قومی خبریں

پی ایم سی بینک گھوٹالہ نے لی بزرگ کی جان، پیسے کی قلت سے نہیں ہوسکی بائی پاس سرجری

بینک گھوٹالہ کی وجہ سے پی ایم سی بینک اکاؤنٹ ہولڈرس کا پیسہ نکالنا ناممکن ہو گیا ہے جس کی وجہ سے سبھی پریشان ہیں۔ اب تک اس وجہ سے دو لوگوں کو دل کا دورہ بھی پڑ چکا ہے جس سے ان کی موت ہو گئی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

پی ایم سی بینک گھوٹالہ کی وجہ سے زندگیاں ختم ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ بینک میں پیسہ ہونے کے باوجود لوگ ضروری کام نہیں کر پا رہے۔ کہیں شادیوں پر اثر پڑ رہا ہے تو کہیں پیسہ نہ نکلنے کی وجہ سے کاروبار پر منفی اثر پڑ رہا ہے۔ تازہ معاملہ ایک بزرگ سے جڑا ہوا ہے جن کی زندگی صرف اس لیے چلی گئی کیونکہ وہ اپنے آپریشن کے لیے بینک سے پیسہ نہیں نکال پائے۔

Published: 19 Oct 2019, 1:20 PM IST

بتایا جاتا ہے کہ ممبئی میں مرلی دھر نام کے ایک بزرگ کا ان کی رہائش پر ہی انتقال ہو گیا۔ ان کے بیٹے کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر نے بائی پاس سرجری کے لیے کہا تھا لیکن سارا پیسہ پی ایم سی بینک میں پھنسا ہونے کی وجہ سے وقت پر سرجری نہیں کروا پائے۔ چار دن قبل ہی پنجاب اینڈ مہاراشٹر کو آپریٹو بینک گھوٹالہ کے متاثرہ اکاؤنٹ ہولڈرس میں سے ایک سنجے گلاٹی کا دل کا دورہ پڑنے سے موت ہو گئی تھی۔ بعد ازاں پھٹو پنجابی نامی شخص کی بھی دل کا دورہ پڑنے سے موت ہونے کی خبریں آئی تھیں۔ ایک خاتون کے ذریعہ خودکشی کا معاملہ بھی گزشتہ دنوں سامنے آیا تھا۔

Published: 19 Oct 2019, 1:20 PM IST

خبروں کے مطابق مرلی دھر کی فیملی کا تقریباً 80 لاکھ روپیہ الگ الگ اکاؤنٹس میں جمع ہے۔ مرلی دھر کی فیملی ممبئی کی ملنڈ کالونی میں رہتی ہے۔ ان کے بیٹے کا کہنا ہے کہ سرجری کے لیے تیاریاں چل رہی تھیں، لیکن اسی درمیان پی ایم سی بینک گھوٹالہ کا معاملہ سامنے آیا اور پھر اچانک پیسے نکالنے پر پابندی لگ گئی۔ اس وجہ سے سرجری کے لیے پیسہ نکالنا ناممکن ہو گیا۔ نتیجہ یہ سامنے آیا کہ مرلی دھر اب اس دنیا میں نہیں رہے۔

Published: 19 Oct 2019, 1:20 PM IST

غور طلب ہے کہ 14 اکتوبر کو پی ایم سی بینک گھوٹالہ کے متاثرہ اکاؤنٹ ہولڈرس میں سے ایک سنجے گلاٹی کا دل کا دورہ پڑنے سے موت ہو گئی تھی۔ سنجے کی فیملی کا 90 لاکھ روپیہ پی ایم سی بینک میں پھنسا ہوا ہے۔ سنجے کی اس سے قبل جیٹ ائیر ویز کی ملازمت بھی چلی گئی تھی اور وہ نیا کاروبار شروع کرنا چاہتا تھا لیکن بینک سے پیسہ نہیں نکال پایا اور دل کا دورہ پڑنے سے اس کی زندگی چلی گئی۔ سنجے متاثرہ پی ایم سی اکاؤنٹ ہولڈرس کے ساتھ بینک کے خلاف احتجاجی مظاہروں میں بھی شامل ہوا کرتےتھے۔

Published: 19 Oct 2019, 1:20 PM IST

سنجے گلاٹی کی موت کے بعد اگلے ہی دن ایک 39 سالہ خاتون ڈاکٹر نے ممبئی کے اپنے گھر پر خودکشی کر لی تھی۔ جانچ میں پتہ چلا ہے کہ اس خاتون کا پی ایم سی بینک میں اکاؤنٹ موجود ہے۔ واقعہ کی جانکاری ملنے کے بعد پولس نے معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے۔ حالانکہ پولس نے شروعاتی جانچ کی بنیاد پر خودکشی کی وجہ بینک میں ہوئے گھوٹالہ کو نہیں مانا ہے۔ پولس کا کہنا ہےکہ خاتون ڈاکٹر نے کسی دیگر وجہ سے خودکشی کی ہے۔ فی الحال اس پورے معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔ مہلوکہ ڈاکٹر کی شناخت نویدتا بجلانی کی شکل میں کی گئی تھی۔

Published: 19 Oct 2019, 1:20 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 19 Oct 2019, 1:20 PM IST