کورونا وائرس انفیکشن کے بڑھتے اثرات کی وجہ سے پی ایم مودی نے لاک ڈاؤن کی مدت بڑھا کر 3 مئی کر دی ہے، لیکن اس لاک ڈاؤن کی وجہ سے مہاجر مزدوروں کے مسائل دھیرے دھیرے کر کے سامنے آنے لگے ہیں۔ کئی مہاجر مزدور سخت مشقت کے بعد سینکڑوں کلو میٹر پیدل سفر کر کے گھر پہنچ چکے ہیں، تو کچھ کی راستے میں موت کی دردناک خبریں بھی سامنے آ چکی ہیں۔ اس درمیان ایک مہاجر مزدور گجرات سے اپنے گھر آسام 25 دنوں میں پہنچا۔ اس دوران اس نے بے پناہ مشقتیں اٹھائیں اور پھر گھر پہنچنے کے بعد نڈھال ہو کر کہا کہ "اب کبھی گھر چھوڑ کر نہیں جاؤں گا۔"
Published: 22 Apr 2020, 10:15 AM IST
دراصل جادھو گگوئی آسام کے باشندہ ہیں جو گجرات میں اپنا اور اپنے گھر والوں کا پیٹ پالنے کے لیے مزدوری کرتے ہیں۔ جادھو گگوئی پیر کے روز اپنے گاؤں پہنچے اور پھر وہاں لوگوں کو راستے کے مشقت کی درد بھری کہانی سنائی۔ 25 دنوں کے اس سفر میں گگوئی کبھی پیدل چلے، کبھی کوئی گاڑی نظر آ گئی تو اس پر چڑھ گئے اور کبھی تھک گئے تو تھوڑی دیر بیٹھ گئے۔ فی الحال مقامی انتظامیہ نے گگوئی کو دو ہفتے کے لیے کوارنٹائن کے لیے بھیج دیا ہے، لیکن وہ اپنے گاؤں پہنچ کر پرسکون نظر آ رہے ہیں۔
Published: 22 Apr 2020, 10:15 AM IST
جادھو گگوئی کے تعلق سے انگریزی روزنامہ 'دی انڈین ایکسپریس' میں ایک رپورٹ شائع ہوئی ہے جس میں گگوئی کے تعلق سے کئی باتیں سامنے آئی ہیں۔ جادھو نے انگریزی روزنامہ سے بات چیت کے دوران بتایا کہ "میں کسی طرح اپنے گاؤں لوٹنا چاہتا تھا۔ وہاں کھانے کے لیے کچھ نہیں تھا۔ ہمارے پاس کوئی پیسہ نہیں تھا۔ دکانیں بند تھیں۔ اگر میں وہاں رہتا تو بھوکا مر جاتا۔"
Published: 22 Apr 2020, 10:15 AM IST
گگوئی تنہا گجرات سے اپنے گاؤں کے لیے نہیں نکلے تھے۔ ان کے ساتھ کچھ اور مزدور بھی تھے۔ گگوئی کا کہنا ہے کہ احمد آباد کے پاس چنڈولا سے اپنے اپنے گاؤں لوٹنے کا فیصلہ کچھ ساتھیوں نے مل کر کیا تھا۔ گگوئی کے ساتھ واپس لوٹنے والے راکیش کمار یادو کا کہنا ہے کہ "25 مارچ کو ہم لوگ وہاں (چنڈولا) سے بس سے چلے۔ اس کے بعد ٹرک پر بیٹھ کر ہم لوگ بنارس پہنچے۔ میں یہیں کا رہنے والا تھا۔ اس نے (گگوئی نے) کہا کہ وہ چلا جائے گا۔ پھر وہ کیسے آگے گیا، مجھے کچھ پتہ نہیں۔" اس کے آگے کی کہانی گگوئی کے ایک رشتہ دار نے بتائی۔ اس کے مطابق "گگوئی نے یو پی پہنچ کر مجھے فون کیا اور کہا کہ وہ بہار جانے کے لیے بس لے رہا ہے اور پھر وہ پیدل اپنے گاؤں پہنچ جائے گا۔ میں نے کہا یہ 1000 کلو میٹر کی دوری ہے، اس کے علاوہ لاک ڈاؤن بھی ہے۔ ایسے میں آنا خطرناک ہوگا۔ لیکن گگوئی نہیں مانے۔ اس کے بعد 13 اپریل کو گگوئی نے گھر کال کر کے بتایا کہ وہ آسام کے بارپیٹا پہنچ گیا ہے۔" یہاں سے ان کے گھر کی دوری تقریباً 300 کلو میٹر تھی۔
Published: 22 Apr 2020, 10:15 AM IST
تھکا دینے والا یہ سفر جادھو گگوئی نے 19 اپریل کو مکمل کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ جب گگوئی اپنے گاؤں سے 45 کلو میٹر دور پہنچے تو گھر والوں نے پولس والوں کو بتایا۔ اس کے بعد ایک کار بھیج کر انھیں وہاں سے لایا گیا۔ گاؤں پہنچ کر راحت کی سانس لینے والے گگوئی کا کہنا ہے کہ "میں خوش ہوں کہ کسی طرح اپنے گاؤں پہنچ گیا۔ لیکن ایک بات طے ہے کہ میں اپنے گھر سے اب کبھی واپس نہیں جاؤں گا۔"
Published: 22 Apr 2020, 10:15 AM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 22 Apr 2020, 10:15 AM IST