درگ (چھتیس گڑھ) :گائے کے نام پر سیاست کی روٹیاں سینکنے والے اور اسی کے نام پر موب لنچنگ کرنے والے اندر سے کتنے سیاہ اور بے رحم ہو چکے ہیں اس کی ایک اور مثال چھتیس گڑھ سے سامنےآئی ہے۔ یہاں کے درگ شہر میں بی جے پی کے ایک رہنما ہریش ورما کی گوشالا ہے جس میں گزشتہ تین روز میں 27گایوں کی موت ہو چکی ہے ویسے بتا یا جا رہا ہے کہ حال ہی کے دنوں میں 200 گایوں کی اموات ہو چکی ہیں۔ ذرائع کے مطابق کچھ روز قبل بارش کی وجہ سے اس گو شالا کی دیوار گر گئی تھی اور اس کے بعد کسی نے بھی دھیان نہیں دیا ۔ اس معاملے میں ہریش پر سنگین الزامات لگے ہیں اور پولیس نے اسے گرفتار بھی کر لیا ہے۔ گایوں کی اموات کی وجہ غذا کی کمی اور بھوک مانی جا رہی ہے۔ادھر کانگریس کے رہنما آر پی این سنگھ نے اس سارے معاملے کی جانچ کا مطالبہ کیا ہے ۔
ملزم ہریش ورما چھتیس گڑھ کی جمول نگر پنچایت علاقے میں بی جے پی کا نائب صدر ہے۔ جمعہ کے روز اسے پولیس نے غداری اور لاپرواہی کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ واضح رہے کہ جس گوشالا میں 200 گایوں نے تڑپ تڑپ کر دم توڑا اس کے مین گیٹ پر بی جے پی کا انتخابی نشان ’کنول ‘بنا ہوا ہے ۔رپورٹ کے مطابق یہاں کی گائیں بے حد کمزور ہیں اور ان کی پسلیاں صاف دکھائی دے رہی ہیں ۔گزشتہ ہفتے موت کی شکار ہوئیں گایوں کے باقیات بھی ابھی تک یہیں پڑے ہیں۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق مقامی باشندگان اور افسران گایوں کی اموات کے لئے ہریش ورما کو ذمہ دار ٹھہراتے ہیں۔ وہیں ہریش ورما کا دعویٰ ہے کہ اس کی پارٹی (بی جے پی )نے اس گوشالا کو چلانے کے لئے ضروری سالانہ فنڈ فراہم نہیں کیا۔
وہیں ایک ہندی اخبار کی رپورٹ کے مطابق بی جے پی رہنما ہریش پر مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ وہ گایوں کی اسمگلنگ کرنے اور گایوں کی ہڈیوں کو ٹے لکم (پاؤڈر) کمپنی کو فروخت کرتا ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined