لکھنؤ: علی گڑھ میں سی اے اے مخالف مظاہرہ کے دوران محض ایک تقریر دینے کے الزام میں گزشتہ 6 مہینے سے جیل میں قید ڈاکٹر کفیل پر عائد قومی سلامتی قانون (این ایس اے) کی میعاد میں پھر سے اضافہ کر دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر کفیل اس وقت متھرا جیل میں بند ہیں، تاہم یوگی حکومت کے مطابق ان سے ملک کی سلامتی کو ’بڑا خطرہ‘ ہے!
Published: 16 Aug 2020, 9:11 AM IST
واضح رہے کہ گورکھپور میں انسیفیلائس کی وجہ سے مرتے بچوں کے لئے اپنے دم پر آکسیجن کا انتظام کرنے والے ڈاکٹر کفیل پر حکومت کی جانب سے بدعنوانی کے الزامات عائد کرنے کے بعد انہیں جیل بھیج دیا گیا تھا۔ بعد میں جب انہیں رہائی ملی تو انہوں نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں سی اے اے مخالف طلبا کے ایک مجمع سے خطاب کیا تھا۔ یوگی حکومت نے ان کے خلاف اشتعال انگیز تقریر کرنے کا الزام عائد کیا اور انہیں رواں سال ممبئی سے گرفتار کر لیا گیا۔
گرفتاری کے تین دن کے اندر ڈاکٹر کفیل کو متھرا کی ایک عدالت سے ضمانت پر رہا کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا تھا۔ تاہم ضمانت منظور ہونے سے عین قبل ان پر این ایس اے کے تحت کارروائی کر دی گئی اور انہیں جیل سے باہر نہیں آنے دیا گیا۔
Published: 16 Aug 2020, 9:11 AM IST
ڈاکٹر کفیل جس مجمع سے خطاب کر رہے تھے اس میں معروف سماجی کارکن یوگیندر یادو بھی موجود تھے اور وہ کئی مرتبہ یہ واضح کر چکے ہیں کہ ڈاکٹر کفیل نے ایسا کچھ نہیں کہا جو ملک کی سلامتی اور آئین کے خلاف ہو۔ اس سب کے باوجود بھی ڈاکٹر کفیل پر یوپی حکومت نے این ایس اے عائد کیا اور اب تک دو بار اس کی میعاد دو مرتبہ بڑھائی جا چکی ہے۔
کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی سے لے کر حزب اختلاف کے متعدد لیڈران ڈاکٹر کفیل کی رہائی کا مطالبہ کر چکے ہیں۔ یوپی کانگریس کی جانب سے ان دنوں ان کی رہائی کے لئے صوبہ بھر میں دستخط مہم بھی چلائی جا رہی ہے۔
Published: 16 Aug 2020, 9:11 AM IST
اسی مہینے 10 اگست کو الہ آباد ہائی کورٹ میں ڈاکٹر کفیل کی درخواست ضمانت پر سماعت کے دوران یوپی حکومت نے کہا تھا، ’’فروری 2020 میں علی گڑھ کے ضلع مجسٹریٹ نے ڈاکٹر کفیل پر این ایس اے عائد کرنے کو منظوری دی تھی اور اس کی مدت تین تین مہینے بڑھائی جاتی رہی ہے۔ اب اتر پردیش حکومت نے پایا ہے کہ قومی سلامتی کے نظریہ سے ایسا کرنا ضروری ہو گیا ہے۔‘‘
ڈاکٹر کفیل کی والدہ نے بیٹے کی رہائی کے لئے سپریم کورٹ میں اپیل بھی کی، جہاں سے ہائی کورٹ کو اس معاملہ کا جلد تصفیہ کرنے کا حکم دیا گیا۔ ہائی کورٹ کا کوئی فیصلہ آنے سے قبل ہی ان پر عائد این ایس اے کی میعاد میں توسیع کر کے اسے 9 مہینے کر دیا گیا۔
Published: 16 Aug 2020, 9:11 AM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 16 Aug 2020, 9:11 AM IST
تصویر: پریس ریلیز