پورے ہندوستان میں لاک ڈاؤن کا اعلان بھلے ہی 24 مارچ کی شب 12 بجے سے کیا گیا ہو، لیکن کئی ریاستوں میں پہلے سے ہی لاک ڈاؤن کیا جا چکا تھا اور کئی ریاستوں میں تو کرفیو بھی نافذ تھا۔ اس لاک ڈاؤن اور کرفیو کے باوجود لوگ گھروں سے بلاجھجک نکلتے ہوئے نظر آئے اور حیرانی کی بات یہ ہے کہ وہ بلاسبب ہی گھر سے باہر موٹر سائیکل اور کاروں پر گھومتے نظر آئے۔ یہ حالت دہلی، اتر پردیش، بہار، پنجاب، راجستھان سمیت کئی ریاستوں میں دیکھنے کو ملی۔ جگہ جگہ پولس نے لاٹھی کا استعمال کر انھیں گھر جانے کے لیے مجبور کیا، لیکن کچھ مقامات پر پولس نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کو انتہائی دلچسپ سزا دی جس کی تصویریں سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔ آپ بھی دیکھیں یہ تصویریں اور اس بات کو ممکن بنائیں کہ نہ ہی آپ بلاوجہ لاک ڈاؤن کے دوران گھر سے باہر نکلیں اور نہ ہی آپ کے رشتہ دار و دوست۔
Published: 25 Mar 2020, 7:40 PM IST
وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے دہلی میں لاک ڈاؤن کا اعلان پی ایم مودی کے ذریعہ پورے ہندوستان میں لاک ڈاؤن کے اعلان سے پہلے سے ہی کر رکھا ہے۔ لیکن کئی لوگوں نے اس کو بہت ہلکے میں لیا اور سڑکوں پر موٹر سائیکل و کار کے ساتھ گھومتے ہوئے نظر آئے۔ دہلی پولس نے کچھ مقامات پر ایسے لوگوں کو سزا دینے کا ایک نایاب طریقہ نکالا اور سب کو پکڑ پکڑ کر انھیں ایک پیپر ہاتھ میں پکڑنے کے لیے دیا جس پر لکھا تھا "میں سماج کا دشمن ہوں، میں بنا کام کے باہر گھوموں گا۔" اس پیپر کو پکڑا کر ان کی تصویریں دہلی پولس والوں نے کھینچیں تاکہ دوسرے لوگ اس سے سبق حاصل کر لاک ڈاؤن کے درمیان گھر سے باہر نہ نکلیں۔
Published: 25 Mar 2020, 7:40 PM IST
اتر پردیش کے کانپور کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں دو دوست ایک دوسرے کا کان پکڑ کر اٹھک بیٹھک کر رہے ہیں۔ ساتھ میں کچھ پولس والے کھڑے ہیں۔ یہ دونوں دوست دراصل کانپور کی گلیوں میں مٹر گشتی کر رہے تھے جنھیں پکڑ کر یو پی پولس نے سزا دی اور دونوں دوستوں کو ایک دوسرے کا کان پکڑ کر اٹھک بیٹھک کرنے کی سزا سنائی۔ بعد میں یہ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
Published: 25 Mar 2020, 7:40 PM IST
پی ایم مودی کے رول ماڈل گجرات کی بھی ایک تصویر خوب وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک چوراہے پر موجود ٹریفک سگنل کے پاس ہی کچھ لوگ اٹھک بیٹھک کر رہے ہیں۔ تصویر میں کچھ پولس والے ڈنڈا لے کر کھڑے ہوئے نظر آ رہے ہیں اور وہیں پاس میں ایک موٹر سائیکل کھڑی ہے۔ تصویر سے اندازہ ہوتا ہے کہ اس موٹرسائیکل سے ہی وہ شخص بلاوجہ گھوم رہا ہوگا جب پولس نے انھیں دیکھ لیا اور رکوا کر اٹھک بیٹھک کی سزا سنائی۔
Published: 25 Mar 2020, 7:40 PM IST
جموں کی ایک دلچسپ تصویر سامنے آئی ہے جس میں کچھ لوگ سفید گول دائرے کے اندر بیٹھے ہوئے ہیں۔ ایک نیوز پورٹل پر شائع اس تصویر کے بارے میں لکھا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن کی اپیل کو درکنار کرتے ہوئے کچھ لوگ جموں میں جاری بندشوں کو توڑ کر شہر میں گھوم رہے تھے۔ ان کے خلاف جموں پولس نے سختی دکھائی اور ان سے نمٹنے کے لیے ایک نایاب ترکیب اپنائی۔ پورٹل پر لکھا گیا ہے کہ جموں پولس شہر کے اہم چوک چوراہوں پر ناکہ لگا کر ان لوگوں کی شناخت کر رہی ہے جو بلا ضروری گھر سے باہر نکلے ہوئے ہیں۔ انھیں پکڑ کر چوک پر لایا جاتا ہے جہاں چونے کے گول دائرے بنے ہوئے ہیں۔ ان دائروں میں پکڑے گئے لوگوں کو کافی وقت تک بٹھایا جاتا ہے اور انھیں کورونا وائرس سے بچنے کے لیے ضروری پروٹوکول سمجھایا جاتا ہے۔
Published: 25 Mar 2020, 7:40 PM IST
مزید کچھ تصویریں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سزا دیتی ہوئی پولس کی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں، لیکن وہ کس ریاست کی ہیں، اس سلسلے میں تصدیق کے ساتھ کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ ایک تصویر کافی وائرل ہو رہی ہے جس میں پولس والوں نے کئی لوگوں کو ایک لائن میں بٹھا دیا اور انھیں مرغا بنا دیا ہے۔ تصویر میں ایک طرف کئی ساری موٹر سائیکل کھڑی ہوئی نظر آ رہی ہیں جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ سڑک پر آوارہ گردی کر رہے تھے۔
Published: 25 Mar 2020, 7:40 PM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 25 Mar 2020, 7:40 PM IST