دہلی کی تاریخی جامع مسجد کے نئے شاہی امام کے طور پر سید شعبان بخاری کی شبِ برأت کے موقع پر تاجپوشی کی گئی ہے۔ اس موقع پرجامع مسجد کے احاطے میں منعقدہ ایک باوقار جلسے میں میں ملک و بیرونِ ملک کی اہم شخصیات شریک رہیں۔ سید شعبان بخاری اب جامع مسجد کے 14 ویں شاہی امام ہوں گے۔ واضح رہے کہ سید شعبان بخاری جامع مسجد کے موجودہ (اب سابق) شاہی امام سید احمد بخاری کے فرزند ہیں۔
Published: undefined
شاہی امام کے عہدے پر فائز ہونے سے قبل سید شعبان بخاری نائب شاہی امام کے فرائض ادا کر رہے تھے۔ ان کو شاہی امام کے عہدے پر فائز کرنے سے متعلق ان کے والد سید احمد بخاری نے پہلے سے اعلان کردیا تھا اور اس کے لیے 25 فروری (شبِ برأت) کا دن مقرر کیا گیا تھا۔ تاجپوشی کے لیے منعقدہ اجتماع میں اپنے بیٹے کو شاہی امام کا عہدہ سونپتے اور اپنا جانشین مقرر کرتے ہوئے سید احمد بخاری نے کہا کہ ’’جامع مسجد دہلی کی روایت رہی ہے کہ امام وقت اپنی زندگی میں ہی اپنے بیٹے کو اپنا جانشین مقرر کر دیتا ہے۔‘‘
Published: undefined
سید احمد بخاری نے مزید کہا کہ ’’میں منصبِ امامت کی تقریباً پونے 4 سو سالہ روایت کو برقرار رکھتے ہوئے علما و مفتیانِ کرام، مشائخ، مصلیان و عمائدین شہر کی موجودگی میں اپنے فرزند سید شعبان بخاری کو اپنا جانشین مقرر کر رہا ہوں اور دعا گو ہوں کہ اللہ عز و جل سید شعبان بخاری کو خاندانی روایت کا محافظ بنائے۔‘‘ نئے شاہی امام کی تقریب تاجپوشی میں ملک بھر کے تمام تعلیمی اداروں کے ذمہ داران، تمام مکاتب فکر کے علما کرام، مفتیان ومشائخ عظام شریک ہوئے۔
Published: undefined
دہلی کی جامع مسجد کی طرح اس کے منصب امامت کو بھی تاریخی حیثیت حاصل ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ شہنشاہ شاہ جہاں نے اس مسجد کی تعمیر کے بعد بخارا (اب ازبکستان) کے بادشاہ سے کسی عالم دین کو امامت کے غرض سے بھیجنے کے لیے کہا۔ بخارا کے بادشاہ نے سید عبدالغفور شاہ بخاری کو دہلی بھیجا، 24 مئی 1656 کو انہیں جامع مسجد کی امامت کے منصب پر فائز کیا گیا۔ اس کے بعد شاہجہاں نے انہیں شاہی امام کا خطاب دیا جو آج تک مستعمل ہے۔ اس کے بعد سے جامع مسجد کی امامت کا منصب اسی بخاری خاندان میں ہے۔ موجودہ شاہی امام کے خاندان میں یہ منصب گزشتہ تقریبا پونے چار سو سالوں سے ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined