قومی خبریں

دہلی اردو اکادمی نے ’ڈی ایس ایس ایس بی امتحان‘ کی کوچنگ کرانے کا کیا فیصلہ، اشتہار جاری

اردو، پنجابی و دیگر ہندوستانی زبانوں کے محسن شمس الدین نے کہا کہ ’قومی آواز‘ نے ٹی جی ٹی اردو کے امیدواروں کے لیے کوچنگ دلانے کی مہم میں بھرپور ساتھ دیا ہے اور آج اس کی خبروں کا اثر صاف نظر آ رہا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>اردو اکادمی دہلی</p></div>

اردو اکادمی دہلی

 

تصویر سوشل میڈیا

نئی دہلی: ٹی جی ٹی اردو 2024 کے امتحانات کی تیاری کر رہے امیدواروں کے لیے یہ خبر انتہائی خوش آئند ہے کہ دہلی اردو اکادمی اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کے تعاون سے انھیں کوچنگ کرائی جائے گی۔ اردو اکادمی دہلی نے ایک اشتہار جاری کر اس سلسلے میں جانکاری دی ہے۔ دراصل اکثر یہ دیکھنے میں آیا ہے کہ ٹی جی ٹی اُردو کی اسامیاں خالی رہ جاتی ہیں، جس کے سبب دہلی حکومت کے سرکاری اسکولوں کو اردو اساتذہ نہیں مل پاتے۔ اسی کے پیش نظر اکادمی نے سال 2024 میں منعقد ہونے والے امتحانات میں زیادہ سے زیادہ امیدواروں کی کامیابی کے لیے کوچنگ شروع کرنے جا رہی ہے۔

Published: undefined

واضح رہے کہ اس بار ڈی ایس ایس ایس بی (دہلی سب آرڈینیٹ سروسز سلیکشن بورڈ) کی جانب سے بھرتی 2024 کے لیے ٹی جی ٹی اُردو مرد زمرہ میں 265، ٹی جی ٹی اْردو خاتون زمرہ میں 356، یعنی دونوں ملا کر 621 اسامیاں نکالی گئیں ہیں۔ کوچنگ شروع ہونے کی خبر سے امیدواروں سمیت اردو دنیا سے تعلق رکھنے والے افراد میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

Published: undefined

اس کوچنگ کے تعلق سے بات کرتے ہوئے اُردو پنجابی و دیگر ہندوستانی زبانوں کے محسن شمس الدین نے کہا کہ اُردو اکادمی دہلی کی جانب سے کوچنگ و اورینٹیشن پروگرام برائے درخواست دہندگان ٹی جی ٹی (اُردو) ڈی ایس ایس ایس بی کی پہل ہونا بہت ہی خوش آئند قدم ہے۔ ہر امتحان میں لوگوں کی نگاہیں اس نتائج پر مرکوز رہتی ہیں کہ اُردو کی کتنی اسامیاں خالی رہ گئیں اور ان کی کیا کیا وجوہات رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر بار امیدوار تو زیادہ ہوتے ہیں لیکن کوچنگ نہ ملنے کے سبب امیدواروں کی اچھی تیاری نہیں ہو پاتی۔ اس لیے امیدوار کامیابی سے ہمکنار نہیں ہو پاتے۔ تاہم اس بار اکادمی کی جانب سے جو کوچنگ شروع کی جا رہی ہے، اس میں مجھے پوری امید ہے کہ وہ اُردو اساتذہ کی بھرتی میں سنگ میل ثابت ہوگی۔

Published: undefined

شمس الدین نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے یہ بھی کہا کہ میری رائے میں یہ کوچنگ آن لائن اور آف لائن دونوں موڈ میں ہونی چاہئے جس سے دہلی اور ملک کی دوسری ریاستوں کے امیدوار بھی استفادہ کر سکیں۔ دونوں موڈ میں کوچنگ اس لیے بھی ضروری ہے کہ بعض لوگ ڈی ایس ایس ایس بی امتحان کی تیاری کے ساتھ ملازمت بھی کرتے ہیں۔ اگر آن لائن کلاسز کی سہولت دی جائے گی تو ایسے امیدوار بھی فائدہ اٹھا سکیں گے۔

Published: undefined

شمس الدین کا کہنا ہے کہ ’قومی آواز‘ نے ٹی جی ٹی اُردو کے امیدواروں کے لیے کوچنگ دلانے کی مہم میں بھرپور ساتھ دیا ہے اور آج اس کی خبروں کا اثر صاف دکھائی دے رہا ہے۔ میں امید کرتا ہوں کہ اردو اکادمی دہلی اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کے مشترکہ تعاون سے شروع ہونے والی اس کوچنگ میں زیادہ سے زیادہ امیدوار داخلہ لیں گے اور ڈی ایس ایس ایس بی کا امتحان پاس کریں گے۔

Published: undefined

اُردو اکادمی دہلی کے سابق وائس چیئرمین اور پدم شری پروفیسر اختر الواسع نے اس تعلق سے کہا کہ امتحان کی کوچنگ کرانے میں اُردو اکادمی کا یہ قدم بہت ہی مستحکم قدم ہے۔ اُردو اکادمی دہلی ماضی میں بھی یہ کام کرتی آئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے وقت میں جب اُردو اساتذہ کی کوچنگ کا مسئلہ آیا تھا تو ہم نے سابق وزیر اعلی آنجہانی شیلا دیکشت کے سامنے اپنی بات رکھی تھی اور انہوں نے ہماری بات سے اتفاق رکھتے ہوئے فوراً اکادمی کے ذریعہ کوچنگ شروع کرانے کا کام کیا تھا۔ پروفیسر اختر الواسع کا یہ بھی کہنا ہے کہ میں اکادمی کو مبارکباد دیتا جس نے اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے ایک مرتبہ پھر سے اُردو کے تعلق سے ایک موثر فیصلہ لیا ہے۔

Published: undefined

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے پروفیسر اختر الواسع نے مشورہ دیا کہ زیادہ سے زیادہ اُردو اساتذہ کی تقرری کے لیے اُردو زبان و ادب کی ترقی و ترویج میں پیش پیش رہنے والی تنظیمیں اور ادارے مشترکہ طور پر کوچنگ کا انتظام و انصرام کر یں۔ کوچنگ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کوچنگ میں تعلیمی معیار کا خاص خیال رکھا جائے، کیونکہ اچھے اساتذہ ہی اچھے شاگرد تیار کرتے ہیں، محنتی اساتذہ ہی محنتی شاگرد پیدا کرتے ہیں۔

Published: undefined

ڈاکٹر ذاکر حسین میموریل سینئر سیکنڈری اسکول کے سابق پرنسپل ڈاکٹر معروف خان نے کہا کہ ظاہر ہے ڈی ایس ایس ایس بی امتحان کی اس کوچنگ سے اُردو ٹیچر بننے کے خواہشمند افراد کو فائدہ ملے گا ہی، ساتھ ہی اس کوچنگ سے اُردو زبان کو بھی فروغ ملے گا۔ اُردو اکادمی دہلی اور دوسرے اداروں سے ہم نے پہلے بھی ٹی جی ٹی اُردو کے امیدواروں کے لیے کوچنگ کا مطالبہ کیا تھا تاکہ ہر بار جو اسامیاں خالی رہ جاتی ہیں ان کو زیادہ سے زیادہ پُر کیا جا سکے۔ تاہم آج اُردو اکادمی نے اشتہار کے ذریعہ جو کوچنگ کا اعلان کیا ہے وہ قابل ستائش بھی ہے اور قابل فخر بھی۔

Published: undefined

اُردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (یو ڈی او) کے قومی صدر ڈاکٹر سید احمد خان نے اس سلسلے میں اپنی بات رکھتے ہوئے کہا کہ اردو اکادمی نے اپنی روایت کو برقرار رکھا ہے اور اُردو کے چلن کو عام کرنے کی بہت ہی کارآمد پہل کی ہے۔ اس قدم کے لیے ہم اُردو اکادمی کے سبھی عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ لیکن یہاں اس بات کی بھی ضرورت ہے کہ اکادمی کا وقار بلند رہے اور اس کے لیے ضرورت بھر اسٹاف مہیا کیا جائے، گورننگ باڈی تشکیل دی جائے تاکہ اُردو کے فروغ کا کام تیزی سے ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں حکومت وقت عوام کے جذبات کی قدر کرتے ہوئے اُردو اکادمی کی تشکیل اپنی ترجیحات میں شامل کرے گی۔

Published: undefined

بہرحال، دلچسپی رکھنے والے اور اہل امیدوار، جو ڈی ایس ایس ایس بی کی طرف سے فارم جمع کرنے کا ایڈمٹ کارڈ رکھتے ہوں وہ اردو اکادمی کے دفتر سے دفتری اوقات کے دروان سی. پی. او. بلڈنگ کشمیری گیٹ دہلی 110006 سے درخواست فارم حاصل کر سکتے ہیں۔ مزید معلومات کے لیے فون نمبر 23863858 یا 23863566 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined