قومی خبریں

انتخابی افسران نے شاہین باغ کا لیا جائزہ، پرامن ووٹنگ کو لے کر مطمئن

شاہین باغ میں سڑک پر مظاہرہ کر رہی خواتین و دیگر لوگوں نے انتخابی افسران اور دہلی پولس کو یقین دلایا ہے کہ 8 فروری کو ووٹنگ کے دن ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

آئندہ 8 فروری کو دہلی میں اسمبلی انتخاب ہونا ہے، لیکن جگہ جگہ شہریت قانون کے خلاف ہو رہے مظاہرے کی وجہ سے الیکشن کمیشن متفکر ہے۔ شہریت قانون مخالف مظاہرے کی علامت بن چکے ’شاہین باغ مظاہرہ‘ کو لے کر کئی بار یہ خدشات ظاہر کیے گئے کہ اس صورت میں رائے دہندگان ووٹنگ میں دقت آ سکتی ہے، یا پھر انتخابی افسران کو پولنگ بوتھ پر سامان لے جانے میں پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ان سبھی خدشات کو دیکھتے ہوئے آج الیکشن کمیشن کے افسران نے دہلی پولس کے ساتھ شاہین باغ کا دورہ کیا اور پورے حالات کا بغور جائزہ لیا۔ جائزہ لینے کے بعد الیکشن کمیشن افسران نے میڈیا کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے واضح لفظوں میں حالات کو اطمینان بخش قرار دیا۔

Published: 31 Jan 2020, 6:11 PM IST

دہلی چیف الیکٹورل افسر رنبیر سنگھ نے میڈیا سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وہ شاہین باغ ووٹنگ سے متعلق انتظامات کو دیکھنے پہنچے تھے اور یہاں کی پانچوں بوتھوں پر رائے دہندگان کو پہنچنے میں کسی بھی طرح کی رکاوٹ نہیں ہے۔ ساتھ ہی رنبیر سنگھ نے عوام سے اپیل کی کہ سبھی اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے کے لیے ووٹنگ مراکز پر پہنچیں۔ رنبیر سنگھ نے یہ بھی واضح کیا کہ جو 5 ووٹنگ مراکز شاہین باغ میں ہیں وہاں سڑک پر کوئی رخنہ اندازی نہیں ہے۔

Published: 31 Jan 2020, 6:11 PM IST

اسپیشل کمشنر (خفیہ) پروریر رنجن نے بھی شاہین باغ کے حالات سے متعلق میڈیا کے سامنے بیان دیا۔ انھوں نے کہا کہ اس علاقے میں بغیر رکاوٹ الیکشن یقینی کرنے کے لیے اعلیٰ سطح پر جائزہ لیا گیا۔ انھوں نے بتایا کہ چیف الیکٹورل افسر اور انتخابی کمیشن نے حالات کا بغور جائزہ لیا۔ انتخابی افسران کے پولنگ بوتھ تک پہنچنے اور سامان کو وہاں تک پہنچانے کے لیے متبادل راستوں کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ افسران نے بتایا کہ امن برقرار رکھنے اور ووٹنگ کے لیے سازگار ماحول یقینی بنانے کے مقصد سے مظاہرین کے ساتھ بھی بات چیت کی گئی ہے۔ سڑک پر مظاہرہ کر رہی خواتین و دیگر لوگوں نے پولس کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

Published: 31 Jan 2020, 6:11 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 31 Jan 2020, 6:11 PM IST