قومی خبریں

شاہین باغ کی خواتین کو اپنی تحریک فی الحال ملتوی کر دینی چاہیے: احمد سعید ملیح آبادی

احمد سعید ملیح آبادی نے خواتین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ فی الوقت دھرنے و مظاہرے میں اپنی جان کو خطرے میں نہ ڈالیں اور ماحول صحت مند ہونے پر اپنی تحریک دوبارہ نئے عزم اور حوصلے سے شروع کریں۔

شاہین باغ مظاہرہ کا منظر / تصویر بشکریہ ہمانی سنگھ
شاہین باغ مظاہرہ کا منظر / تصویر بشکریہ ہمانی سنگھ 

نئی دہلی: معمر صحافی اور موقر روزنامہ آزاد ہند کے سابق ایڈیٹر احمدسعیدملیح آبادی نے شہریت کے حق اور دستور ہند کے تحفظ کے لئے شاہین باغ میں خواتین کی تحریک کو ، جس میں ہر مذہب و ملت کی خواتین نے حصہ لیا ، کورونا کی وبا کے پیش نظر فی الحال ملتوی کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ راجیہ سبھا کے سابق ممبر احمدسعید ملیح آبادی نے کہا ہے کہ کورونا کی وبا سے ایسے حالات اور خطرات پیدا ہوگئے ہیں کہ انسانوں کی جانیں بچانا پہلا فرض ہے۔ ڈاکٹر بھیڑ سے بچنے اور باہر نہ نکلنے کی سختی سے تاکید کررہے ہیں اور اس پر سبھی کو عمل کرنا چاہیے۔

Published: undefined

احمد سعید ملیح آبادی نے کہا کہ 22 مارچ کو پورے ملک میں ’جنتا کرفیو‘ کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ ایسے حالات میں یہ مشورہ دینا ضروری معلوم ہوتا ہے کہ خواتین اپنی تحریک کو فی الحال ملتوی کرکے اپنی اور اپنے اہل خانہ کی حفاظت کی خاطر گھروں کو واپس چلی جائیں۔ احمدسعید ملیح آبادی نے مزید کہا کہ شاہین باغ تحریک، جو تین مہینے سے زیادہ عرصے سے جاری ہے، نہ صرف ملک کے دوسرے حصوں میں بھی پھیل گئی ہے بلکہ اس تاریخ ساز تحریک کی دنیا بھر میں پذیرائی ہوئی ہے اور اس کے اثرات بہت دور تک جائیں گے۔

Published: undefined

احمد سعید ملیح آبادی کا کہنا ہے کہ حالات کی سنگینی کے مدنظر جس طرح جمعہ کی نماز یا دوسری باجماعت نمازوں کو مسجدوں میں ادا نہ کرکے گھروں میں پڑھنے کی صلاح دی گئی ہے، اسی طرح خواتین کو بھی یہ ہی صلاح ہے کہ وہ فی الوقت دھرنے اور مظاہرے میں اپنی جان کو خطرے میں نہ ڈالیں۔ ماحول صحت مند ہونے پر اپنی تحریک دوبارہ نئے عزم اور حوصلے سے شروع کرسکیں گی۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined