دنیا میں کورونا وائرس کی وَبا پھیلنے کے بعد سے اب تک میڈیا میں اس کی خبریں سب سے نمایاں انداز یا شہ سرخیوں کے ساتھ شائع کی جارہی ہیں۔ کووِڈ-19 کی وَبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے دنیا کے ملکوں نے اپنے یہاں لاک ڈاؤن کا نفاذ کیا، اپنی بین الاقوامی سرحدیں بند کر دیں اور فضائی کمپنیوں کو اپنی پروازیں بند کرنا پڑی ہیں۔ اس کے علاوہ بھی حکومتوں نے متعدد اقدامات کرتے ہوئے وبا کی روک تھام کے لیے کئی تدابیر اختیار کیں۔ یہ بھی ایک سچائی ہے کہ جنگوں یا وبائی امراض کے بحرانوں کے وقت سازشی نظریات بھی بڑی تیزی سے پھیلتے ہیں۔ کورونا کی وبا کے دوران میں تو سازشی نظریات وائرس ہی کی طرح پھیلتے رہے ہیں اور اب تک پھیلائے جا رہے ہیں۔ سائنسدانوں کے کارنامے کو حکومتیں ہتھیانے کی کوشش کر رہی ہیں جس پر اپوزیشن کے ساتھ ساتھ عوام بھی سخت اعتراض کر رہے ہیں۔
Published: undefined
ہندوستان میں عالمی وبا پھیلنے کے لیے حکومت کو مورد الزام ٹھہرایا جارہا ہے۔ کہا جارہا ہے کہ پڑوسی چین میں وبا کا قہر جاری ہونے کے باوجود ہندوستان کی مودی حکومت سنجیدہ نظر نہیں آئی اور ملک کی سرحدوں کے ساتھ بین الاقوامی پروازوں پر اس وقت روک لگانے کی سوچی جب وبا نے ملک میں کافی حد تک اپنی جگہ بنالی تھی۔ حکومت نے اچانک لاک ڈاؤن کا فرمان جاری کر کے لاکھوں تارکین وطن کو چہار دیواری میں قید کردیا اور جب وبا کے ساتھ ساتھ بھوک اور دیگر امراض سے لوگوں کے مرنے کی خبریں آنے لگیں تب حکومت کی نیند کھلی اور لاک ڈاؤن میں ’نرمی‘ کر کے لوگوں کو گھروں کے باہر سڑکوں پر موت کا نوالہ بننے پر مجبور کر دیا۔ اس دوران سینکڑوں لوگ بے وجہ مارے گئے اور ہزاروں لوگ روزگار سے محروم ہو گئے لیکن حکومت پر اس کا کوئی اثر نہیں ہوا۔
Published: undefined
اب جب کہ کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے کئی ماہ کی میراتھن محنت کے بعد ہمارے سائنسدانوں نے ویکسین بنانے کا دعویٰ کیا ہے، اس پر بھی حکومت اپنی اجارہ داری ثابت کرنے کی کوششوں میں لگ گئی ہے۔ ہندوستان میں ویکسین کا ابھی نام ونشان نہیں ہے مگر حکمرانوں کے وعدے اور دعوے سے ایسا لگ رہا ہے کہ ویکسی نیشن بھی سرکاری راشن ثابت ہوگا، جس سے وقتی طور پرغریبوں کا پیٹ تو بھرجائے گا مگر مستقل طور پر ان کی زندگی خطرے میں پڑجائے گی۔ ان سب کے باوجود حکومت نے ویکسین تقسیم کرنے کے لیے ’اپنی خاص‘ ریاستوں کا انتخاب بھی کرلیا ہے جس پر اپوزیشن نے سخت اعتراض کیا ہے۔ لوگ سوال اٹھا رہے ہیں کہ کیا مرکز کی نریندر مودی زیر قیادت بی جے پی حکومت انہیں ریاستوں کو ویکسین دے گی جہاں اس کی اپنی حکومتیں ہیں؟ اگر ایسا ہے تو کیا غیر بی جے پی حکومت والی ریاستیں ویکسین سے محروم رہ جائیں گی۔
Published: undefined
ایسے وقت میں جب دنیا کے کئی ممالک میں ہزاروں لوگوں کو ویکسین لگائی جاچکی ہے، ہندوستان میں ابھی تک ویکسین کی تیاری ہو رہی ہیں۔ حکومت کی جانب سے پورے ملک میں ’ڈرائی رن‘ چلایا گیا جہاں بد انتظامی کی وجہ سے کئی سوال پیدا ہو گئے ہیں۔ اسی درمیان کئی سیاستدانوں بالخصوص سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے اعلان کیا ہے کہ وہ بی جے پی کی ویکسین نہیں لگوائیں گے۔ اس طرح کے اختلافات کی موجودگی میں کیا ویکسین لانے اور اس سے لوگوں کی جان بچانے میں کامیابی مل سکے گی۔ عوام میں ایسے کئی سوالات گردش کر رہے ہیں مگر ان کا کوئی مداوا ہوتا نظر نہیں آرہا ہے یہی وجہ ہے کہ حکومت کے دعوے اور وعدوں کے درمیان سیاستدانوں کے ساتھ ہی عوام بھی تذبذب کا شکار ہیں۔ حکومت کو پہلے ان حالات پر قابو پانے کی ضرورت ہے بصورت دیگر ممکنہ ویکسی نیشن ایک خواب بن کررہ جائے گا۔
Published: undefined
دنیا میں تقریباً ایک صدی کے بعد صحت عامہ کے سب سے بڑے عالمی بحران کے دوران گزشتہ ایک سال میں منفی اطلاعات اور سازشی نظریات کی تشہیر کی گئی ہے۔ بالخصوص انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جھوٹی خبریں پھیلائی گئیں۔ ان سازشی نظریات میں سے ایک یہ تھا کہ نئے 5 جی وائرلیس براڈ بینڈ سے کورونا وائرس پھیلا تھا اور یہ کہا گیا تھا کہ اس وائرس کو حیاتیاتی ہتھیار کے طور پر دنیا میں پھیلایا گیا تھا۔ دسمبر2019 میں چین کے وسطی شہر ووہان میں کورونا وائرس پھیلنے کے بعد سے اب تک بے شمار سازشی نظریات پھیلے یا پھیلائے۔ کورونا وائرس پھیلنے کی سب سے عجیب وضاحت یہ بیان کی گئی ہے کہ یہ وَبا 5 جی موبائل ٹیکنالوجی کے منظرعام پر آنے کے نتیجے میں پھیلی ہے۔ بعض لوگوں نے دلیل دی تھی کہ کورونا وائرس کو اس لیے تخلیق کیا گیا تھا تاکہ 5 جی ٹیکنالوجی کو متعارف کراتے وقت لوگ اپنے گھروں ہی میں مقیّد رہیں۔
Published: undefined
بعض دوسرے لوگوں کا کہنا ہے کہ 5 جی سے ایسی تابکاری لہریں نکلی تھیں جن سے لوگوں کا مدافعتی نظام کمزور پڑ گیا تھا اور اس طرح وہ وائرس کا آسان ہدف بن گئے تھے جبکہ بعض نظریات دانوں نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ 5 جی ٹیکنالوجی براہِ راست وائرس کو منتقل کرنے کا سبب بنی ہے۔ سازشی نظریات دو واقعات کا باہم ناطہ جوڑتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ان دونوں وقوعات کا آپس میں گہرا تعلق ہے۔ جون ہی 5 جی نیٹ ورکس کو تیزی سے پھیلایا گیا تو عین اسی وقت کورونا وائرس کی وبا بھی پھیلنا شروع ہوگئی تھی۔ یوگوو کیمبرج گلوبل ازم پراجیکٹ کے ذریعہ دنیا کے 25 ممالک میں تقریباً 26 ہزار لوگوں سے کیے گیے سروے میں ہر پانچویں جواب دہندہ کا تعلق ترکی، مصر، نائجیریا اور جنوبی افریقہ سے تھا۔ ان سبھی کا یہی کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی علامات کو 5 جی کے انسانی جسم پر براہ راست اثرات کے سبب مہمیز ملی تھی۔
Published: undefined
اس نظریے کے ردعمل میں ڈبلیو ایچ او کو یہ وضاحت کرنا پڑی تھی کہ کورونا وائرس موبائل نیٹ ورک سے پھیلتا ہے اور نہ ان کے ذریعے سفر کرتا ہے۔ اس نے اس کے ثبوت میں کہا تھا کہ یہ ان ممالک میں بھی پھیلا ہے جہاں سرے سے 5 جی نیٹ ورکس موجود ہی نہیں ہے۔ اس سازشی نظریے کو ان نمایاں شخصیات نے پھیلایا تھا جن کے سوشل میڈیا پر پیرو کاروں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔ اس کے ردعمل میں برطانیہ اور بعض دوسرے ممالک میں سیل فون کے ٹاوروں کو نذرآتش کردیا گیا تھا۔ سازشی نظریات دانوں نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ کورونا وائرس کی وَبا لوگوں کے جسموں میں ویکسین کے ذریعے ایک مائکرو چپ داخل کرنے کے لیے پھیلائی گئی ہے اور جن لوگوں کو ویکسین لگائی جائے گی،ان کے جسموں میں اس طریقے سے ایک مائکرو چپ بھی داخل کر دی جائے گی اوریوں اس کے ذریعے لوگوں کا بآسانی سراغ لگایا جاسکے گا۔
Published: undefined
ایک مفروضہ یہ بھی ہے کہ اس وائرس کا سرے کوئی فطری منبع نہیں ہے۔ آن لائن تھیورسٹوں نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ کووِڈ-19 کو دراصل ایک اعلیٰ سطح کی حیاتیاتی لیبارٹری میں بنایا گیا تھا۔ اس ضمن میں چینی سائنس دانوں پر الزام عاید کیا گیا تھا کہ انھوں ہی نے اس وائرس کو ڈیزائن کیا اور جدید دور کے حیاتیاتی ہتھیار کے طور پر پھیلایا تھا۔ یہ بڑا مہلک اور کارگر ہتھیار ثابت ہوا ہے۔ پیو ریسرچ کے ایک مطالعہ کے مطابق ہر 10 میں سے تین امریکی اس بات میں یقین رکھتے تھے کہ کووِڈ-19 کو حادثاتی یا جان بوجھ کرلیبارٹری میں بنایا گیا تھا۔ مؤخرالذکرمفروضے پر زیادہ یقین کیا جاتا رہا ہے۔ بالخصوص 23 فیصد کے بارے میں یہ یقین کیا جاتا ہے کہ یہ جان بوجھ کر پھیلایا گیا تھا۔ صرف 6 فیصد کا یہ خیال تھا کہ یہ حادثاتی طور پر پھیلا تھا۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز