ممبئی: نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے ریجنل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڈے نے مہاراشٹر پولس ڈائریکٹر جنرل سنجے پانڈے کو مکتوب لکھ کر ان کے خلاف کوئی کارروائی نہ کرنے کی گزارش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ لوگ انہیں آرین خان معاملے میں غلط طریقے سے پھنسانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وانکھیڈے نے یہ مکتوب ایک ایسے وقت میں تحریر کیا ہے جب ممبئی کروز ڈرگس معاملے میں ایک گواہ پربھاکر شیلے نے سوشل اور الیکٹرانک میڈیا پر اس بات کا انکشاف کرکے ہلچل مچادی کہ بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان کی رہائی کے لیے 25 کروڑ روپے کی خطیر رقم کی مانگ کی گئی ہے جس میں سے وانکھیڈے کو مبینہ طور پر بڑی رقم دینے کی بات کہی گئی ہے۔
Published: undefined
اس سے پہلے مختلف میڈیا پلیٹ فارموں پر اتوار کو چلنے والی خبروں میں کہا گیا تھا کہ اسی معاملے میں ایک دیگر آزاد گواہ کے پی گوساوی فلم اداکار شاہ رخ خان کے 23 سالہ بیٹے کی رہائی کے لیے ایک بچولیے کا کردار نبھا رہے ہیں۔ بالی ووڈ اسٹار کے بیٹے کی رہائی کے لیے مبینہ طورپر 25 کروڑ روپے کی مانگ کی گئی تھی اور یہ سودا 18 کروڑ روپے میں طے ہوا تھا جس میں سے 8 کروڑ روپے سمیر وانکھیڈے کو دیئے جانے تھے اور بقیہ رقم دیگر لوگوں کے درمیان تقسیم کی جانی تھی۔
Published: undefined
پربھاکر شیلے آزاد گواہ گوساوی کے محافظ کے طور پر کام کرتا ہے اور اس کے ساتھ ہی رہتا ہے۔ انہوں نے گوساوی اور ایک دیگر فرد سیم کے درمیان ہوئی بات چیت کو سنا۔ اس کے بعد انہوں نے نریمن پوائنٹ پر سیم کو 38 لاکھ روپے دیئے۔ پربھاکر شیلے نے کہا کہ این سی بی کے افسران نے اس سے 10 عدد سادہ کاغذات پر دستخط لیے ہیں۔ گوساوی اور وانکھیڈے نے مبینہ طور پر کہا تھا کہ گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ صرف دستخط سے کچھ نہیں ہوگا اور پربھاکر شیلے نے کاغذات پر دستخط کر دیئے تھے۔ اس کے بعد سے اس نے اپنا فون نمبر بند کردیا اور شولاپور میں اپنے دوست کے گھر چلا گیا۔
Published: undefined
پربھاکر شیلے نے کہا کہ گوساوی اس کا باس ہے اس لیے اس نے اس کی بات سنی اور یہ سب کیا۔ اس نے یہ بھی کہا کہ گوساوی کے پاس اس کی تنخواہ بقایا ہے۔ آزاد گواہ گوساوی کے محافظ پربھاکر شیلے نے 23 اکتوبر کو دستخط شدہ اور آر بی گپتا نوٹری کے ذریعہ بنائے گئے حلف نامے میں انسداد منشیات جانچ ایجنسی کے بارے میں دعویٰ کیا تھا۔ پربھاکر شیلے نے 2 اکتوبر کو ممبئی کے ساحل پر کروز جہاز پر چھاپہ ماری کے دوران کی گئی جانچ اور سرگرمیوں کے بارے میں بھی متعدد الزامات عائد کیے ہیں۔
Published: undefined
قابل ذکر ہے کہ این سی بی نے 2 اکتوبر کو گوا جا رہے کارڈیلیا کروز پر مبینہ طورپر ڈرگس پارٹی کا انکشاف کیا تھا جس میں بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان اور چند دیگر افراد کو چھاپہ ماری کے دوران گرفتار کیا تھا۔ گرفتاری کے بعد سے آرین نے مقامی اور خصوصی عدالت میں دو بار ضمانت کے لیے عرضیاں داخل کیں، جنہیں مقامی عدالت نے معاملہ اپنے دائرہ اختیار سے باہر ہونے کے سبب خارج کر دیا جب کہ خصوصی عدالت نے یہ کہتے ہوئے کہ ملزم کے ضمانت پر رہا ہونے سے گواہوں پر اثر پڑ سکتا ہے اور جانچ متاثر ہوسکتی ہے، آرین کو ضمانت دینے سے انکار کر دیا تھا۔ آرین کے وکیل کی جانب سے داخل ضمانت کی نئی عرضی پر منگل کو بامبے ہائی کورٹ میں سماعت ہوگی۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز