قومی خبریں

درگا پنڈال میں دیوی کی مورتی چھونے والے دلت کا پیٹ پیٹ کر قتل، ایف آئی آر میں بتائی گئی کچھ اور وجہ

جگروپ کے گھر والوں کا کہنا ہے کہ پولیس کے دباؤ میں انھوں نے ایف آئی آر میں بائک والی بات لکھوائی ہے، حقیقت میں اسے مورتی چھونے کی وجہ سے پیٹا گیا تھا۔

علامتی، تصویر آئی اے این ایس
علامتی، تصویر آئی اے این ایس 

اتر پردیش کے پرتاپ گڑھ میں ایک درگا پنڈال کے اندر جگروپ نامی دلت شخص کا پیٹ پیٹ کر قتل کیے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ الزام ہے کہ جگروپ کو صرف اس لیے پیٹ پیٹ کر مار ڈالا گیا کیونکہ اس نے ماتا جی کو چھو لیا تھا۔ حالانکہ پولیس نے جو ایف آئی آر لکھی ہے اس میں قتل کی وجہ بہن کو چھوڑنے کے لیے بائک نہ دینا بتائی گئی ہے۔ جگروپ کے گھر والوں کا اس معاملے میں کہنا ہے کہ پولیس کے دباؤ میں انھوں نے ایف آئی آر میں بائک والی بات لکھوائی ہے، حقیقت میں اسے مورتی چھونے کی وجہ سے پیٹا گیا تھا۔

Published: undefined

یہ واقعہ 30 ستمبر کا ہے جس سے متعلق سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گیا ہے۔ ویڈیو میں صاف دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص کو بری طرح پیٹا جا رہا ہے۔ یہ درگا پنڈال دلت بستی اڑیاڈیہہ میں لگایا گیا ہے جہاں جگروپ 30 ستمبر کو گیا تھا۔ شیوپرساد نے بتایا کہ وہاں اس بات پر ہنگامہ ہو گیا کہ میرے سسر جگروپ دلت ہیں، تو انھوں نے ماتا کا پیر کیسے چھو لیا۔ وہاں موقع پر موجود کلدیپ، سندیپ اور منا پال نے ان کو ہاتھوں، لاتوں اور ڈنڈوں سے خوب پیٹا۔ اس کے بعد نیم مردہ حالت میں انھیں گھر پر چھوڑ دیا۔ اس وقت گھر میں کوئی نہیں تھا۔

Published: undefined

شیوپرساد کا کہنا ہے کہ ’’یکم اکتوبر کو میں آیا تو اس کی خراب حالت دیکھ کر گاؤں کے بنگالی ڈاکٹر کو بلایا۔ ڈاکٹر نے انھیں دیکھ کر دوا دی اور انجیکشن لگایا۔ 2 اکتوبر کو اس کی موت ہو گئی۔‘‘ سسر کی موت ہونے کے بعد شیوپرساد و دیگر لوگوں نے پولیس میں شکایت درج کرائی۔

Published: undefined

اس معاملے میں ایڈیشنل ایس پی پرتاپ گڑھ ودیاساگر مشرا کا کہنا ہے کہ رام پورے گلال میں پنکج دوبے اور رام شرومنی مشرا کے گھر پر لگے پنڈال کو جگروپ دیکھنے گئے تھے۔ وہاں پہلے سے موجود کلدیپ اور سندیپ کے ذریعہ کہا گیا کہ انھیں بائک سے چھوڑ دو۔ جگروپ نے منع کیا تو اس سے مار پیٹ کی گئی۔ علاج کے دوران اس کی موت ہو گئی۔ ملزم فرار ہے جسے پکڑنے کی کوشش ہو رہی ہے۔ ساتھ ہی ودیاساگر مشرا نے سوشل میڈیا پر چل رہی ایسی خبروں کو جھوٹ پر مبنی قرار دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ درگا کی مورتی چھونے پر جگروپ کی پٹائی کی گئی۔

Published: undefined

بہرحال، جگروپ کے اہل خانہ نے انصاف ملنے تک اس کی آخری رسومات ادا کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ گھر والوں کا مطالبہ ہے کہ آخری رسومات تبھی ادا کی جائیں گی جب ان کے مطالبات مان لیے جائیں گے۔ حالانکہ انتظامیہ کے سمجھانے کے بعد گھر والے آخری رسومات کے لیے رضامند ہو گئے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق انتظامیہ نے کچھ زمین اور 5 لاکھ روپے معاوضہ دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined