نئی دہلی: قومی راجدھانی دہلی فضائی آلودگی کے محاذ پر ایک مرتبہ پھر ناکام نظر آ رہا ہے اور اسے دنیا کا دوسرا آلودہ ترین شہر قرار دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ چند دنوں میں دہلی کی ہوا کے معیار (اے کیو آئی) میں بہتری ریکارڈ کی گئی۔ اتنا ہی نہیں 13 فروری کو ریکارڈ کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق طویل عرصے کے بعد دہلی دنیا کے 10 آلودہ ترین شہروں کی فہرست سے بھی باہر ہو گیا تھا۔ جس کے لیے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے دہلی کے لوگوں کی مسلسل کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے ان کی پیٹھ تھپتھپائی تھی۔ لیکن اس کے دو دن کے اندر ہی دہلی ایک بار پھر دنیا کے 10 آلودہ ترین شہروں میں شامل ہو گیا ہے۔
Published: undefined
تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق دہلی کی ہوا مسلسل خراب ہوتی جا رہی ہے۔ جمعرات کی شام 6 بجے راجدھانی دہلی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر پہنچ گیا۔ اس فہرست میں دہلی کے بعد کولکاتا اور ممبئی موجود ہیں۔ 13 فروری کو دہلی ٹاپ 10 آلودہ شہروں کی فہرست سے باہر تھا اور اس کی وجہ جنوری کے آخری دنوں میں ہونے والی بارشیں تھیں۔ بارش کے بعد فروری کی تیز ہواؤں کے دوران بھی راجدھانی میں آلودگی کی شدت کم رہی لیکن اب ایک بار پھر دہلی میں آلودگی میں اضافہ ہو گیا ہے۔
Published: undefined
گرین پیس کے اویناش چنچل کے مطابق 29 جنوری کو بوندا باندی ہوئی جو 30 جنوری تک جاری رہی۔ اس کے بعد 12 سے 14 فروری تک تیز ہوائیں چلیں۔ بارش اور اس کے بعد چلنے والی تیز ہواؤں نے آلودگی میں کافی حد تک کمی کی۔ اس وجہ سے ان دنوں راجدھانی دہلی دنیا کے بہت سے شہروں سے صاف تھی۔
Published: undefined
سینٹر فار ریسرچ آن انرجی اینڈ کلین ایئر (سی آر ای اے) کے تجزیہ کار سنیل دہیا نے بتایا کہ بارش اور تیز ہوائیں راجدھانی دہلی کی آلودگی کو کم کرتی ہیں۔ اسی وجہ سے مانسون کے دوران دہلی سب سے کم آلودہ ہوتا ہے۔ سردیوں میں بارش کم ہوتی ہے۔ اس بار بارش صرف ایک بار ہوئی لیکن ہواؤں نے اس کمی کو پورا کر دیا۔ پورے موسم میں ہوائیں چلتی رہیں۔ دہلی میں آلودگی سے نمٹنے کے لیے کام کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے اس میں کمی آرہی ہے لیکن پھر بھی آلودگی طے شدہ معیار سے زیادہ ہے، جس پر کام کرنا ضروری ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز