گجرات میں یکم دسمبر اور 5 دسمبر کو دو مراحل میں اسمبلی انتخاب کی تاریخ مقرر ہے۔ سبھی پارٹیوں نے اپنی طرف سے کوئی کسر نہیں چھوڑ رکھی ہے، اور اپنے امیدواروں کی جیت کے لیے پورا زور لگا دیا ہے۔ اس درمیان ایک ایسی خبر سامنے آ رہی ہے جو بی جے پی کے لیے فکر انگیز ہے۔ دراصل کرکٹر رویندر جڈیجہ کی بیوی ریوابا جڈیجہ جام نگر شمال سیٹ سے بی جے پی امیدوار کے طور پر کھڑی ہوئی ہیں۔ اب دقت یہ پیش آ رہی ہے کہ رویندر جڈیجہ کے والد یعنی ریوابا جڈیجہ کے سسر ہی ان کے خلاف ووٹ مانگتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔
Published: undefined
معاملہ کچھ یوں ہے کہ رویندر جڈیجہ کے والد انیرودھ سنگھ جڈیجہ کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے۔ اس میں وہ گجرات کی جام نگر شمال سیٹ سے کانگریس امیدوار کے لیے ووٹ مانگتے نظر آ رہے ہیں۔ انیرودھ سنگھ جڈیجہ کی یہ اپیل سبھی کے لیے حیرت انگیز ہے۔ یہ دیکھ کر بی جے پی کارکنان فکر میں مبتلا دکھائی دے رہے ہیں کہ آخر ریوابا جڈیجہ کے سسر اس کے خلاف ہی کیوں تشہیر کر رہے ہیں۔
Published: undefined
انیرودھ سنگھ جڈیجہ کی ویڈیو یوتھ کانگریس کے ذریعہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پر شیئر کی گئی ہے۔ اس ویڈیو کے ساتھ لکھا گیا ہے ’’گجرات میں رویندر جڈیجہ کے والد نے اپنی بی جے پی امیدوار بہو کے خلاف فیلڈنگ ٹائٹ کر دی ہے! انھوں نے لوگوں سے کانگریس امیدوار کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ہے۔‘‘ ویڈیو میں انیرود جڈیجہ اپیل کرتے ہوئے سنے جا سکتے ہیں کہ ’’میں انیرودھ سنگھ جڈیجہ کانگریس امیدوار بھوپیندر سنگھ جڈیجہ کو ووٹ دینے کی اپیل کر رہا ہوں۔ وہ میرے چھوٹے بھائی کی طرح ہیں۔ میں خصوصی طور سے راجپوت ووٹروں سے بھوپیندر سنگھ کو ووٹ دینے کی اپیل کرتا ہوں۔‘‘
Published: undefined
قابل ذکر ہے کہ کرکٹر رویندر سنگھ جڈیجہ جام نگر شہر میں اپنی بیوی کے لیے انتخابی تشہیر میں مصروف ہیں اور وہ جام نگر اور دیوبھومی دوارکا ضلع میں بھی بی جے پی امیدواروں کے لیے تشہیر کر رہے ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ اسی سیٹ پر رویندر جڈیجہ کی بہن نینابا جڈیجہ جارحانہ طریقے سے کانگریس امیدوار کے لیے انتخابی تشہیر کر رہی ہیں اور اپنی بھابھی پر حملے کرنے سے بھی نہیں جھجک رہی ہیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز