قومی خبریں

دہلی حکومت کا دعویٰ، ’گزشتہ سالوں کے مقابلے میں اس بار آلودگی کم، وِنٹر ایکشن پلان کارگر ثابت‘

دہلی حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ اس بار گزشتہ سالوں کے مقابلے میں آلودگی میں کمی آئی ہے اور ’اے کیو آئی‘ سنگین حالت سے باہر ہے۔ وزیر ماحولیات گوپال رائے نے وِنٹر ایکشن پلان کو اس کی وجہ قرار دیا

گوپال رائے، تصویر ٹوئٹر @AapKaGopalRai
گوپال رائے، تصویر ٹوئٹر @AapKaGopalRai 

نئی دہلی: دہلی حکومت نے کہا ہے کہ اس سال آلودگی کی سطح گزشتہ سالوں کی نسبت کم ہے اور ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) سنگین سطح سے باہر ہے۔ دہلی کے وزیر ماحولیات گوپال رائے کے مطابق، اس سال وِنٹر ایکشن پلان کے بروقت نفاذ کی بدولت دہلی میں آلودگی کی سنگینی سے بچا جا سکا ہے۔

Published: undefined

گوپال رائے نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اگر دہلی اور شمالی ہندوستان میں گزشتہ برسوں کی آلودگی کی سطح کا موازنہ کیا جائے، تو یکم نومبر سے 15 نومبر کے دوران دہلی کا اے کیو آئی 400 سے اوپر چلا جاتا تھا لیکن اس سال اب تک دہلی کا اے کیو آئی سنگین کیٹیگری میں نہیں آیا۔

انہوں نے اس کمی کے پیچھے تین اہم وجوہات بتائیں۔ پہلی وجہ دہلی کے اندر وِنٹر ایکشن پلان کے تحت کیے جانے والے اقدامات ہیں، جن میں دھول کی آلودگی کو کم کرنا، گاڑیوں سے آلودگی میں کمی، آگ جلانے کی روک تھام اور مختلف مقامات پر پانی چھڑکنا شامل ہیں۔ ان اقدامات سے آلودگی میں واضح کمی آئی ہے۔

Published: undefined

دوسری وجہ پارالی جلانے کی شرح میں کمی ہے، جس کی بدولت اس سال آلودگی کی سطح میں واضح فرق محسوس ہو رہا ہے۔ گزشتہ برسوں میں دیوالی کے دوران دھواں اور سرد ہوا کی کمی کے سبب دہلی کا اے کیو آئی سنگین سطح پر پہنچ جاتا تھا، مگر اس سال ایسا نہیں ہوا۔

تیسری وجہ گوپال رائے کے مطابق اس سال ابھی تک سردی کی شدت کم رہی ہے اور درمیان میں ہلکی ہوائیں چل رہی ہیں، جس سے آلودگی کی سطح میں کمی آئی ہے۔ گزشتہ سالوں میں یکم نومبر کے بعد سرد موسم شروع ہوتا تھا، جس کے نتیجے میں دھند کی شدت بڑھ جاتی تھی اور دیگر عوامل جیسے دیوالی کے پٹاخے اور دیگر ریاستوں میں جلنے والی پرالی کا دھواں دہلی کی ہوا میں شامل ہو جاتا تھا، جس سے آلودگی کا لیول خطرناک حد تک پہنچ جاتا تھا۔

Published: undefined

گوپال رائے نے مزید بتایا کہ اس سال دہلی میں ’اینٹی ڈسٹ‘ مہم کے تحت تمام تعمیراتی مقامات کی نگرانی کی جا رہی ہے اور سڑکوں پر اڑنے والی دھول کو روکنے کے لیے 200 سے زائد ’اینٹی اسموک گن‘ نصب کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ اینٹی اوپن برننگ مہم شروع کی گئی ہے، جس میں رہائشی تنظیموں (آر ڈبلیو اے) کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ رات کے اوقات میں اگر کہیں کھلی جگہ پر آگ جلتی دیکھیں تو اس پر روک لگائیں اور وہاں ہیٹر فراہم کریں۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined