ممبئی: الیکشن کمیشن آف انڈیا نے بی جے پی کی لوک سبھا امیدوار اور مالیگاؤں بم دھماکہ کی ملزمہ سادھوی پرگیہ کے خلاف ممبئی کے صحافی محمد جاوید شیخ کی شکایت کو مسترد کردیا ہے۔ اس شکایت میں صحافی نے پرگیہ سنگھ کے اس بیان پر کارروائی کا مطالبہ کیا تھا جس میں انہوں نے اے ٹی ایس چیف آنجہانی ہیمنت کرکرے کی توہین کی تھی۔
محمد جاویدشیخ نے شکایت میں کہا تھا کہ چونکہ سادھوی نے ایک شہید افسر کی توہین کی ہے اور یہ ہندو مسلم یکجہتی کے لئے بھی خطرہ ہے اس لئے ان کے خلاف کارروائی ہو ۔لیکن الیکشن کمیشن آف انڈیا نے شکایت کنندہ صحافی محمد جاوید شیخ کی عرضی کو خارج کردیا۔
محمد جاوید شیخ کا کہنا ہے کہ ممبئی حملوں میں شہید ہیمنت کر کرے کی توہین کر نے والی سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر نے ان کی کردار کشی کر نے کے ساتھ عوامی جلسہ میں آنجہانی ہیمنت کر کرے کی شان میں گستاخی کی تھی ۔ ملک کے سب سے عظیم اعزاز اشوک چکر ایوارڈ یافتہ شہید ہیمنت کر کرے کو بعد ازمرگ توہین آمیز کلمات سے نوازا جانا پولیس افسران اور اپنے فرض پر جان نچھاور کرنے والے پولیس والوں کی توہین کے مترادف ہے۔
Published: undefined
ہیمنت کر کرے کی توہین کے خلاف ممبئی کے صحافی محمد جاوید شیخ نے گزشتہ روز الیکشن کمیشن آف انڈیا میں اپنی آن لائن شکایت درج کروائی تھی جس میں الیکشن کمیشن نے اس شکایت کو یہ کہتے ہوئے خارج کردیا کہ سادھوی پر توہین کا کوئی معاملہ نہیں بنتا۔
واضح رہے کہ پرگیہ ٹھاکر پر دہشت گردی کا الزام ہے اور اس کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں وہ شہید ہیمنت کرکرے کے خلاف بیانبازی کرتی نظر آ رہی ہے۔ پرگیہ ٹھاکر ایک دہائی سے زیادہ وقت پہلے مہاراشٹر کے مالے گاؤں دھماکے معاملے میں مہاراشٹر اے ٹی ایس کی حراست میں کافی وقت رہی ہے۔ اس وقت ہیمنت کرکرے نے بھی ان سے ریمانڈ کے دوران پوچھ تاچھ کی تھی۔ اسی حوالہ سے بات کرتے ہوئے پرگیہ نے کہا تھا کہ ’’میرے خلاف ثبوت نہ ہوتے ہوئے بھی کرکرے نے میرا استحصال کیا تھا، میں نے اس پر ہیمنت کرکرے کو بددعا دے دی۔ سوا مہینے بعد ہی دہشت گرد قصاب نے اسے ختم کر دیا۔‘‘
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined