قومی خبریں

دروپدی مرمو کے سر سجا ہندوستان کی پہلی قبائلی خاتون صدر بننے کا تاج!

دروپدی مرمو کی اس بڑی کامیابی کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے نہ صرف سوشل میڈیا پر انھیں مبارکباد پیش کی، بلکہ ان کی رہائش پر بھی پہنچے اور انھیں صدر جمہوریہ بننے کے لیے نیک خواہشات پیش کیں۔

صدر منتخب ہونے پر دروپدی مرمو کو مبارکباد پیش کرنے پہنچے وزیر اعظم مودی
صدر منتخب ہونے پر دروپدی مرمو کو مبارکباد پیش کرنے پہنچے وزیر اعظم مودی تصویر @narendramodi

صدارتی انتخاب میں این ڈی اے امیدوار دروپدی مرمو نے بہ آسانی اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار یشونت سنہا کو شکست دے دی۔ ہندوستان کی پہلی قبائلی خاتون صدر بننے والی مرمو کی آسان جیت کا اندازہ اسی بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ووٹوں کے چوتھے راؤنڈ کی گنتی چل ہی رہی تھی اور وزیر اعظم نریندر مودی و کانگریس سابق صدر راہل گاندھی سمیت سرکردہ سیاسی شخصیات نے انھیں مبارکباد دینا شروع کر دیا۔ دراصل چوتھے راؤنڈ کی گنتی شروع ہونے سے پہلے دروپدی مرمو کی جیت یقینی ہو گئی کیونکہ دروپدی مرمو اور یشونت سنہا کے درمیان ووٹوں کا فرق اتنا زیادہ ہو گیا تھا کہ بچے ہوئے ووٹ یشونت کی جیت کے لیے ناکافی ہو گئے۔

Published: undefined

دروپدی مرمو کی اس بڑی کامیابی کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے نہ صرف سوشل میڈیا پر انھیں مبارکباد پیش کی، بلکہ ان کی رہائش پر بھی پہنچے اور انھیں صدر جمہوریہ بننے کے لیے نیک خواہشات پیش کیں۔ اس دوران وزیر اعظم کے ساتھ بی جے پی صدر جے پی نڈا بھی موجود رہے۔ وزیر اعظم نے اس سے قبل اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’’قبائلی طبقہ کی ایک بیٹی کے صدر جمہوریہ منتخب ہونے کے ساتھ ہی ہندوستان نے تاریخ رقم کر دی۔ دروپدی مرمو کی زندگی مثال قائم کرنے والی ہے، ان کی کامیابی ہر ہندوستانی کو ترغیب دے گی، وہ شہریوں کے لیے امید کی شمع بن کر ابھری ہیں۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے لکھا کہ ’’ایسےو قت میں جب کہ 1.3 ارب ہندوستانی آزادی کا امرت مہوتسو منا رہے ہیں تب مشرقی ہندوستان کے ایک دور دراز حصے میں پیدا ہوئی ایک قبائلی طبقہ کی ہندوستان کی بیٹی کو ہمارا صدر منتخب کیا گیا ہے۔ محترمہ دروپدی مرمو جی کو اس جیت پر پرخلوص مبارکباد۔‘‘

Published: undefined

کانگریس کے سابق صدر اور رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے دروپدی مرمو کو 15ویں صدر جمہوریہ بننے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے جو ٹوئٹ کیا ہے اس میں لکھا ہے کہ ’’محترمہ دروپدی مرمو جی کو ہندوستان کی پندرہویں صدر کی شکل میں منتخب کیے جانے پر نیک خواہشات۔‘‘ اپوزیشن کے مشترکہ صدارتی امیدوار یشونت سنہا نے بھی مرمو کی کامیابی پر اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’’میں صدارتی انتخاب 2022 میں جیت پر دروپدی مرمو کو دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ مجھے اور ہر ہندوستانی کو امید ہے کہ پندرہویں صدر کی شکل میں وہ بغیر کسی خوف یا غیر جانبداری کے آئین کے محافظ کی شکل میں کام کریں۔ میں ہندوستانی باشندوں کے ساتھ انھیں نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔‘‘

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined