نئی دہلی: ’دہلی نیائے یاترا‘ کے پانچویں دن دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے کہا کہ ناانصافی کے خلاف انصاف کی ہماری لڑائی میں جس طرح عوام کی حمایت مل رہی ہے، اس سے یقینی ہو گیا ہے کہ نوجوان، خواتین، مزدور، غریب، امیر، ذیلی و متوسط طبقہ، محروم، دلت، پسماندہ، اقلیت سمیت سبھی طبقات کانگریس کو اقتدار میں لا کر دہلی میں بڑی تبدیلی کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔ آج نیائے یاترا کے دوران کچھ اسکولی طالبات نے دیویندر یادو سے ملاقات کی اور سنگین آلودگی کے ساتھ ساتھ گھٹتے معیار تعلیم کی جانکاری بھی انھیں دی۔ اس موقع پر دہلی کانگریس صدر نے یقین دلایا کہ کانگریس کی حکومت بنتے ہی ان سے متعلق ترجیحی بنیاد فیصلے لیے جائیں گے۔
Published: undefined
آج جب پانچویں دن ’دہلی نیائے یاترا‘ کی شروعات ہوئی تو پرچم کشائی کی گئی اور پرچم کو سلامی دینے کے بعد نئے جوش و خروش کے ساتھ انصاف کے جنگجوؤں نے قدم آگے کی طرف بڑھایا۔ سبزی منڈی پولیس تھانہ کے نزدیک ایک دکان پر کام کر رہے درزی سے دیویندر یادو نے ملاقات بھی کی۔ انھوں نے آج دہلی نیائے یاترا کی شروعات راولپنڈی اسکول ملکہ گنج سے کی اور کہا کہ سماج کے مختلف محنت کش طبقہ سماج کا مضبوط ستون ہیں، یہ لوگ ہماری زندگی کو آسان بناتے ہیں۔ ہمیں بھی پیش قدمی کر کے ان کی زندگی کو آسان بنانے کی ضرورت ہے۔ کانگریس سماج کے مختلف طبقات کی مدد اور تعاون کے ساتھ اقتدار میں آتے ہی ان کی معاشی و سماجی سیکورٹی یقینی بنائے گی۔
Published: undefined
آج پانچویں دن بھی ’دہلی نیائے یاترا‘ نے تقریباً 25 کلومیٹر کا سفر طے کیا۔ راولپنڈی اسکول ملکہ گنج سے شروع ہو کر یہ یاترا بنگلہ روڈ، کملا نگر، روپ نگر پولیس اسٹیشن، مورس نگر چوک، وجئے نگر، اولڈ گپتا کالونی ماڈل ٹاؤن، کنگزوے کیمپ چوک، ڈھاکہ گاؤں، پرمانند کالونی، مکھرجی کالونی، ہریجن سیوک سنگھ، گاندھی آشرم، گوپال پور جھگی روڈ، دوپہر بعد جھڑودا چوک پولیس چوکی براڑی، 25 فٹا روڈ سریندر کالونی پارٹی-1، کوشل چوک، 100 فٹا روڈ براڑی، پھرنی 25 فٹا روڈ سے نکل کر لیبر چوک سے ہو کر ٹی وی ایس شو روم سنت نگر براڑی پر ختم ہوئی۔
Published: undefined
دیویندر یادو نے ایک مقام پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یاترا کے دوران یہ دیکھنے کو مل رہا ہے کہ بی جے پی ایسے بیج بونے کی کوشش کر رہی ہے جس سے سماج میں نفرت بڑھے۔ لیکن مجھے یقین ہے کہ دہلی کی عوام ان کے جھانسے میں آنے والی نہیں ہے۔ بی جے پی اور عآپ عوام سے کیے وعدوں پر کھرے نہیں اترے، اب کانگریس پارٹی بی جے پی کے نفرتی منصوبے کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ یاترا کے دوران نوجوانوں سے بات چیت کے بعد دیویندر یادو نے کہا کہ نوجوان طبقہ بے روزگاری سے پریشان ہے، خواتین سے بات ہوتی ہے تو وہ مہنگائی کا تذکرہ کرتی ہیں، گھریلو بجٹ تہس نہس ہو گیا ہے، نظامِ قانون بھی بدتر ہے، ہر طبقہ اس وقت پریشان ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ عوام طویل مدت سے بی جے پی اور عآپ کی ناانصافی برداشت کر رہی ہے اور اب ’ہاتھ‘ ان حالات کو بدلے گا۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined