر فڈنویس مان لیا، اور مہاراشٹر کا نائب وزیر اعلیٰ بننے پر رضامندی کی مہر لگا دی۔
Published: undefined
واضح رہے کہ بدھ کے روز ادھو ٹھاکرے نے مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ عہدہ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ اس کے بعد آج بی جے پی لیڈر دیویندر فڈنویس اور ایکناتھ شندے نے راج بھون جا کر گورنر کے سامنے حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کیا۔ گورنر سے ملاقات کے بعد فڈنویس اور ایکناتھ نے مشترکہ پریس کانفرنس کیا تھا۔ جب فڈنویس نے اعلان کیا کہ ایکناتھ شندے وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لیں گے، تو وہاں موجود سبھی حیران رہ گئے۔ بعد ازاں ایکناتھ شندے نے کہا کہ ’’سابق وزیر اعلیٰ فڈنویس نے بڑا دل دکھایا ہے۔ ان کے جیسا انسان ملنا مشکل ہے۔ جس کے پاس 120 اراکین اسمبلی ہیں، کوئی بھی ایسا نہیں کرتا۔ پنچایت یا میونسپل کارپوریشن چیف کا عہدہ بھی کوئی نہیں دینا چاہتا، یہ تو وزیر اعلیٰ کا عہدہ ہے۔‘‘
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined