اتر پردیش کے بعد اتراکھنڈ میں بھی کانگریس نے 15 دنوں کے لیے سبھی بڑی انتخابی ریلیوں کو ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اتراکھنڈ میں کانگریس پارٹی نے قومی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کا انتخابی دورہ بھی رد کر دیا ہے۔ دراصل پارٹی کی طرف سے پرینکا گاندھی 9 جنوری کو گڑھوال اور کماؤں ڈویژن میں ایک ایک جلسہ عام کو خطاب کرنے والی تھیں، لیکن پارٹی نے کورونا وبا کو دیکھتے ہوئے آئندہ 15 دنوں تک ریاست میں سبھی بڑی ریلیوں کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اتراکھنڈ میں کورونا مریضوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے، اس لیے یہ قدم اٹھایا گیا۔
Published: undefined
اتراکھنڈ کے کانگریس ریاستی صدر گنیش گودیال کے مطابق کورونا انفیکشن کے بڑھتے پھیلاؤ کو دیکھتے ہوئے شری نگر (گڑھوال) اور الموڑا میں ہونے والا جلسہ ملتوی کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں کانگریس کے تنظیمی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے آئندہ 15 دن کے لیے میگا ریلی پر فی الحال روک لگا دی ہے۔ اتر پردیش کے بعد اتراکھنڈ میں بھی آئندہ 15 دن تک کانگریس پارٹی کوئی بڑا پروگرام نہیں کرے گی۔ زندگی قیمتی ہے، ہمارے لیے زندگی بہت اہم ہے۔
Published: undefined
دیگر انتخابی ریاستوں کو لے کر انھوں نے کہا کہ انچارج اور ریاستی صدور سے اس سلسلے میں رپورٹ مانگی گئی ہے۔ جیسے ہی ریاستوں کے انچارج اس سلسلے میں اپنی رپورٹ دیں گے، پارٹی آگے کی منصوبہ بندی پر فیصلہ لے گی۔
Published: undefined
واضح رہے کہ اب تک کانگریس کے بڑے لیڈروں میں صرف پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی ہی ہیں جن کی ریلی اتراکھنڈ میں ہو سکی ہے۔ 16 دسمبر کو دہرادون کے پریڈ گراؤنڈ میں راہل گاندھی نے جلسہ عام سے خطاب کیا تھا۔ اس کے بعد پرینکا گاندھی کی 9 جنوری کی ریلی کو 30 دسمبر کو ہلدوانی میں ہوئی بی جے پی کی طرف سے وزیر اعظم نریندر مودی کی ریلی کا جواب مانا جا رہا تھا۔
Published: undefined
اس سے قبل بدھ کو اتر پردیش میں کانگریس پارٹی کی جانب سے چلائی جا رہی ’لڑکی ہوں، لڑ سکتی ہوں‘ مہم کو بھی فی الحال ملتوی کر دیا گیا تھا۔ کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بڑھتے کورونا معاملوں کو دیکھتے ہوئے میراتھن دوڑ روکنے کا فیصلہ لیا۔ کانگریس پارٹی کی میراتھن لکھنؤ، بریلی، کانپور اور نوئیڈا سمیت کئی اضلاع میں مجوزہ تھیں۔ 5 جنوری کو اعظم گڑھ میں، 6 جنوری کو بنارس میں، 7 جنوری کو کانپور، 8 جنوری کو پریاگ راج و نوئیڈا میں میراتھن کا انعقاد کیا جانا تھا اور اتر پردیش کے دیگر اضلاع میں کانگریس کی ’لڑکی ہوں، لڑ سکتی ہوں‘ میراتھن کی تیاریاں کی جا رہی تھیں۔
Published: undefined
دوسری طرف اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی بھی نوئیڈا میں ہونے والی انتخابی ریلی کو کورونا کیس بڑھنے کے سبب رد کر دیا گیا ہے۔ انہی اسباب سے سماجوادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو کی ’وجے رتھ یاترا‘ بھی رد کر دی گئی جو کہ 7، 8 اور 9 جنوری کو اتر پردیش میں ہونے والی تھی۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز